بلغراد سے واشنگٹن تک

جیلینا میک ولیمز۔ (© Fifth Third Bancorp)

18 سال کی عمر میں کمیونسٹ یوگوسلاویہ سے امریکہ آنے والی مالیاتی قوانین کی ماہر، جیلینا میک ولیمز کو صدر ٹرمپ نے یو ایس فیڈرل ڈیپازٹ انشورنس کارپوریشن [امریکہ کے مالیاتی اداروں میں کھاتہ داروں کی جمع رقومات کی انشورنس کارپوریشن] کا سربراہ نامزد کیا ہے۔ امریکہ کے سرمایہ داری نظام میں یہ عہدہ کلیدی حیثیت کا حامل ہے۔

اگر سینیٹ اُن کی نامزدگی کی توثیق کر دیتی ہے تو میک ولیمز ملک کے بنکوں کی نگرانی کے اہم کردار کی ذمہ داریاں سنبھالیں گی اور وہ یہ کام ایک ایسے وقت پر کریں گی جب صدر ٹرمپ اُن ضوابط کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو مالیاتی صنعت میں 2007 کے مالیاتی بحران اور ایک بہت بڑی کساد بازاری کے نتیجے میں لاگو کیے گئے تھے۔

میک ولیمز گزشتہ دہائی کے دوران ایک لمبے عرصے تک اس موضوع سے متعلقہ مسائل پر کام کر چکی ہیں۔ ابتدا میں انہوں نے فیڈرل ریزرو [مرکزی بنک] کے گورنروں کے بورڈ میں کام کیا اور بعد میں سینیٹ کی بنکنگ کمیٹی کے ریپبلکن اراکین کے ساتھ بحیثیت سینیئر وکیل کام کیا۔

کانگریس میں اُن کے رفقائے کار کہتے ہیں کہ اُن کے ہاں وہ اپنے کام میں ایک مخصوص سوچ لے کر آئیں۔ الاباما سے ریپلکن سینیٹر رچرڈ شیلبی نے جن کے ماتحت انہوں نے سینیٹ کی بنکنگ کمیٹی میں کام کیا،  وال سٹریٹ جرنل کو بتایا، “ہم بہت سی چیزوں کو اپنا حق سمجھتے ہیں جبکہ وہ ایسا نہیں سمجھتیں۔ وہ ایک ایسے ملک میں تھیں جہاں بہت زیادہ زیادتیاں کی جاتی تھیں۔”

جو ملک آج سربیا کہلاتا ہے میک ولیمز وہاں 1973 میں پیدا ہوئیں۔ اُن کا پیدائشی نام جیلینا اوبرینِچ تھا۔ وہ جوزف بروز ٹیٹو کے عہد میں اشتراکیت کے زوال پذیر اور یوگوسلاویہ کے ڈھیلے پڑتے ہوئے وفاق کے اُس دور میں پلی بڑھیں جس کے نتیجے میں 1990 کی دہائی میں بلکان کی جنگوں کا آغاز ہوا۔

1991 میں اُن کے والدین نے انہیں تعلیم حاصل کرنے کے لیے امریکہ بھیجا۔ اُس وقت اُن کی جیب میں 500 ڈالر تھے۔ انہوں نے کیلیفورنیا کی برکلے یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کی۔

ان کے قریبی دوستوں نے میڈیا کو بتایا ہے کہ میک ولیمز کو جزوی سکالرشپ ملتا تھا۔ اپنے تعلیمی اخراجات پورے کرنے کی خاطر انہوں نے وقتاً فوقتاً گھر گھر جا کر چیزیں بیچنے، ایک کنٹری کلب میں میزبان، اور کپڑوں کی ایک دکان میں ایک اہلکار کے طور پر کام کرنے سمیت تین تین کام کیے۔

فیڈرل ڈپازٹ انشورنس کارپوریشن قرض دینے والوں کی نگرانی کرتی ہے اور بنک کے کھاتہ داروں کی بنکوں میں جمع  رقومات کو تحفظ  فراہم کرتی ہے۔ اس کارپوریشن کا شمار بنکوں کے کاروبار کے ضابطے تیار کرنے اور بہت سے چھوٹے اداروں کی نگرانی کرنے والے تین وفاقی اداروں میں ہوتا ہے۔

یہ مضمون فری لانس مصنف، ڈیوڈ سٹوری نے تحریر کیا۔