تاریخ اور جنگلی حیات سے بھرپور بائیڈن انتطامیہ کی اعلان کردہ پہلی قومی یادگار

صدر بائیڈن نے اپنے عہد صدارت کی پہلی قومی یادگار یعنی کولوراڈو میں کیمپ ہیل کا اعلان کیا ہے۔ یہ یادگار  21,000 ہیکٹر سے زیادہ رقبے پر پھیلی ہوئی ہے۔ یہ جگہ دوسری عالمی جنگ میں امریکی فوج کے واحد ماؤنٹین انفنٹری ڈویژن [پیدل فوج کے پہاڑی ڈویژن] کی تربیت گاہ تھی۔

بائیڈن نے 12 اکتوبر کو ایک تقریب کے دوران کہا کہ “یہ گراں قدر زمینیں امریکہ کی کہانی بیان کرتی ہیں۔ ہزاروں سالوں سے، قبائی قومیں اس مقدس سرزمین، جانوروں کے شکار، دواؤں کے لیے جڑی بوٹیوں کی تلاش، اور خود زمین کے ساتھ ایک گہرا، روحانی رشتہ برقرار رکھنے کی امین چلی آ  رہی ہیں۔ آج میں ان مقدس قبائلی مقامات کو ایک قومی یادگار کے طور پر محفوظ کرنے کے اعلان عام پر پر دستخط کروں گا۔”

 جو بائیڈن دستاویز پر دستخط کے وقت اپنے ساتھ بیٹھے شخص کو قلم دے رہے ہیں (© RJ Sangosti/MediaNews Group/The Denver Post/Getty Images)
صدر بائیڈن کیمپ ہیل کو ایک نئی قومی یادگار کے طور پر نامزد کرنے کے اعلان پر دستخط کرنے کے بعد دوسری جنگ عظیم میں حصہ لینے والے سابقہ فوجی، فرانسس “بڈ” لویٹ کو ایک قلم دے رہے ہیں۔ (© RJ Sangosti/MediaNews Group/The Denver Post/Getty Images)

 “کیمپ ہیل – کانٹی نینٹل ڈیوائیڈ نیشنل مونومنٹ” کے نام سے قائم کی جانے والی یہ قومی یادگار ماحولیاتی لحاظ سے متنوع زمین پر مشتمل ہے جس میں “ٹرانس” (چھوٹی پہاڑی جھیلیں)، آبشاریں اور الپائن ٹنڈرا شامل ہیں۔ یہ پہاڑی بکریوں، مُوس، بڑے سینگوں والی بھیڑوں اور بہت سی دوسری نسلوں کے علاوہ معدومیت کے خطرات سے دوچار جنگلی بلوں کا بھی مسکن ہے۔

بائیڈن نے کہا کہ “ہم اپنے کھلی زمینوں کی حفاظت کرنے، اپنے تاریخی مقامات کو محفوظ رکھنے، اور موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن [اثرات] سے نمٹنے کے لیے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔”