لوگ برف میں فوجی ہیلی کاپٹر سے امدادی سامان اتار رہے ہیں (U.S. Army/Specialist William Thompson)
امریکی فوج کے جوان 14 فروری 2023 کو البستان، ترکیے میں امدادی سامان پہنچا رہے ہیں۔ یہ امداد 6 فروری کو آنے والے زلزلوں کے متاثرین کے لیے بین الاقوامی سطح پر وسیع پیمانے پر کی جوانی والیں امدادی کاروائیوں کا حصہ تھی۔ (U.S. Army/Specialist William Thompson)

امریکہ اور بین الاقوامی شراکت دار ترکیے اور شام میں تباہ کن زلزلوں کے متاثرین کی مدد کرنا جاری رکھے ہوئے ہیں۔

امریکی حکومت نے 20 مارچ کو اپنے بین الاقوامی ترقیاتی ادارے (یو ایس ایڈ) کے ذریعے 50 ملین ڈالر کی اضافی انسانی امداد کا اعلان کیا۔ اس اعلان کے بعد حالیہ زلزلوں کے بعد امریکہ کی طرف سے دی جانے والی امداد کی مجموعی رقم 235 ملین ڈالر سے زیادہ ہوگئی ہے۔

اس نئی فنڈنگ سے کھانے پینے کی اشیا، صاف پانی، صفائی ستھرائی، پناہ گاہوں اور گھریلو ضروریات کی اشیا کی فراہمی کا کام جاری رکھا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ 6 فروری کے زلزلوں کے بعد لوگوں کو صدمے سے نکالنے میں مدد کرنے کے لیے نفسیاتی اور سماجی حوالے سے بھی مدد کی جائے گی۔ یاد رہے کہ ان زلزلوں میں  50,000سے زائد افراد ہلاک ہوئے جبکہ کم از کم تیس لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوگئے۔

امریکہ نے اس امداد کا اعلان برسلز میں “ترکیے اور شام کے لوگوں کے لیے یکجا” نامی عطیات دہند گان کی ایک بین الاقوامی کانفرنس میں کیا۔ اس کانفرنس کی مشترکہ میزبانی یورپی کمیشن اور یورپی یونین کی کونسل کی سویڈش پریزیڈنسی نے کی اور اس دوران انسانی امداد کے طور پر 7.5 ارب ڈالر کی رقم اکٹھی ہوئی۔

محکمہ خارجہ کے ترجمان ویدانت پٹیل نے 21 مارچ کو یورپی یونین کی زیر قیادت فنڈ جمع کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ “امریکہ، ترکیے اور شام کے زلزلہ زدگان کی مدد کرنا جاری رکھے گا۔ ہم ضرورت کی اِن گھڑیوں میں اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کی طرف سے دی جانے والی مسلسل امداد کا خیرمقدم کرتے ہیں اور اس کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔”

امریکہ اور اس کے بین الاقوامی شراکت کار کئی طریقوں سے زلزلہ زدگان کی مدد کر رہے ہیں جن میں سے چند ایک کا ذکر ذیل میں کیا جا رہا ہے:-

خیموں کی قطاروں سے گزرتی ہوئی عورت نے سر پر ایک ڈبہ اٹھایا ہوا ہے جس پر "یونیسیف" لکھا ہوا ہے۔ (© Joe English/UNICEF)
(© Joe English/UNICEF)

امریکہ امداد فراہم کرنے کے لیے اقوام متحدہ کے اداروں اور غیر سرکاری تنظیموں سمیت بین الاقوامی اور قومی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرتا ہے۔ اوپر کی تصویر میں یکم مارچ کو شام کے شہر اعزاز میں زلزلوں سے بے گھر ہونے والے خاندانوں کے کیمپ میں سامان پہنچایا جا رہا ہے۔

خیموں کی قطاروں کے درمیان چلتے ہوئے لوگ (U.S. Air Force/Senior Airman Joshua T. Crossman)
(U.S. Air Force/Senior Airman Joshua T. Crossman)

