
جب سرکاری سکول کی ایک سو لڑکیوں کو چھ ماہ کے لیے کاروباری اور قائدانہ صلاحیتوں کی تربیت دی جاتی ہے تو پھر کیا ہوتا ہے؟ برازیل میں محکمہ خارجہ کے زیر اہتمام ایک نئے پروگرام کے مطابق وہ “با اختیار” بن جاتی ہیں۔
برازیل میں امریکی سفارت خانے کے اس پروگرام کو تیار کرنے والوں میں شامل، ٹاڈ میہیرا نے بتایا کہ Power4Girls [پاور فار گرلز] نامی اس پروگرام کا مقصد “برازیلی حکومت کی ثانوی تعلیم کی اصلاحات کی کوششوں کے ساتھ ہماری مسلسل وابستگی کو ظاہر کرنا ہے۔” اس کے علاوہ ہمارا مقصد “اکیسویں صدی کے کام کے ماحولوں کے لیے کاروباری اور تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے خواتین اور لڑکیوں کو بااختیار بنانے میں اپنی مدد کو اور زیادہ مضبوط بنانا ہے۔ ”
برازیل میں امریکی سفارخانے نے پاور فار گرلز پروگرام کا آغاز 2020 برازیلی شراکت کار ادارے ‘ انسٹی ٹیوٹو گلوریا’ کے ساتھ مل کر کیا جو کہ اس پروگرام کو عملی جامہہ پہنانے کا ذمہ دار بھی ہے۔ اس پروگرام کی دوسری قسط اس سال مارچ میں شروع ہوئی اور ستمبر تک جاری رہے گی۔

اس پروگرام میں تخلیقی تعلیمی طریقوں، کاروباری نظامت کاری اور اختراعات کو شامل کیا گیا ہے تاکہ نوجوان اور ابھرتے ہوئے ذہین افراد کی مدد کی جا سکے۔
چھ ماہ کے اس پروگرام میں شخصی اور آن لائن ورکشاپیں اور تربیت دونوں شامل ہیں۔ شخصی پروگراموں میں لڑکیاں کاروباروں کے قائدانہ عہدوں پر فائز خواتین کے ساتھ کام کریں گیں۔ ورچوئل گروپوں میں وہ استاد کوآرڈینیٹروں اور قابل نوجوان سرپرستوں کی مدد سے اپنی کمیونٹیوں کو بہتر بنانے کے لیے نئے تصورات بھی لے کر آئیں گیں۔
اس سال کے پروگرام کا مرکزی خیال ماحولیات اور پائیداری ہے۔ حتمی پراجیکٹ اقوام متحدہ کے 2030 کے پائیدار ترقی کے ایجنڈے کے مقاصد طے کرنے میں مدد کریں گے۔ ماحولیاتی بحران اور دیگر چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کا مذکورہ پروگرام ایک عالمی منصوبہ ہے۔
موجودہ پراجیکٹوں میں مندرجہ ذیل پراجیکٹ شامل ہیں:-
- گریاس نا سینسیا (سائنس میں لڑکیاں): ریو گراندے دو سول نامی ریاست میں پلاسٹک کی صنعت کے پھینک دیئے جانے والے مواد سے مائکرو بائیولوجیکل عمل کے ذریعے پلاسٹک کا متبادل تیار کرنا۔
- کنزرو ٹو پریزرو کے نام سے ایک موبائل ایپ کی تیاری جس سے سیئرا نامی ریاست میں ہوا کے معیار پر نظر رکھی جائے گی۔
- موہیرا دو فیبرا [فائبر وومن]: حرارت کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے ناریل کے استعمال سے مٹی کی ٹائلیں بنائی جائیں گیں جن سے سے گھروں کو گرم رکھنے میں مدد ملے گی۔
میہیرا نے کہا، “ہم خواتین لیڈروں کی اگلی نسل میں نمائندگی، قیادت اور اختراع کو فروغ دینے کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہیں۔ یہ پروگرام لڑکیوں کو آنے والے برسوں میں برازیل کے لیے لیڈر بننے کے لیے قیادت اور کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینے میں مدد کرے گا۔”