جریدے فور چون کے مطابق50 سب سے زیادہ طاقتور عورتیں کون ہیں؟

جریدے فورچون نے حال ہی میں 2016ء  کے لیے  بزنس میں 50 سب سے زیادہ طاقتورعورتوں کی اپنی فہرست شائع کی  ہے۔ اور ہاں، اس میں مشہور شخصیت، بی آنسےکا نام بھی آیا ہے، لیکن اس طرح  نہیں جیسا کہ ممکن ہے آپ سوچتے ہوں۔

سب سے پہلے آئیے اُن 50 عورتوں میں سے چند ایک سے ملتے ہیں، جو سب مل کرایسی کمپنیاں چلا رہی ہیں جن کی مالیت 1کھرب  ڈالر سے کہیں زیادہ ہے۔

میری برّا تقریر کر رہی ہیں۔ (© AP Images)
جنرل موٹرز کی سی ای او ، میری برّا (© AP Images)

جنرل موٹرز کمپنی کی میری برّا اس بار بھی جریدے کی فہرست میں پہلی پوزیشن پر ہیں۔ ان کی نظر اب آپ کے سفر کے لیے ایک نئے طریقے پر ہے۔ کاروں  کی اس بہت بڑی کمپنی نے حال ہی میں سواری فراہم کرنے والی کمپنی  “لِفٹ” کے ساتھ اس مقصد سے شراکت داری کی ہے کہ ڈرائیور کے بغیر چلنے والی کاریں استعمال کرتے ہوئے سواری میں شراکت کا  کاروبار کیا جا سکے۔ کمپنی کی پہلی خاتون سی ای او  نے کمپنیوں میں    صنف کی بنیاد پر اجرتوں میں فرق کا جائزہ لینے کے لیے صدر اوباما کے وائٹ ہاؤس کے وعدے پر بھی دستخط کیے ہیں۔

سوسن وُچسکی فریم شدہ سرٹیفکیٹ پکڑے ہوئے۔ (© AP Images)
یوٹیوب کی سی ای او، وُچسکی (© AP Images)

یو ٹیوب کی سوسن  وُچسکی نےگوگل کی ملکیت کی آن لائن وڈیو سائٹ میں لائیو سٹریمنگ اور ورچوئل ریلئٹی کی وڈیوز کا اضافہ کیا ہے۔ کیا  آپ ’’گوگل ڈوڈل‘‘سے لطف اندوز ہوتے ہیں؟ گو گل کے دلکش اور اکثر متاثر کرنے والے اُس “لوگو” میں بھی وُچسکی کا ہاتھ تھا، جو تعطیلات اور خاص واقعات پر ہماری توجہ مبذول کراتا ہے۔ وہ  والدین کے لیے مع تنخواہ چھٹی  کی بھی زبردست حامی ہیں۔ گو گل کے ملازمین کو بچوں کی دیکھ بھال کے لیے تنخواہ کے ساتھ 18 ہفتوں کی  چھٹی  ملتی ہے۔

اندرا نُوئی مائیکروفون پر بات کر رہی ہیں۔ (© AP Images)
پیپسی کمپنی کی سی ای او اور چیرمین، اندرا نُوئی (© AP Images)

پیپسی کمپنی انک کی اندرا نُوئی  کا سوڈے کی اس دیو قامت کمپنی اور اس کی زیادہ صحت مند مصنوعات کو متعارف کرانےکی قیادت کرتے ہوئے، یہ دسواں سال ہے۔ اگرآپ  گیٹریڈ پیتے ہیں یا باجرے سے تیار کیے گئے گرینولا بار کھاتے ہیں تو آپ پیپسی کمپنی کی ملکیت میں اُن کمپنیوں کی مصنوعات استعمال کر رہے ہوتے ہیں، جنہیں نُوئی نے پیپسی کے لیے حاصل کیا ہے۔ ان کی کمپنی  “ہیلدی ویٹ کمٹمنٹ فاؤنڈیشن” نامی تنظیم کےساتھ بھی سرگرم عمل ہے جس کا مقصد بچپن کے موٹاپے میں کمی لانا ہے۔ نوئی    صنفی مساوات سے متعلق مسائل کے بارے میں بھی سر گرم ہیں۔

ارسلا برنز پوڈیم پر کھڑی ہیں۔ (© AP Images)
زیروکس کی چئیر مین اور سی ای او، ارسلا برنز (© AP Images)

زیروکس کی اُرسلا برنز فورچون 500 کمپنی چلانے والی پہلی افریقی امریکی خاتون ہیں۔ انہوں نے زیروکس کو ایک کاپی بنانے اور پرنٹنگ کی کمپنی سے ٹیکنالوجی اور خدمات کی فراہمی کے ایک بڑے کاروباری ادارے میں تبدیل کیا۔ اوباما نے انہیں اُس صدارتی کونسل برائے برآمدات  کا رکن مقرر کیا ہے جس کی توجہ تجارت پر مرکوز ہوتی ہے۔  وہ ملازمتوں اور مسابقت کے معاملات کے لیے صدرکی مشیر بھی ہیں۔ وہ “چینج دی ایکویشن” نامی اُس تنظیم کو قائم کرنے  میں بھی سرگرم رہی ہیں جس کی بیشتر توجہ سائنس، ٹیکنالوجی، انجنئیرنگ اور ریاضی(STEM) کی تعلیم کوبہتر بنانے پر مرکوز ہے۔

روزا ِلنڈ بریور ہاتھ میں کارڈ پکڑے تقریر کر رہی ہیں۔ (© AP Images)
سیمزکلب کی پریزیڈنٹ اور سی ای او، روزا ِلنڈ بریور (© AP Images)

سیمز کلب کی روزا لِنڈ بریور چار سال سے وال مارٹ سٹور انک کے ویئر ہاؤس کلب ڈویژن کی قیادت کر رہی ہیں۔ گاہک، کلب کی ایپ کے ذریعے کیشیئر کے پاس جائے بغیر ادائیگی کر سکتے  ہیں۔ اس اختراع  کا سہرا بریور کے سر ہے۔ انہوں نے گاہکوں کی طرف سے  آن لائن آرڈر کی جانے والی اشیاء کو سٹوروں سے  اٹھانے کی سہولت بھی رائج کی۔ بریور، رنگ دار جلد کے محنتی نوجوانوں کے مدد کرنے کے لیے صدر اوباما کی  ’میرے بھائی کے نگراں کی مہم،  میں  بھی سرگرم عمل ہیں۔

اور بی آنسے؟  جنہیں ان کی میگا سٹارحیثیت کے باعث “کوئین بی” کہا جاتا ہے، حقیقت میں اس فہرست میں تو شامل نہیں ہیں۔ تاہم انہیں خصوصی بونس کے طور پر نمبر  51 پر رکھا گیا۔ جریدے فورچون نے لکھا کہ ” دکھائی دیتا ہے عورتوں کو با اختیار بنانا، دنیائے موسیقی کی ملکہ کے لیے ایک مستقل مرکزی خیال  ہے۔‘‘

یہی بات یقینی طور پر  اپنے اپنے میدانوں میں مصروف عمل، اس فہرست میں شامل دیگر عورتوں پر بھی صادق آتی ہے۔ ہوسکتا ہے آپ بھی کسی دن ان میں شامل ہو جائیں ؟