خلا بازوں کو نئے خلائی لباس میں دیکھنے کے لیے تیار ہوجائیے

جب 2018ء میں بوئنگ کمپنی کا خلائی جہاز بین الاقوامی خلائی سٹیشن کی طرف روانہ ہوگا تو خلاباز جدید ٹکنالوجی سے تحت تیار کردہ نئے خلائی سوٹوں میں ملبوس ہوں گے۔

Astronaut wearing blue spacesuit (Boeing)
سابق خلاباز کرِس فرگوسن سٹارلائن خلائی جہاز کے ایک ماڈل میں بوئنگ کے نئے سوٹ کا عملی مظاہرہ کر رہے ہیں۔ (Boeing)

مثال کے طور پر، نئے دستانوں کے ذریعے خلا باز “ٹچ سکرین” یعنی چھونے والی سکرین کے ذریعے آلات کو استعمال میں لا سکیں گے۔ کھیلوں کے لباس تیار کرنے والی کمپنی، ریبوک کے جوتوں میں پھسلنے سے بچاؤ کی زیادہ صلاحیت ہوگی۔

خلاباز ایرک بو کہتے ہیں، “اہم ترین بات یہ ہے کہ یہ سوٹ آپ کو زندہ رکھے گا۔ یہ پہلے سے کہیں زیادہ ہلکا، جسم پر  پوری طرح فِٹ آنے والا، اور سادہ ہے جو کہ ایک اچھی بات ہے۔ چونکہ پیچیدہ چیزوں کے ٹوٹنے کے زیادہ امکانات ہوتے ہیں لہذا اس قسم کی چیزوں کا آسان ہونا ہمیشہ بہتر ہوتا ہے۔”
روایتی سوٹوں کا وزن 13 کلوگرام سے زیادہ ہوتا ہے، جب کہ اس نئے سوٹ کا وزن 9 کلوگرام ہے۔

جدید اشیا سے تیار کیے گئے ان لباسوں میں اعلٰی معیارکی ٹکنالوجی سے بنائے گئے سوراخ، اور مناسب جگہوں پر لگائی گئی زپوں کی بدولت خلا بازوں کے لیے نقل و حرکت کرنا آسان ہوگیا ہے۔

بڑی بڑی تبدیلیوں میں سے ایک تبدیلی کا تعلق ہیلمیٹ سے ہے۔ اب خلا بازوں کو اپنے سوٹوں سے ہیلمیٹ کو الگ نہیں کرنا پڑے گا اور وہ ہیلمیٹ پہنے ہوئے بھی اپنے رفقائے کار کی بات سن سکیں گے۔ یہ نیا ہیلمیٹ مضبوطی سے صحیح طریقے سے پہنا جاتا ہے اور  گفت و شنید کے پورے نظام کو مربوط کردیتا ہے۔

ناسا کا ادارہ اس نئے سوٹ کو محفوظ، کارآمد اور جدت طراز قرار دیتا ہے۔

Female astronaut in blue spacesuit (Boeing)
امریکی خلاباز سنیتا ولیمز بوئنگ کے نئے خلائی سوٹ کا بات چیت کرنے والا آلہ پہن رہی ہیں۔ (Boeing)

بوئنگ کی خلا میں پہنچانے والی گاڑی، سٹارلائن سپیس کرافٹ بیک وقت چار خلابازوں کو خلا میں لے جائے گی اور پرواز کے دوران یہ نئے خلائی سوٹ عملے کو محفوظ رکھیں گے۔ اس سے پہلے کی پروازوں میں تین خلا بازوں کو بیک وقت بھیجا جا سکتا تھا۔ نئے سٹارلائنر کی بدولت بین الاقوامی خلائی سٹیشن اب زیادہ خلا بازوں کو خوش آمدید کہہ سکے گا۔

زیادہ خلا بازوں کا کیا فائدہ ہوگا؟ اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ  گردش کرتی ہوئی لیباریٹری میں زیادہ سائنسی کام ہو سکے گا۔

نجی کمپنی SpaceX بھی خلا بازوں کو مدار میں بھیجنے کے لیے اپنی خلائی گاڑی  اور خلائی سوٹوں پر کام کر رہی ہے۔

ان کے سوٹ کیسے ہوں گے؟ ہم یقین سے تو کچھ نہیں کہہ سکتے، مگر  ان کے ڈیزائنوں میں انہیں کچھ مدد ہالی وُڈ کے ملبوسات کے  ڈیزائنر ہووزے فرننڈیز سے مل سکتی ہے، جو Thor  اور X-Men series کے سپر ہیرو کے لباس  ڈیزائن کرتے ہیں۔

فی الحال انتظار کیجیے۔