جنوبی کوریا کی کمپنی کی امریکہ میں بھاری سرمایہ کاری

4 men standing about to depress buttons on boxes (© Lindsey Janies)
لوٹے کیمیکل یو ایس اے کے نئے پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر بائیں سے دائیں: لوزیانا کے گورنر جان بل ایڈورڈز؛ جنوبی کوریا کے وزیر اعظم لی نک ییون؛ لوٹے گروپ کے چیئرمین شِن ڈونگ بِن، اور جنوبی کوریا میں امریکہ کے سفیر ہیری بی ہیرس۔ (© Lindsey Janies)

صدر ٹرمپ نے جنوبی کوریا کی ایک کارپوریشن کی لوزیانا کے ایک کیمیکل پلانٹ میں 3.1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی تعریف کرتے ہوئے اسے جنوبی کوریا کی کسی کمپنی کی طرف سے امریکہ میں کی جانے والی سب سے بڑی سرمایہ کاری قرار دیا ہے۔

سیئول میں قائم لوٹے گروپ کارپوریشن نے 9 مئی کو ہونے والی ایک تقریب میں لوٹے کیمیکل یو ایس اے کے نام سے لوزیانا کے لیک چارلس کے علاقے میں باضابطہ طور پر اپنے ہیڈ کوارٹر کے افتتاح کیے جانے کی خوشی منائی۔

اس افتتاحی تقریب میں صدر ٹرمپ کی نائب معاون، سلویا مے ڈیوس نے شرکت کی اور صدر کی طرف سے ایک خط پڑھکر سنایا جس میں اس سرمایہ کاری کی تعریف کی گئی ہے۔ سلویا ڈیوس نے کہا، ” امریکہ اسی قسم کی سرمایہ کاریوں کی خوشی منانا چاہتا ہے اور ہم ایسی مزید (سرمایہ کاریاں) دیکھنا چاہتے ہیں۔”

لوٹے کیمیکل یو ایس اے کے چیف ایگزیکٹو، سُون ہیو “سٹیو” چنگ نے کہا کہ اُن کی کمپنی نے لیک چارلس کے علاقے کو اس جدید پلانٹ کے لیے اس کے موجودہ بنیادی ڈھانچے اور باصلاحیت افرادی قوت کی وجہ سے منتخب کیا ہے۔

لوٹے گروپ کے چیئرمین شِن ڈونگ بِن نے 13 مئی کو وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ سے ملاقات کی۔

ٹوئٹر کی عبارت کا ترجمہ:

لوٹے گروپ کے چیئرمین شِن کا وائٹ ہاؤس میں استقبال کر کے بہت اچھا لگا۔ اںہوں نے حال ہی میں کسی جنوبی کوریائی کمپنی کی طرف سے امریکہ میں سب سے زیادہ کی جانے والی سرمایہ کاری کے طور پر 3.1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جس سے امریکیوں کے لیے ہزاروں کی تعداد میں مزید ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ جمہوریہ کوریا جیسے عظیم شراکت کار جانتے ہیں کہ امریکی معیشت پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہے!

لوزیانا کے گورنر جان بل ایڈورڈز نے کہا کہ یہ مشترکہ منصوبہ امریکہ اور جنوبی کوریا کے درمیان ایک اہم ساجھے داری ہے۔

یہ  ہیڈ کوارٹر لیک چارلس کے قریب سلفر کے مقام پر لوٹے کے مونوایتھلین گلائیکول یا ایم ای جی (میگ) کے نئے پلانٹ کا حصہ ہے۔

اس پلانٹ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ امریکہ میں یہ میگ کا سب سے بڑا پلانٹ ہے اور اس میں لوزیانا میں 3 بلین ڈالر مالیت کی نئی سرمایہ کی گئی ہے۔