مائیکل آر پومپیو میز کے پیچھے کرسی پر بیٹھے سٹوڈیو میں کیمرے کے سامنے تقریر کر رہے ہیں (State Dept./Ron Przysucha)
وزیر خارجہ مائیکل آر پومپیو تین سمندروں کی کانفرنس اور ویب فورم میں 19 اکتوبر کو واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ میں تقریر کر رہے ہیں۔ (State Dept./Ron Przysucha)

آمرانہ حکومتوں کے خلاف کھڑے ہوتے ہوئے، امریکہ اور  اس کے شراکت دار ممالک وسطی اور مشرقی یورپ میں آزادی اور  خوشحالی کو مستحکم بنا رہے ہیں۔

19 اکتوبر کو ایستونیا کی میزبانی میں ہونے والی تھری سیز ورچوئل سمٹ اینڈ ویب فورم (تین سمندروں کے رکن ممالک کی ورچوئل کانفرنس اور ویب فورم) سے خطاب میں وزیر خارجہ مائیکل آر پومپیو نے کہا کہ دیرپا توانائی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کا عزم کئی نسلوں تک اقتصادی سلامتی کو متحرک رکھ سکتا ہے۔

پومپیو نے کہا، “یورپ میں ہمارے عوام کی زندگیاں بہتر بنانے کے لیے ہمارے سامنے حقیقی مواقع موجود ہیں۔ ہمیں اُن سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ ہمارے پاس طویل مدت کے لیے زندگی کے معیاروں کو بڑہاتے ہوئے، ترقی کو فوری طور پر شروع کرنے اور نجی سرمایہ کاری کو ترغیب دینے کا ایک موقع ہے۔”

پومپیو نے تین سمندروں کے پروگرام کے 12 یورپی ممالک کو اُن کے توانائی کے منصوبوں پر کامیاب تعاون پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ شفاف، قابل احتساب اور بنیادی ڈہانچے کے دیرپا منصوبے نجی شعبے کے سرمائے کو محفوظ بنانے کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔

انہوں نے ایسے ترقیاتی نمونوں کی سوچ کے تضادات پیش کیے جو ملکوں کو بھاری بھرکم قرضوں کے بوجھ تلے دبا دیتے ہیں اور اُن کی خودمختاری کے لیے خطرہ بن جاتے ہیں۔

پومپیو نے کہا، “اس وقت، جب کہ ہم یہاں بیٹھے ہوئے ہیں، ماسکو اور بیجنگ میں آمر، آزاد عوام میں تزویراتی اور سیاسی عمل دخل حاصل کرنے کے لیے ہاتھوں میں بنیادی ڈھانچوں کے معاہدے اٹھائے پھر رہے ہیں۔”

تین سمندروں کے پروگرام کی بنیاد 2015ء میں رکھی گئی تھی۔ یہ پروگرام بحیرہ بالٹک، بحیرہ ایڈریاٹک اور بحیرہ اسود یعنی تین سمندروں کے ارد گرد واقع وسطی اور مشرقی یورپ کے ممالک کے مابین اقتصادی تعاون بڑہانے کا کام کرتا ہے۔

اس کے رکن ممالک میں آسٹریا، بلغاریہ، کروشیا، جمہوریہ چیک، ایستونیا، ہنگری، لاتھویا، لتھوینیا، پولینڈ، رومانیہ، سلوواکیہ اور سلووینیا  شامل ہیں۔

کانفرنس میں امریکہ نے تین سمندروں کے بنیادی ڈھانچوں کے منصوبوں میں امریکہ کی بین الاقوامی ترقی کی مالی کارپوریشن کے ذریعے ایک ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کرنے کے وعدے کا اعادہ کیا۔ یہ کارپوریشن دنیا بھر کے ممالک میں امریکہ کی نجی سرمایہ کاری لے کر جاتی ہے۔

پومپیو نے کہا، “جیسے آپ آگے بڑھیں گے تو آپ کو علم ہونا چاہیے کہ آپ اکیلے نہیں ہیں۔ امریکہ آپ کے ساتھ ہے۔ ہمارے ملک فائبر آپٹک تاروں یا پائپ لائنوں یا سڑکوں سے بڑھکر اور بہت سی چیزوں سے آپس میں جڑے ہوئے ہیں۔ ہم اپنے یورپی دوستوں کے ساتھ آزادی اور جمہوریت کی اُس مضبوط چٹان پر کھڑے ہیں جو کہ آج اور آنے والے زمانوں میں ہماری دوستی کی بنیاد ہے۔”