
نائب صدر پینس نے امریکی مسلح افواج کی چھٹی شاخ، خلائی فوج تشکیل دینے کے منصوبوں کا خاکہ بیان کیا ہے۔
پینس نے 9 اگست کو پینٹا گان میں کہا، “ماضی میں جیسا کہ ہم نے فضائی فوج قائم کی تھی اسی طرح خلائی فوج تشکیل دینے کی ایک ایسی سوچ ہے جس کا وقت آن پہنچا ہے۔”
عالمی نیویگیشن [سفری رہنمائی] اور مواصلات کے لیے انتہائی اہم امریکی سیٹلائٹوں کو دوچار خطرات میں دن بدن اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔ نئی ٹکنالوجیوں سے دشمن نہ صرف امریکہ بلکہ پوری دنیا کے لیے ان نظاموں کو درہم برہم کر سکتے ہیں۔
نائب صدر پینس نے کہا، “زمین کی طرح امریکہ خلا میں بھی امن کے لیے ہمیشہ کوشاں رہے گا۔ مگر تاریخ یہ ثابت کرتی ہے کہ امن طاقت سے قائم ہوتا ہے۔ اورآنے والے برسوں میں خلا کے بیرونی علاقے میں امریکی خلائی فوج ایسی ہی طاقت ہوگی۔” نائب صدر قومی خلائی کونسل کے سربراہ ہیں۔ اس کونسل کا مقصد خلا میں امریکی قیادت کو برقرار رکھنا ہے۔
صدر ٹرمپ نے ٹویٹ میں کہا: ” خلائی فوج کے قیام کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں”