خاتون اول کے افریقی براعظم کے طول و عرض کے طوفانی دورے کے حالیہ ترین پڑاؤ، کینیا میں ہاتھی کا ایک بچہ نیروبی نیشنل پارک میں میلانیا ٹرمپ سے ملنے کا کچھ زیادہ ہی مشتاق تھا۔
ہاتھی کے اس بچے نے خاتون اول کے ہاتھ میں پکڑی ایک بڑی بوتل سے فارمولا دودھ غٹاغٹ پینے کے بعد زمین پر گِر کر اُن کے کینیا کے دورے کا آغاز کیا جسے خاتون اول نے ہنسی میں ٹال دیا۔ 5 اکتوبرکو انہوں نے ڈیوڈ شیلڈرک وائلڈ لائف ٹرسٹ کے جانوروں کے تحفظ کے مرکز میں ایک بڑے جانور کو پیار سے تھپکایا۔ اس کے بعد انہوں نے کھلی گاڑی میں سفاری پارک کی سیر کی۔
انہوں نے دور بین سے دریائی گھوڑوں، ایک زرافے، ہرنوں اور دوسرے جانوروں کو غور سے دیکھا؛ اپنے فون سے تصویریں بنائیں؛ اور اس جگہ رکیں جہاں پارک کے محافظوں نے 95 میٹرک ٹن ہاتھی دانتوں کو جلایا تاکہ ہاتھی دانت کی غیرقانونی تجارت کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔

بعد ازاں ناچتے گاتے بچوں نے “دا نیسٹ” نامی اپنے گھر میں خاتون اول کو خوش آمدید کہا۔ دا نیسٹ ایسے نوزائیدہ بچوں اور سکول جانے والے بچوں کے لیے قائم کیا گیا ایک مرکز ہے جن کی مائیں جیلوں میں ہیں۔ یہاں پر انہوں نے چھوٹے بچوں کو اٹھایا اور کمبل تقسیم کیے جن پر ” بی بیسٹ ” نامی ااُن کی تحریک کا مشن کڑھا ہوا تھا۔

بچوں کی صحت اور فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ تعلیم اور فطری مظاہر کے تحفظ کو فروغ دینے کے لیے چار ممالک کے دورے کے سلسلے میں یہ اُن کے دورے کا چوتھا دن تھا۔ وہ بین الاقوامی ترقی کے امریکی ادارے کے انسانی ہمدردی کے تحت کیے جانے والے کام کو بھی اجاگر کر رہی ہیں۔
کینیا کی خاتون اول مارگریٹ کنیاٹا کے ہمراہ انہوں نے نیروبی کے نیشنل تھیئٹر میں رقص اور گانوں کا پروگرام دیکھا۔ آخری بار دونوں خواتین اول کی ملاقات 27 اگست کو واشنگٹن میں اس وقت ہوئی تھی جب کینیا کے اول جوڑے نے وائٹ ہاؤس کے لان میں ایک پودا لگایا اور مارگریٹ کنیاٹا نے زچہ و بچہ کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے ” بیونڈ زیرو” نامی اپنے پروگرام کے بارے میں بات کی۔
میلانیا ٹرمپ آنے والے اختتام ہفتہ کو مصر کے دارالحکومت سے اپنے دورے کا اختتام کریں گی۔ اس سے قبل وہ گھانا اور ملاوی کا دورہ کر چکی ہیں۔