برازیل کی کووڈ-19 کے خلاف جنگ میں امریکہ اور بین الاقوامی شراکت داروں کی مدد

ایک عورت دوسری عورت کے بازو میں ویکسین کا ٹیکہ لگا رہی ہے (© Andre Penner/AP Images)
برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو میں ایک عورت کو کووڈ-19 سے محفوظ رکھنے کے لیے فائزر کی ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ (© Andre Penner/AP Images)

امریکہ اور شراکت دار تنظیمیں برازیل کی کووڈ-19 کے خلاف جنگ میں مدد کرنے کے لیے ویکسینوں کی لاکھوں خوراکیں اور دیگر امداد برازیل بھجوا رہی ہیں۔

برازیل کو کووڈ-19 کے انفیکشنوں کی ایک نئی لہر کا سامنا ہے اور حال ہی میں برازیل  اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد  پانچ لاکھ سے تجاوز کرگئی۔ ہسپتالوں میں زندگی بچانے والے طبی سازوسامان کی کمی ہے اور مزید ویکسینوں کی ضرورت ہے۔

امریکی حکومت دواؤں، وینٹی لیٹروں اور ویکسین کی خوراکیں فراہم کرنے کی خاطر بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے تاکہ اس وبا کے پھیلاؤ کی رفتار کو کم کیے جا سکے اور انسانی جانیں بچائی جا سکیں۔

25 جون کو امریکہ نے اعلان کیا کہ امریکہ کی تیار کردہ جانسن اینڈ جانسن کی تین ملین خوراکیں برازیل پہنچا دی گئی ہیں۔ اس ویکسین کا ایک  ہی ٹیکہ لگوانا ہوتا ہے۔ یہ خوراکیں دنیا بھر کے ممالک کو امریکہ کے 580 ملین خوراکیں فراہم کرنے کے وعدے کا حصہ ہیں۔

اس وعدے میں فائزر- بائیو این ٹیک کی 500 ملین خوراکیں خرید کر کم اور نسبتاً کم درمیانی آمدنی  والے ممالک اور معیشتوں کو بطورعطیہ  دینا بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ افریقہ کے آٹھ اضافی ممالک کو بھی ویکسین کی خوراکیں فراہم کی جائیں گیں۔ یہ عطیات گاوی منصوبے کے مطابق کوویکس کے مارکیٹ کے پیشگی وعدوں کے پروگرام  کے تحت دیئے جائیں گیں۔

امریکہ نے کوویکس کے لیے چار ارب ڈالر کا وعدہ بھی کیا ہے۔ دنیا میں کسی بھی ملک کے مقابلے میں امریکہ کی طرف سے دی جانے والی یہ رقم سب سے زیادہ ہے۔

کوویکس پروگرام کے تحت بھی ویکسینیں برازیل بھجوائی جا رہی ہیں۔ پین امریکن ہیلتھ آرگنائزیشن یا پی اے ایچ او (امریکی براعظموں کی صحت کی تنظیم) کے مطابق برازیل میں ویکسین کی مارچ میں ایک ملین جبکہ جون میں 842,400 خوراکیں پہنچائی گئیں۔ آنے والے ہفتوں میں کوویکس کے تحت ایسٹرا زینیکا کی کووڈ-19 ویکسین کی چار ملین مزید خوراکیں برازیل پہنچا دی جائیں گیں۔

امریکی حکومت اور نجی شعبہ دونوں بین الاقوامی تنظیموں اور برازیل میں مقامی حکومتوں کے ساتھ مل کر برازیل کے صحت کے نظام کی مدد کرتے چلے آ رہے ہیں اور یہ کام اس وبا کے پھوٹنے کے بالکل ابتدائی دنوں سے کیا جا رہا ہے۔ اس مدد کے دوران مندرجہ ذیل اقدامات اٹھائے جا چکے ہیں:-

  • امریکی حکومت اور پی اے ایچ او نے مارچ اور جون میں کووڈ-19 کے وینٹی لیٹروں پر ڈالے گئے مریضوں کے لیے سات ملین ڈالر کی مالیت کی ضروری دوائیں فراہم کیں۔
  • امریکی حکومت نے برازیل کی وزارت صحت کو ایک ہزار وینٹی لیٹر فراہم کیے۔
  • اس وبا کے دوران صحت سے متعلقہ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے اور حفظان صحت کی ضروریات پوری کرنے اور کووڈ-19 کے مریضوں کی نگرانی کرنے کے لیے امریکی حکومت نے 19.7 ملین ڈالر کی انسانی امداد فراہم کی۔
  • کووڈ-19 کے دوران چھوٹے کاروباروں کو اپنے کاروبار چلانے میں مدد کرنے کے لیے امریکہ کے نجی شعبے کے پروگراموں کے تحت 75 ملین ڈالر فراہم کیے گئے۔