خلائی سوٹ میں ملبوس پیگی وٹسن (© AP Images)
بین الاقوامی خلائی سٹیشن کو کمانڈ کرنے والی پہلی خاتون، پیگی وِٹسن اپنی 57 ویں سالگرہ خلا میں گزاریں گی ۔ (© AP Images)

ناسا کی خلاباز، پیگی وٹسن نے ابھی حال ہی میں خلا میں سب سے زیادہ عمر کی عورت کے قیام کا اعزاز حاصل کر کے، اپنے اوّل ہونے کے پہلے اعزازات کی لمبی فہرست میں ایک اور اعزاز کا اضافہ کر دیا۔

56 سالہ وِٹسن، بین الاقوامی  خلائی سٹیشن میں تیسری بار اپنے  قیام کے لیے 17 نومبر کو روانہ ہوئیں۔

وہ اپنے اس خلائی سفر پر قزاقستان سے، 45 سالہ روسی خلا نورد، اولیگ نو وِٹسکی اور 38 سالہ فرانسیسی خلا باز، تھامس پیسکیٹ کے ہمراہ روانہ ہوئیں۔

انہوں نے ناسا کے ایک انٹرویو میں کہا، “چلیں ٹھیک ہے، میں بوڑھی ہوں۔” انہوں نے مزید کہا کہ جب آپ کو اپنی توقعات کا علم ہو تو خلائی مشن آسان تر ہو جاتے ہیں۔

وہ اپنی پیدائش کی 57 ویں سالگرہ فروری میں خلائی سٹیشن پر منائیں گی۔

ایک چیز، جس میں وہ زیادہ دلچسپی نہیں لے رہیں، وہ ہے خلائی کھانا۔

لیکن پیسکیٹ نے فوراً ان کی  ڈھارس بندھاتے ہوئے کہا،  “اس بار وہاں فرانسیسی کھانا  بھی ہو گا۔” انہوں نے وِٹسن کو یقین دلاتے ہوئے بتایا کہ وہ مشہور ترین شیفوں کے  تیار کیے ہوئے کھانوں پر مشتمل، نئے سال کی ضیافت خود تیار کریں گے۔

پیگی وٹسن، اولیگ نووٹسکی اور تھامس پیسکیٹ ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے ہوئے۔ (© AP Images)
امریکی خلاباز پیگی وٹسن (بائیں ) اپنے روسی (درمیان میں) اور فرانسیسی رفقائے کار کے ساتھ مزاق کر رہی ہیں۔ (© AP Images)

وَٹسن پہلی خاتون ہیں جنہوں نے2007ء میں خلائی سٹیشن کی کمانڈر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ وہ ناسا کے خلا بازوں کی کور کی قیادت کرنے والی پہلی — اور تاحال واحد — خاتون ہیں۔ دوسری کسی بھی عورت نے خلا میں ان سے زیادہ وقت نہیں گزارا۔

وِٹٹسن نے 16 نومبرکو ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ” کام کرنے اور رہنے کے لیے یہ ایک زبردست جگہ ہے، اور میں حقیقت میں خود کو خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ میں جب وہاں ہو تی ہوں تو اپنے دوستوں کے ساتھ ہوتی ہوں۔”

وِٹسن کا کہنا ہے کہ ان کا ابھی تک خلا سے جی نہیں بھرا۔ وہ کہتی ہیں، “جہاں تک ناسا کے اہداف کا تعلق ہے، تو میرے مرنے سے پہلے ہمیں مریخ پر جا کر رہنے کی ضرورت ہے۔ ہو سکتا ہے کہ میں اتنے لمبے عرصے تک نہ جیوں، لہذا انہیں یہ کام کر ڈالنا چاہیے۔”