صدر بائیڈن اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکروں مصافحہ کر رہے ہیں (© Andrew Harnik/AP Images)
صدر بائیڈن اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکروں واشنگٹن میں یکم دسمبر کے سرکاری عشائیے میں جام صحت تجویر کرنے سے پہلے مصافحہ کر رہے ہیں۔ (© Andrew Harnik/AP Images)

یکم دسمبر کو وائٹ ہاؤس میں صدر بائیڈن اور خاتون اول جِل بائیڈن نے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکروں اور اُن کی اہلیہ بریجٹ میکروں کے اعزاز میں ایک سرکاری عشائیے کی میزبانی کی۔ بائیڈن انتظامیہ کا یہ پہلا سرکاری عشائیہ ہے۔

دونوں ممالک مشترکہ ثقافتتی بندھنوں میں بندھے ہوئے ہیں اور ایک جیسے جمہوری اصولوں کی پاسداری کرتے ہیں۔

قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ فرانس نہ صرف امریکہ کا سب سے پرانا اتحادی ہے بلکہ یوکرین کی حمایت کرنے اور بحر ہند و بحرالکاہل کے خطے میں کشیدگی کو دور کرنے جیسے اہم مسائل پر ایک اہم شراکت کار بھی ہے۔

 صدر بائیڈن اور جِل بائیڈن فرانسیسی صدر ایمانوئل میکروں اور ان کی اہلیہ بریجٹ میکروں کے ساتھ تصاویر بنواتے ہوئے (© Patrick Semansky/AP Images)
(© Patrick Semansky/AP Images)

گزشتہ چار برسوں میں میکروں کے اعزاز میں دیا جانے والا یہ دوسرا سرکاری عشائیہ ہے۔  (اس سے قبل اُن کے اعزاز میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2018 میں سرکاری عشائیہ دیا تھا۔)

وائٹ ہاؤس کی ہسٹاریکل ایسوسی ایشن کے مطابق حکومت کے دورے پر آنے والے کسی سربراہ یا بادشاہ کے اعزاز میں دیئے جانے والے ریاستی عشائیے کا “شمار وائٹ ہاؤس کی عالیشان اور مسحورکن تقریبات میں ہوتا ہے۔” مہمانوں کی فہرست میں کابینہ کے اراکین، قانون ساز، سفارت کار اور دیگر اہم شخصیات شامل ہوتی ہیں۔ اس طرح کے عشائیوں میں مدعو کیے جانے کو بڑے اعزاز کی بات سمجھا جاتا ہے۔

 ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑے ایک مرد اور عورت وائٹ ہاؤس میں داخل ہو رہے ہیں (© Susan Walsh/AP Images)
(© Susan Walsh/AP Images)

اوپر تصویر میں ٹی وی ٹاک شو کے میزبان/مزاحیہ اداکار سٹیفن کولبرٹ اور ان کی اہلیہ ایولین میکگی-کولبرٹ کو اُن کی وائٹ ہاؤس میں آمد کے موقع پر دکھایا گیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کو موسم سرما کے تہواروں کی مناسبت سے سجایا گیا ہے جس میں بائیڈن خاندان کے پالتو جانوروں، ‘کمانڈر’ نامی کتے اور ‘وِلو’ نامی بلی کے دائیں طرف دکھائی دینے والے بڑے بڑے مجسمے بھی شامل ہیں۔

 آمنے سامنے بیٹھے دو آدمی ہاتھ ملا رہے ہیں (© Drew Angerer/Getty Images)
(© Drew Angerer/Getty Images)

امریکہ کے ہوم لینڈ سکیورٹی کے وزیر الیخاندرو میورکاس (اوپر، دائیں) سرکاری عشائیے میں ایک مہمان سے ہاتھ ملا رہے ہیں۔ اس عشائیے کا اہتمام وائٹ ہاؤس کے جنوبی لان میں خیموں میں کیا گیا تھا۔

 کھانے کا مینو اور میز پر رکھے ہوئے برتن (© Andrew Harnik/AP Images)
(© Andrew Harnik/AP Images)

عشائیے کا مینو میز پر رکھے برتنوں پر رکھا گیا تھا۔ عشائیے میں ریاست مین کے مکھن والے لابسٹر،  کیویار اور بڑے گوشت کے پارچے اور آرٹیزنل نامی امریکی پنیر شامل تھا جبکہ میٹھے میں ناشپاتی کے ساتھ اورنج شیفان کیک اور تازہ آئس کریم رکھی گئی تھی۔

نیچے تصویر میں دکھائے گئے ریاست لوزیانا کے رہنے والے گریمی ایوارڈ یافتہ موسیقار جان بٹیسٹے نے سرکاری عشائیے میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ اس دوران انہوں نے آر اینڈ بی (ردھم اور بلیوز)، جاز، کلاسیکی اور امریکہ سے جڑی موسیقی کی اپنی فنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ (صدر میکروں اور اُن کی اہلیہ اپنے امریکی دورے کے دوران فرانسیسی ورثے کے حوالے سے جانے جانے والے شہر نیو اورلینز میں بھی رکیں گے۔)

 موسیقار جان بٹیسٹے اپنے فن کا مظاہرہ کر رہے ہیں (© Andrew Harnik/AP Images)
(© Andrew Harnik/AP Images)

صدر میکروں اور اُن کی اہلیہ کے امریکہ کے تین روزہ سرکاری دورے کا آغاز 30 نومبر کو نائب صدر ہیرس کے ہمراہ ناسا کے ہیڈکوارٹر کے دورے سے ہوا۔ اگلے دن اس جوڑے نے اپنے اعزاز میں دیئے جانے والے محکمہ خارجہ کے ایک ظہرانے میں شرکت کی جس کی مشترکہ میزبانی نائب صدر اور وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے کی۔

فرانسیسی صدر 2 دسمبر کو نیواورلینز میں اپنا امریکی دورہ مکمل کر رہے ہیں۔ نیواورلینز میں وہ شہر کے فرنچ کوارٹر کا دورہ کریں گے، لوزیانا کے گورنر کے ساتھ موسمیاتی تبدیلیوں پر تبادلہ خیال کریں گے، ‘نیو اورلینز میوزیم آف آرٹ’ میں فرانسیسی زبان کے پروگراموں کے بارے میں بات کریں گے اور فلم اور موسیقی کی صنعتوں کے نمائندوں کے ہمراہ ایک ضیافت میں شرکت کریں گے جس میں نیوراورلینز کی ثقافت کی نمائش کی جائے گی۔