7 مارچ کو ترکیے میں امریکہ کے سفیر، جیفری فلیک نے ترکیے کی وزارت صحت کو امریکی محکمہ دفاع کی طرف سے عطیے کے طور پر فیلڈ ہسپتال کے دیئے جانے کا اعلان کیا۔ ترکیے کی حکومت کی درخواست پر یو ایس ایڈ کے تعاون سے امریکی فوج نے ہاتائے صوبے میں مصطفی کمال یونیورسٹی کی گراؤںڈ میں ہسپتال تعمیرکیا۔

ایک نوجوان خاتون میز کے گرد کھڑے بچوں سے باتیں کر رہی ہے (© Maher Issa/UNICEF)
(© Maher Issa/UNICEF)

یونیسیف ترکیے اور شام میں سکول قائم کر رہی ہے اور زلزلوں سے متاثر ہونے والے بچوں کی مدد کر رہی ہے۔ اوپر کی تصویر میں یونیسیف کی ایک خاتون کارکن 23 فروری کو شام کے شہر لاطاقیہ میں بے گھر ہونے والے خاندانوں کے لیے پناہ گاہ کا کام دینے والے ایک سٹیڈیم میں بچوں کے ساتھ کھیل رہی ہے۔

زلزلہ زدگان کے امدادی سامان کے قریب سے ایک آدمی ڈبہ اٹھائے گزر رہا ہے (© Karam Evi/Karam Foundation)
(© Karam Evi/Karam Foundation)

امریکی شہریوں نے بھی خیراتی اداروں کے ذریعے زلزلوں سے متاثر ہونے والوں کے لیے کئی ملین ڈالر کے عطیات دیئے ہیں۔ اِن اداروں میں انسان دوست ٹرکش فلانتھراپی فنڈز اور بے گھر ہونے والے شامیوں کی مدد کرنے والی شکاگو کی غیرمنفعتی کرم فاؤنڈیشن کے علاوہ  CIDI.org جیسی ویب سائٹیں بھی شامل ہیں۔ اِن عطیات سے جن امدادی تنظیموں کو مدد ملتی ہے ان میں شامی نژاد امریکیوں کی میڈیکل سوسائٹی، ریلیف انٹرنیشنل اور کرم فاؤنڈیشن بھی شامل ہیں۔ اوپر تصویر میں کرم فاؤنڈیشن کی طرف سے ترکیے میں امدادی سامان تقسیم کیا جا رہا ہے۔

ایک عورت ایک آدمی سے ڈبہ لے رہی ہے جس پر "یو ایس ایڈ" لکھا ہوا ہے (© Emrah Özesen/IOM/USAID)
(© Emrah Özesen/IOM/USAID)

امریکہ نے یو ایس ایڈ کے ذریعے اقوام متحدہ کی بین الاقوامی تنظیم برائے مہاجرت کے ساتھ مل کر 1.8 ملین پاؤنڈ وزنی امدادی سامان طیاروں سے پہنچانے کا بندوبست کیا۔ اِس سامان میں کمبل، پناہ گاہیں تیار کرنے والا سامان اور حفظان صحت کی کٹیں شامل تھیں۔ یہ سامان ترکیے اور شام میں آنے والے زلزلوں کے متاثرین تک پہنچایا گیا۔ اوپر کی تصویر میں 19 فروری کو جنوبی ترکیے میں امدادی سامان تقسیم کیا جا رہا ہے۔

ٹرک میں کھڑا ایک آدمی دوسرے آدمی کی طرف ڈبہ پھینک رہا ہے (Courtesy of Islamic Relief USA)
(Courtesy of Islamic Relief USA)

امریکہ کی کاروباری برادری نے زلزلے کے متاثرین کی مدد کرنے والی بین الاقوامی تنظیموں کو 111 ملین ڈالر سے زیادہ دینے کے وعدے کیے ہیں۔ اِن تنظیموں میں اقوام متحدہ کے ادارے، انٹرنیشنل ریڈ کراس اور ہلال احمر تحریک اور اسلامک ریلیف یو ایس اے شامل ہیں۔ اوپر کی 13 فروری کی اِس تصویر میں اسلامک ریلیف یو ایس اے کی طرف سے ترکیے میں امدادی سامان تقسیم کیا جا رہا ہے۔