تبادلے کے دو پروگراموں میں 60 سے زائد ممالک سے شریک ہونے والے 600 فنکار

گرافک جس میں چہرے دکھائے گئے ہیں (Courtesy of OneBeat)
(Courtesy of OneBeat)

امریکی محکمہ خارجہ کے دو پروگراموں کے تحت دنیا بھر کے رقاص، گلوکار اور پرفارمنگ آرٹسٹ اپنی فنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لیے امریکہ آ رہے ہیں۔

محکمہ خارجہ ہر سال امریکی تنظیموں “نیو انگلینڈ فاؤنڈیشن فار دی آرٹس” (این ای ایف اے) اور نیویارک سٹی کی “فاؤنڈ ساؤنڈ نیشن” کے تعاون سے “سنٹر سٹیج” اور “ون بیٹ” نامی پروگراموں کے ذریعے بین الاقوامی آرٹسٹوں کو امریکہ لے کر آتا ہے۔

وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے کہا کہ اس طرح کے ثقافتی تبادلے “سرحدوں کے آرپار بسنے والے لوگوں کے لیے آپس میں جڑنے اور [دنیا کے] ممالک کے درمیان ایک دوسرے کے لیے احترام پیدا کرنے کا ایک طاقتور ذریعہ ہیں۔ مزید برآں یہ [تبادلے]  امریکی خارجہ پالیسی کا ایک لازمی جزو ہیں۔ موسیقار، فلم ساز، آرٹسٹ، مصنفین اور کھلاڑی دنیا کے لوگوں کو اپنا گرویدہ بناتے ہیں۔”

آرٹسٹ ‘سنٹر سٹیج’ پر

سنٹر سٹیج پروگرام کا یہ چھٹا سیزن ہے۔ اس کی میزبانی محکمہ خارجہ کا تعلیمی اور ثقافتی امور کا بیورو کرتا ہے اور  اسے این ای ایف اے ترتیب دیتا ہے۔ سنٹر سٹیج  دنیا بھر کے ممالک کے آرٹسٹوں کو اپنے فن کا مظاہرہ کرنے اور امریکہ کے متنوع طبقات کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کرنے کی دعوت دیتا ہے۔

اس پروگرام کے تحت بیسیوں امریکی کالج، یونیورسٹیاں، میلے، موسیقی کے کلب، آرٹسٹوں کے زیر انتظآم چلنے والی تنظیمیں، اور ثقافتی مراکز 14 مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 200 سے زائد موسیقاروں، تھیٹر گروپوں اور ڈانس کمپنیوں کی میزبانی کر چکے ہیں۔

 چھ تصاویر کا مجموعہ جن میں آرٹسٹوں کو دکھایا گیا ہے (Courtesy of Center Stage)
سنٹر سٹیج پروگرام کے چھٹے سیزن کے شرکاء، بائیں سے دائیں: کیچیٹاز ناؤ!، فیمینا، ایم وی ایف بینڈ، ٹونکشن، ریذیڈنٹ آئی لینڈ ڈانس تھیٹر اور دی ناگش اینسمبل۔ (Courtesy of Center Stage)

اس برس سنٹر سٹیج کے چھٹے سیزن میں ارجنٹینا، آرمینیا اور تائیوان سے تعلق رکھنے والے آرٹسٹوں پر مشتمل  طائفوں کی میزبانی کی جائے گی۔

این ای ایف اے میں سنٹر سٹیج کی سینیئر پروگرام ڈائریکٹر، ایڈریئن پرٹیلو کہتی ہیں کہ “سنٹر سٹیج کا چھٹا سیزن بیرونی قوتوں کا ردعمل دینے، معاشرے کے بارے میں اپنے احساس کی تجدید کرنے، اور ایک مشترکہ اور زیادہ منصفانہ مستقبل کی تعمیر کرنے کے طریقوں کی آگاہی رکھنے والے آرٹسٹوں کو مرکزی حیثیت دیتا ہے۔”

اگلے برس کے ساتویں سیزن کا آغاز جولائی 2023 میں ہوگا اور یہ دسمبر تک چلے گا۔ اس میں ایتھوپیا، فلپائن اور جنوبی افریقہ کے آرٹسٹ حصہ لیں گے۔

ون بیٹ پروگرام میں سُر تال تلاش کرنا

ون بیٹ ٹور اور ریذیڈنسی پروگرام 2022 میں اپنے 10 سال پورے کرنے جا رہا ہے۔ 2012 کے بعد سے اس پروگرام کے تحت اب تک 60 سے زائد ممالک سے تعلق رکھنے والے 400 سے زائد آرٹسٹوں کی میزبانی کی جا چکی ہے۔

ون بیٹ پروگرام کا مقصد پیشہ وارانہ زندگیوں کی ابتدا کرنے والے موسیقاروں کو “باہم مل کر طبع زاد موسیقی لکھنے، تیار کرنے اور اس کا مظاہرہ کرنے کے لیے اور آرٹس پر مبنی شہری اور سماجی میل جول کے لیے حکمت عملیاں تیار کرنا ہے۔” ون بیٹ صلاحیتوں کو فروغ دیتا ہے اور مدد کا ایک ایسا حلقہ فراہم کرتا ہے جو موسیقی کے پیشہ وارانہ مستقبل کو روشن بناتا ہے۔

ڈھولوں کے درمیان کھڑے کولمبیا کے ڈھول بجانے والے آرٹسٹ، جین ڈیل ٹامبو (Courtesy of Center Stage)
2019 میں کولمبیا کے ڈھول بجانے والے آرٹسٹ، جین ڈیل ٹامبو۔ (Courtesy of Center Stage)

کولمبیا سے تعلق رکھنے والے ایوارڈ یافتہ ڈھول بجانے والے آرٹسٹ، جین ڈیل ٹامبو نے 2019 میں ون بیٹ پروگرام میں شرکت کی۔ ٹامبو کہتے ہیں کہ “ون بیٹ پروگرام میں حصہ لینے کے بعد مجھ میں یہ احساس پیدا ہوا کہ میری مدد کی گئی ہے اور میں نے اپنے اندر فن کے حوالے سے بڑھتی ہوئی توقعات محسوس کیں۔ دنیا بھر میں اتنے سارے لوگوں کے ساتھ علم کے اس بین الاقوامی تبادلے نے مجھے ایک انتہائی نادر موقع فراہم کیا۔ میں اپنے ملک اور دنیا میں  سیکھنے، موسیقی تیار کرنے، اور کمیونٹیوں بالخصوص خواتین اور لڑکیوں کے ساتھ مل کر کام کرنا جاری رکھنے کا آرزومند ہوں۔”

17 اکتوبر سے لے کر 7 نومبر تک ون بیٹ کے 25 سابق شرکاء ثقافتی تنظیموں اور آبائی امریکیوں کی کمیونٹیوں سے رابطہ قائم کرنے کے لیے امریکی ریاست  نیو میکسیکو جائیں گے۔ ان کے دورے کا اختتام آدھے دن کے ایک میلے  پر ہوگا۔ اس میلے میں مقامی آرٹسٹوں کے فن پاروں کی نمائش کے علاوہ 5 نومبر کو نیو میکسیکو کے شہر البکرکی میں بیٹ فنکاروں اور خصوصی مہمانوں کی طرف سے پیش کیا جانے والا موسیقی کے پانچ شوز پر مشتمل ایک پروگرام ہوگا۔