1800ء میں قائم کی جانے والی لائبریری آف کانگریس، کتابوں کے شیدائیوں کے لیے ایک خواب کی حیثیت رکھتی ہے۔ دنیا کی اس سب سے بڑی لائبریری میں 16 کروڑ 40 لاکھ لائبریری آئٹمز ہیں اور انہیں جن بک شیلفوں یعنی کتابوں کی الماریوں میں رکھا گیا ہے اُن کی مجموعی لمبائی1,350 کلومیٹر ہے۔
اگر آپ’یو ایس کیپیٹل’ یعنی امریکی کانگریس کی عمارت کے اُس پار واقع، سنگِ مرمر اور گرینائٹ سے بنی لائبریری آف کانگریس دیکھنے واشنگٹن نہیں بھی آ سکتے تو کوئی بات نہیں۔ آپ اطالوی طرزِ تعمیر پر بنی ہوئی اس عمارت کی نیچے دی گئی وڈیو پر کلِک کرکے ورچوئل ٹور کے ذریعے انٹرنیٹ پر اس کی سیر کر سکتے ہیں۔
کتب تلاش کرنا
مزید برآں، اگر آپ کو انٹرنیٹ کی سہولت حاصل ہے تو آپ کسی بھی جگہ سے لائبریری میں موجود مواد کی ایک بڑی تعداد تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
1993ء سے لائبریری اپنی کتب اور دیگر مواد کو ڈیجیٹل شکل میں محفوظ کر رہی ہے تاکہ لائبریری اپنے آن لائن پورٹل کے ذریعے دنیا کو ان میں شریک کرسکے۔
لائبریری کے تعلیمی پروگراموں کے لیے بین الاقوامی رابطے کے پروگرام کو چلانے والے، جان وین اُوڈینیرن کا کہنا ہے، ” ہمیشہ توجہ اُن چیزوں کو قابلِ رسا بنانے پر مرکوز کی جاتی ہے جو صرف لائبریری آف کانگریس میں ہی دستیاب ہیں۔ لائبریری کی خدمات سے فائدہ اٹھانے والوں کی ایک چوتھائی تعداد کا تعلق دوسرے ممالک سے ہے۔” وین اُوڈینیرن کا کہنا ہے کہ گو کہ بہت سی اشیاء امریکی ہیں، مگر روس، چین اور مشرقِ وسطٰی کے ممالک سے تعلق رکھنے والی اشیاء کو بھی ڈیجیٹل شکل میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا، “جتنے مواد کو بھی ڈیجیٹل شکل میں منتقل کیا گیا ہے اُس میں ہر اُس نوع سے تعلق رکھنے والی کم از کم کچھ اشیاء ضرور شامل کی گئی ہیں جنہیں لائبریری جمع کرتی ہے۔” کتابوں کے علاوہ، لائبریری میں 36 لاکھ ریکارڈ شدہ آئیٹمز، ایک کروڑ چالیس لاکھ تصاویر، 55 لاکھ نقشے، تحریری شکل میں موسیقی کے 81 لاکھ نسخہ جات اور سات کروڑ مسودات بھی موجود ہیں۔
کیا آپ اِن کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں۔ وین اُوڈینیرن کا کہنا ہے کہ آپ ڈیجیٹل مجموعوں میں سے ذیل میں دی گئی چند ایک اشیا کی جھلکیاں دیکھیں:
- عظیم کساد بازاری کے دوران ڈوروتھیا لینگ کی مہاجر والدہ کے عنوان سے نقل مکانی کرنے والی ایک محنت کش خاتون اور اُس کے اہل خانہ کی تصویر۔
- 17ویں صدی سے لے کر 20ویں صدی تک جاپانی آرٹسٹوں کے لکڑی کے بلاکوں کے پرنٹ اور اُن کی ڈرائنگیں۔
- دنیا بھر کے ممالک کے پہلی جنگِ عظیم کے پوسٹر۔
دیگر مواد ورلڈ ڈیجیٹل لائبریری کے ذریعے دستیاب ہے۔ ورلڈ ڈیجیٹل لائبریری، اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم یعنی یونیسکو، لائبریری آف کانگریس اور امریکہ اور دنیا بھر میں شراکت کار لائبریریوں اور تنظیموں کے تعاون سے کام کرتی ہے۔ ورلڈ ڈیجیٹل لائبریری میں سات زبانوں میں مواد دستیاب ہے۔ ذیل میں، وین اُوڈینیرن بہترین شاہکاروں میں سے چند ایک کا حوالہ دیتے ہیں:
- ابراہم لِنکن کے گیٹیزبرگ خطاب کا مسودہ۔
- عبرانی زبان میں سیراویرا بائبل جس کا تعلق یہودیوں کی سپین سے ملک بدری سے پہلے کے دور سے ہے۔
- فارسی زبان میں فلکیات کے موضوع پر 14ویں صدی کی کتاب، صور الکواکب کے جھرمٹ۔