امریکہ کے محکمہ خارجہ نے ایسی معلومات دینے پر ایک کروڑ ڈالر تک کا انعام دینے کی پیش کش کی ہے جس کے نتیجے میں دہشت گردی کی عالمی تنظیم لبنانی حزب اللہ کے مالیاتی لین کو درہم برہم کرنے میں مدد مل سکے۔
امریکہ کا محکمہ خارجہ دہشت گردوں کو اںصاف کے کٹہرے میں لانے اور امریکیوں کے خلاف بین الاقوامی دہشت گردی کی کاروائیوں کو روکنے کے لیے”ریوارڈز فار جسٹس” [انعامات برائے انصاف] کے تحت انعامات کی پیش کش کرتا ہے۔ 1984ء میں پروگرام کے آغاز سے لے کر آج تک محکمہ خارجہ 100 سے زائد اُن لوگوں کو 15 کروڑ ڈالر ادا کر چکا ہے جنہوں نے ایسی معلومات فراہم کیں جن سے دہشت گردوں کو یا تو جیلوں میں بند کیا گیا یا دنیا بھر میں دہشت گردانہ کاروائیوں کو روکا گیا۔
خصوصی طور پر، امریکہ ایسی معلومات کا متلاشی ہے جو حزب اللہ کی مندرجہ ذیل کاروائیوں کی نشاندہی میں مدد دے سکیں:
- بڑے بڑے عطیات دہندگان سمیت آمدنی کے ذرائع۔
- مالی لین دین کے لیے استعمال کیے جانے والے بنک یا ادارے۔
- کاروبار یا سرمایہ کاریاں۔
- منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کی جانے والی مجرمانہ سکیمیں۔
- دیکھنے میں ایسی ٹکنالوجی خریدنے والی تجارتی کمپنیاں جسے ہتھیاروں کی تیاری میں استعمال کیا جا سکتا ہو۔
لبناں میں قائم کی گئی حزب اللہ وہ دہشت گرد تنظیم ہے جو ہتھیار، تربیت اور پیسے ایران سے حاصل کرتی ہے۔ حزب اللہ کو ایران، بین الاقوامی کاروباروں اور سرمایہ کاریوں، عطیات دہندگان کے ایک نیٹ ورک اور منی لانڈرنگ کے کاموں سے ہر سال ایک ارب ڈالر حاصل ہوتے ہیں۔
ذیل میں دیئے گئے تین افراد حزب اللہ کی مالی مدد کرنے والوں یا سہولت کاروں کی نمایاں اور کلیدی مثالیں ہیں۔ اِن افراد کو امریکہ نے “خصوصی طور پر نامزد کیے گئے عالمی دہشت گرد” کے عنوان سے نامزد کیا ہے:
ادھام طباجہ حزب اللہ کا ایک ایسا رکن ہے جو مشرق وسطٰی کے طول و عرض اور مغربی افریقہ میں حزب اللہ کے لیے کام کرتا ہے۔
محمد ابراہیم بزی حزب اللہ کی مالی مدد کرنے والا ایک کلیدی فرد ہے۔ وہ یورپ، مشرق وسطٰی اور افریقہ میں اپنے کاروباروں سے کمائے گئے کئی ملین ڈالر حزب اللہ کو فراہم کر چکا ہے۔
علی یوسف شرارہ حزب اللہ کی مالی مدد کرنے والا ایک کلیدی فرد ہے۔ یہ شخص حزب اللہ سے ایسے تجارتی منصوبوں میں پیسے لگانے کے لیے کئی ملین ڈالر وصول کر چکا ہے جن سے ہونے والی آمدنی سے اس دہشت گرد گروپ یعنی حزب اللہ کی مدد کی جاتی ہے۔
اس انعام کے بارے میں مزید معلومات “ریوارڈز فار جسٹس” کی اس ویب سائٹ www.rewardsforjustice.net پر ملاحظہ کیجیے یا اس ای میل LH@rewardsforjustice.net کے ذریعے حاصل کیجیے۔