بیجنگ میں امریکی سفارت خانہ آرائش نو کرتے ہوئے، اظہار رائے کی آزادی کا ایک جاندار پیغام دے رہا ہے۔

چین میں امریکی سفارت خانے کی بیرونی دیواروں پر ایک نئی نمائش “آرٹ فار دی پیپل” (عوام کے لیے آرٹ) میں، اصل آرٹسٹوں کی شراکت سے امریکی سٹریٹ آرٹ کے 23 مشہور فن پاروں کو دوبارہ بنایا گیا ہے۔ ان کے اسلوب اور موضوعات، امریکہ کے تنوع کی عکاسی کرتے ہیں۔ اِن میں محمد علی اور روتھ بیڈر گنزبرگ جیسے امریکی پہل کاروں کے ساتھ ساتھ آبائی اور ہسپانوی کمیونٹیوں کو اجاگر کرنے والے فن پاروں کو بھی دکھایا گیا ہے۔

عمارتوں کی دیواروں اور شہر کی پارکوں اور عجائب گھروں میں خصوصی نمائشوں کے لیے دیواری مصوری کے رجحان میں امریکہ کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں اضافہ ہو رہا ہے۔ گو کہ عمارتوں پر بے ڈھنگی تصویریں بناکر انہیں خراب کرنا اب بھی ایک غیرقانونی فعل ہے تاہم امریکی شہروں میں گلی کوچوں کے آرٹ کے لیے مخصوص مقامات متعین ہیں۔ زیادہ تر کاروبار، بستیاں، اور مقامی حکومتیں عوام کے لیے کھلے مقامات پر آرٹ تخلیق کرنے کے لیے آرٹسٹوں کی خدمات حاصل کر رہی ہیں۔
یہ آرٹسٹ نظریات شیئر کرنے اور اپنے آپ کا تخلیقی طور پر اظہار کرنے کے لیے، عمارتوں کے مالکان سے اجازت لے کرخالی جگہوں کو رنگ برنگی تصویروں سے بھر دیتے ہیں۔

 "عوام کے لیے آرٹ" کے علامتی نشان کی دیوار پر بنی تصویر (State Dept.)
بیجنگ میں امریکی سفارت خانے کی ایک دیوار پر “عوام کے لیے آرٹ” کا علامتی نشان۔ (State Dept.)

امریکی سفارت خانے کا یہ ایک جدت طراز پراجیکٹ ہے۔ یہ پراجیکٹ تقریر اور اظہار رائے کی آزادی کی امریکی اقدار کے ساتھ ساتھ عوامی سفارت کاری اور چین کے عوام کے ساتھ براہ راست رابطے کے لیے جاری امریکی عزم کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے کہا، “ہم امریکہ اور چین کے درمیان ایک ایسا تعلق چاہتے ہیں جس میں براہ راست، دیانت دارانہ، اور مضبوط  عوامی میل جول کی گنجائش موجود ہو۔ ‘عوام کے لیے آرٹ’ امریکی معاشرے کے تنوع کی نمائندگی کرتا ہے۔ یہ چینی عوام کے ساتھ حقیقی تبادلے کے ساتھ ہماری گہری وابستگی کو بھی متشکل کرتا ہے۔”

چاردیواری سے باہر یہ نمائش عوام کے لیے کھلی ہے اور یہ چھ ماہ تک جاری رہے گی۔ داخلے کی لیے کسی ٹکٹ یا فیس ادا کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ آپ کو سفارت خانے کے گرد چہل قدمی کے لیے صرف آرام دہ جوتوں کے ایک جوڑے کے علاوہ کسی چیز کی ضرورت نہیں۔

 سفارت خانے کی دیوار پر بنی تصویروں کے سامنے سے سائیکلوں اور موٹر سائیکلوں پر گزرتے ہوئے لوگ (State Dept.)
بیجنگ میں امریکی سفارت خانے کی مغربی سمت۔ (State Dept.)