
امریکہ اور بین الاقوامی شراکت داروں نے بچوں کی حفاظت اور وبائی مرض کے شدید مرحلے کو ختم کرنے میں دوسرے ممالک کی مدد کرنے کے لیے بچوں کو لگائی جانے والی کووڈ-19 ویکسین کی خوراکیں بھیجنا شروع کر دی ہیں۔
وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے 15 جون کو محکمہ خارجہ میں کووڈ-19 کے ایک عالمگیر عملی منصوبے کے سلسلے میں ہونے والے اجلاس میں اعلان کیا کہ امریکہ بچوں کے لیے فائزر-بائیو این ٹیک کی کووڈ-19 ویکسین کی 2.2 ملین خوراکیں نیپال اور اسی ویکسین کی تین لاکھ خوراکیں منگولیا بھیج رہا ہے۔ توقع ہے کہ دنیا کے دیگر ممالک جب چاہیں گے تو اُن کو بھی یہ ویکسین بھیجی جائے گی۔
5 سے 12 سال کے بچوں کو لگائی جانے والی ویکسین کی یہ خوراکیں کوویکس نامی پروگرام کے تحت عطیہ کے طور پر بھجوائی جا رہی ہیں۔ بچوں کے لیے کووڈ-19 کی یہ ویکسین ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب زیادہ سے زیادہ ممالک اس کی منظوری دے رہے ہیں۔ امریکہ کے خوراک اور دوائیوں کے ادارے نے اکتوبر میں 5 سے 11 سال کی عمر کے بچوں اور جون میں 6 ماہ تک کے بچوں کے لیے فائزر ویکسین کی منظوری دی۔ ایشیا، یورپ اور جنوبی امریکہ کے متعدد ممالک نے حال ہی میں 12 سال اور اس سے زیادہ عمر کے بچوں کے لیے کووڈ-19 کی ویکسین لگانے کی اجازت دی ہے۔
نیوزی لینڈ فجی کو بچوں کی کووڈ-19 ویکسین کی 50,000 خوراکیں فراہم کر رہا ہے۔ یہ اقدام بحر الکاہل کے جزیرنما ممالک میں کورونا وائرس کی ویکسینیں لگانے اور ٹیسٹوں میں مدد کرنے کی ایک وسیع تر کوشش کا حصہ ہے۔
30 سے زائد ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں نے 15 جون کو کووڈ-19 کے عالمگیر عملی منصوبے کے اجلاس میں شرکت کی۔ اِن میں ارجنٹینا، فرانس، بھارت، انڈونیشیا، جاپان، جنوبی افریقہ، تھائی لینڈ اور افریقی اور یورپی یونینوں کے نمائندے، اور عالمی ادارہ صحت کے عہدیدار شامل تھے۔
بلنکن نے کہا، “ہم نے آج تک جو پیش رفت کی ہے وہ آپ کی قیادت کی وجہ سے، آپ کی شرکت کی وجہ سے، آپ کی ہم آہنگی اور تعاون کے لیے آپ کی رضامندی کی وجہ سے ممکن ہوئی ہے۔ میرے خیال میں یہ ایک شاندار پیشرفت ہے۔ اب ہمیں یہ [کام] کرتے رہنے کی ضرورت ہے۔”

بلنکن نے مندرجہ ذیل ممالک سمیت متعدد ممالک کے مخصوص اقدامات کی تعریف کی:
- کولمبیا کا وینزویلا کے پناہ گزینوں کو ویکسین لگانے کی کوششوں میں اضافہ کرنا۔
- بھارت کا کووڈ-19 کی ویکسینوں کی پیداوار میں تیزی لانا۔
- جاپان کا یونیسیف کے ساتھ مل کرمنگولیا اور نیپال کے ساتھ ساتھ افریقی ممالک اور بحرالکاہل کے جزیرہ نما ممالک میں کووڈ-19 ویکسین کی خوراکوں کی حفاظت کے لیے کولڈ سٹوریج کا سامان اور دیگر امداد کا فراہم کرنا۔
- آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا بحرالکاہل کے جزیرہ نما ممالک کے لوگوں کو ویکسینیں لگانا۔
امریکہ پہلے ہی 115 سے زائد ممالک کو کووڈ-19 ویکسینوں کی 550 ملین سے زیادہ خوراکیں فراہم کر چکا ہے جو کہ دنیا بھر میں 1.2 ارب خوراکیں عطیہ کرنے کے وعدے کا حصہ ہیں۔
بلنکن نے کہا کہ گو کہ پیشرفت ہوئی ہے مگر ہمیں لوگوں کو ویکسین لگانے، کووڈ-19 وبا کو ختم کرنے اور مستقبل میں صحت کے بحرانوں کو روکنے کے لیے مزید کام کرنا ہوگا۔ شراکت داروں کو ویکسین پر اعتماد کو بہتر بنانے، صحت کی دیکھ بھال کرنے والے طبی عملے کے لیے تعاون بڑھانے اور ویکسین، ٹیسٹنگ اور آلات تک رسائی کو تقویت دینے کے لیے ترسیلی سلسلے کو مضبوط بنانے کی خاطر معلومات کے خلا کو دور کرنا جاری رکھنا چاہیے۔
بلنکن نے ورچوئل اجلاس کو بتایا کہ وبائی مرض نے ہمیں سکھایا ہے کہ “اس وقت، اکیسویں صدی میں صحت کی ہنگامی صورت حالات سے بہت سے ممالک اپنے طور پر نمٹ نہیں سکتے۔ وائرس سرحدوں کے پابند نہیں ہوتے۔ ہم حقیقی معنوں میں اس [معاملے] میں سب اکٹھے ہیں۔”