President Biden standing at lectern on stage balcony, flanked by seated people (AP Photo/Patrick Semansky, Pool)
President Joe Biden speaks during the 59th Presidential Inauguration at the U.S. Capitol in Washington, Wednesday, Jan. 20, 2021.(AP Photo/Patrick Semansky, Pool)

صدر بائیڈن کے زیرقیادت امریکہ، بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر دنیا کے مشکل ترین چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے کام کرے گا۔

امریکہ کے چھیالیسویں صدر، بائیڈن نے 20 جنوری کے اپنے افتتاحی خطاب میں تسلیم کیا کہ قوم کو تاریخی چیلنجوں کا سامنا ہے اور انہوں نے “بیقراری، بے باکی، رجائیت پسندی سے عبارت منفرد امریکی انداز سے آگے دیکھنے” پر زور دیا۔

بائیڈن نے ملک کے اندر اتحاد پیدا کرنے اور کووڈ-19 وبا اور موسمیاتی بحران جیسے عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے دوسری اقوام کے ساتھ شراکت داری کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ “امن، ترقی، سلامتی کے لیے ایک مضبوط اور قابل اعتماد شراکت دار” بنے گا۔

تقریر کے بعد بائیڈن نے اِن مسائل سے نمٹنے کی خاطر فوری طور پر کام شروع کر دیا اور پیرس کے موسمیاتی  تبدیلیوں کے معاہدے میں دوبارہ شمولیت اور صحت کے عالمی ادارے کے ساتھ امریکی وابستگی کی تجدید کرنے سمیت کئی ایک اقدامات اٹھائے۔

ذیل میں بائیڈن کے افتتاحی خطاب کی کچھ جھلکیاں پیش کی جا رہی ہیں:-

“اُن کے نام جو ہماری سرحدوں سے باہر ہیں میرا یہ پیغام ہے۔ امریکہ کو آزمایا جا چکا ہے، اور ہم ان [آزمائشوں] سے زیادہ مضبوط  بن کر نکلے ہیں۔ ہم اپنے اتحادوں کو ٹھیک کریں گے اور ایک بار پھر دنیا کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ نہ صرف گزرے ہوئے کل کے چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لیے بلکہ آج کے اور آنے والے کل کے چیلنجوں کے لیے بھی۔ اور ہم اپنی طاقت کی مثال سے قیادت نہیں کریں گے بلکہ ہم اپنی مثال کی طاقت سے قیادت کریں گے۔ ہم امن، ترقی، سلامتی کے لیے ایک مضبوط اور قابل اعتماد شراکت دار بنیں گے۔ “

 اتحادوں کو ٹھیک کرنے کے بارے میں بائیڈن کا بیان

“آج ہم فتح کا جشن منا رہے ہیں، کسی امیدوار کی فتح کا نہیں، بلکہ ایک نصب العین کا، جمہوریت کے نصب العین کا جشن منا رہے ہیں۔”

“تاریخ، عقیدہ، اور استدلال ہمیں ایک خاص راستہ دکھاتے ہیں، یہ خاص راستہ اتحاد ہے۔ ہم ایک دوسرے کو دشمنوں کے طور پر نہیں بلکہ پڑوسیوں کے طور پر دیکھ سکتے ہیں۔ ہم ایک دوسرے کے ساتھ وقار اور احترام کا سلوک کر سکتے ہیں۔”

“ہم امریکہ میں اُن موقعوں پر کبھی نہیں، کبھی بھی نہیں ناکام ہوئے جب ہم نے متحد ہوکر قدم اٹھائے۔”

[خدا کرے] “یہ ایک ایسی کہانی ہو جو ہماری راہنمائی کرے، ایسی کہانی ہو جو ہمیں متاثر کرے، ایسی کہانی ہو جو آنے والے وقتوں کو بتائے کہ ہم نے تاریخ کی آواز پر لبیک کہا، ہم نے درست فیصلے کیے۔ ہماری نگرانی میں جمہوریت اور امید، سچ اور انصاف، مرے نہیں بلکہ پھلے پھولے [اور یہ کہ]  امریکہ نے ملک میں آزادی کو محفوظ بنایا اور ایک بار پھر دنیا کے لیے روشنی کی کرن بن گیا۔ ہمارے آبا و اجداد کا، ایک دوسرے کا، اور آنے والی نسلوں کا ہمارے ذمہ یہی وہ قرض ہے جو واجب الادا ہے۔”

“یہ دلیری کا وقت ہے کیونکہ بہت کچھ کرنا باقی ہے۔”