بہت سے لوگ نئے سال میں وزن کم کرنے یا زیادہ ورزش کرنے کا عزم کرتے ہیں۔ مگر زیادہ امکان یہ ہوتا ہے کہ نئے سال سے ایک رات قبل وہ جی بھر کر کھائیں اور خاص طور پر ایسے کھانوں سے پیٹ بھریں جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ آنے والے سال میں صحت اور خوش قسمتی لے کر آئیں گے۔
مثال کے طور پر سپین میں نصف شب 12 بجے گھڑیال کی 12 گھنٹیوں پر لوگ انگور کا ایک ایک دانہ کھاتے ہیں۔ انگوروں کے 12 دانوں میں سے ہر ایک دانہ آنے والے سال کے ہر مہینے کے لیے خوش قسمتی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ تاہم ایسا صرف ان لوگوں کے لیے ہوتا ہے جو گھڑیال کی 12 گھنٹیوں پرانگوروں کے 12 دانے اپنے منہ میں ڈالنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔
ذیل میں سپین کے انگور کھانے کی روایت سے ملتی جلتی دنیا بھر کی ایسی دیگر روایات کے کچھ نمونے پیش کیے جا رہے ہیں جو امریکہ میں بھی آ چکی ہیں۔
آرمینیا

آرمینیا میں گھروں میں ‘گاٹا’ کے نام سے مشہور ایک خاص قسم کی پیسٹری بنائی جاتی ہے۔ وہ اس پیسٹری کے پیڑے میں خوش قسمتی اور نیک تمنائیں گوندھ دیتے ہیں۔ یہ پیسٹری لذیذ ہوتی ہے اور نئے سال کی مٹھائیوں میں مزید ایک مٹھائی کا اضافہ کر دیتی ہے۔
ایستونیا

ایستونیا میں یہ ضروری نہیں کہ ہلہ گلہ کرنے والا کو ئی شخص کیا کھاتا ہے بلکہ یہ اہم ہوتا ہے کہ وہ بہت زیادہ کھائے۔ ایستونیا کے لوگ نئے سال کی شام کو سات، نو یا 12 کھانے کھاتے ہیں۔ اگر وہ اتنے کھانے کھا سکیں تو اس کا یہ مطلب ہوتا ہے کہ آنے والے پورے سال میں انہیں کثرت سے خوراک ملے گی۔
جرمنی

جرمن نئے سال کی شام کو جیلی سے بھرے ڈو نٹ کھاتے ہیں۔ کچھ ڈو نٹوں میں جیلی کی بجائے سرسوں کی چٹنی بھر دی جاتی ہے۔ اگر کسی کے حصے میں سرسوں والا ڈو نٹ آ جائے تو یہ کہا جاتا ہے کہ اس کے لیے آنے والا سال خوش قسمت ثابت نہیں ہوگا۔
فلپائن
(© Shutterstock)
فلپائن میں لمبے نوڈلوں کا مطلب لمبی زندگی اور گول پھلوں کا مطلب اچھی صحت ہوتا ہے۔ اسی لیے نئے سال کے کھانے کی ضیافت میں نوڈلوں کے درمیان میں اکثر گول پھل رکھے ہوتے ہیں۔ پھلوں میں انگور اور مالٹے زیادہ مقبول ہیں۔ پھل کے 12 دانے رکھنا ایک عام روایت ہے۔ ہر دانہ آنے والے سال کے ہر مہینے کی نمائندگی کرتا ہے۔
آپ کے ملک کے لوگ 2020 کا استقبال کرنے کے لیے کیا کھائیں گے؟
یہ مضمون اس سے قبل 26 دسمبر2019 کو شائع ہو چکا ہے