ٹوٹو یو ایس اے کے تیار کردہ لائن میں رکھے ہوئے کموڈ۔ ٹوٹو کے امریکہ میں ٹوائلٹ بنانے کے فیصلے سے جاپانی کمپنی کو امریکی انجنیئروں کے ساتھ کام کرنے اور لاگت میں کمی کرنے کا موقع میسر آیا۔ (TOTO USA)

ٹوائلٹ بنانے والی جاپانی کمپنی  ٹوٹو، امریکہ کی آسائشی مصنوعات کی مارکیٹ میں اپنا مقام بنانے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ تاہم اس کی کامیابی کی ایک بڑی وجہ اس کا ماحول دوست ہونا ہے  ـــ  جس میں سب سے پہلی خوبی، پانی کے استعمال میں کفایت شعاری ہے ــــ اور یہی اس کی کامیابی کا ایک اہم حصہ بن گئی ہے۔

امریکہ میں ٹوٹو یو ایس اے کی کاروباری سرگرمیوں کے سربراہ، ولیم سٹرینگ کا کہنا ہے کہ امریکہ میں ٹوائلٹ بنانے کے بارے میں بیس سال قبل جو فیصلہ کیا گیا تھا، اس کے باعث نہ صرف ٹوٹو حقیقی معنوں میں ایک عالمی کمپنی بن چکی ہے، بلکہ اس سے اسے اور بھی کئی طرح کے فوائد حاصل ہوئے ہیں جن میں کمپنی کے اٹلانٹا میں واقع ہیڈکوارٹر کے قریب اعلیٰ ترین یونیورسٹیوں کے انجنیئروں کی مہارتوں سے استفادہ کرنا بھی شامل ہے۔

Bidet and sink in bathroom (TOTO USA)
ٹوٹو نے ریموٹ کنٹرول اور دوسری آرام دہ خصوصیات کے حامل، کم پانی خرچ کرنے والے کموڈوں کو مقبولِ عام کردیا ہے۔ (TOTO USA)

سٹرینگ کا کہنا ہے ــــ محض مصنوعات کی فروخت کے لیے نہیں ـــــ  بلکہ مصنوعات سازی کے لیے یہاں موجود ہونے کی بڑی اہمیت ہے۔ وہ کہتے ہیں، “اس سے ہمیں قیمتوں میں مسابقت کا موقع ملتا ہے۔ وہی چیز بیجنگ میں خریدنے اور پھر اسے امریکہ بھیجنے  کی بجائے، ہم  یہاں امریکہ میں بہتر لاگت سے ٹوائلٹ بنا سکتے ہیں۔”

ٹوٹو کوئی ایک سو سال پرانی کمپنی ہے۔ اس کی “واشلٹ” نامی ٹوائلٹ بہت مشہور ہے، جس میں کموڈ اور ٹنکی کو باہم ملا دیا گیا ہے۔ ٹوٹو کے اس ماحول دوست ٹوائلٹ میں ہر بار فلش کرنے پر صرف 4.8 لیٹر پانی خرچ ہوتا ہے، جبکہ ایک عام ٹوائلٹ میں 6 لیٹر پانی استعمال ہوتا ہے۔

Pile of broken toilet pieces in bin (TOTO USA)
ٹوٹو کمپنی دیرپا افادیت پر انعامات جیت چکی ہے۔ امریکہ کی ریاست جارجیا کے شہر مورو میں اس کے کارخانے میں کوڑے کی صورت میں جمع ہونے والی ساری چینی مٹی کو دوبارہ استعمال میں لا کرٹائیلیں بنائی جاتی ہیں۔ (TOTO USA)

سٹرینگ بتاتے ہیں کہ اٹلانٹا کے ہارٹس فیلڈ ـ جیکسن انٹرنیشنل ائرپورٹ پر کمپنی کے ٹوائلٹ نصب کرنے کے بعد، ہر مہینے 1کروڑ 40 لاکھ لیٹر پانی کی بچت ہو رہی ہے۔

“اگر آپ کو کامیابی کی جستجو ہے، تو آپ کی یہاں موجودگی ضروری ہے۔” یہ الفاظ سٹرینگ کے ہیں جو امریکہ میں بیرونی سرمایہ کاری  کے لیے 2016 کے سلیکٹ یو ایس اے کے سربراہی اجلاس کے پینل میں شامل تھے۔ اس اجلاس کا مقصد بیرونی سرمایہ کاروں کو امریکہ میں سرمایہ لگانے کی ترغیب دینا تھا۔ انہوں نے کہا، “وہ کمپنیاں جو اپنی مصنوعات سمندر پار ملکوں میں بناتی ہیں اور پھر 40 فٹ بڑے کنٹینروں میں یہاں بھیجتی ہیں، وہ اتنی کامیاب نہیں ہوں گی جتنی کہ وہ کمپنیاں جو اپنی مصنوعات اسی ملک میں بناتی ہیں۔”

2017 کی سلیکٹ یو ایس اے سربراہی کانفرنس 18 تا 20 جون، واشنگٹن کے دریائے پوٹامِک کے اُس پار میری لینڈ کے  ایک کنونشن سنٹر میں منعقد ہو رہی ہے۔ یہ کانفرنس سرمایہ کاروں سے میل جول اور کاروباروں کے مالکان کو امریکہ بھر میں اپنے کاروباروں کو پھیلانے کے مواقع تلاش کرنے میں مدد کرے گی۔