دنیا بھر میں شب و روز ہر لمحے لوگ 180 مختلف  کرنسیوں  کے ذریعے لین دین کر رہے ہوتے ہیں ۔ لیکن ان تمام کرنسیوں میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی کرنسی امریکی ڈالر ہے۔

واشنگٹن کے تحقیقی ادارے کیٹو انسٹی ٹیوٹ میں مالی پالیسی کے امور پر لکھنے والے ٹیٹ لیسی کہتے ہیں، ” دنیا بھر میں لوگ  افراتفری کے دنوں میں جن محفوظ اثاثوں پر بھروسہ کرتے ہیں، امریکی ڈالر کا شمار اِن اثاثوں میں ہوتا ہے۔”

ڈالر بنیادی طور پر ایک عالمی کرنسی ہے کیونکہ امریکی معیشت تواتر سے متحرک چلی آ رہی ہے اور

وقت کے ساتھ ساتھ امریکی ڈالر میں افراط زر کی شرح نسبتا کم رہی ہے۔

یہ استحکام ہی وہ وجہ ہے جس کی بنا پر غیر ملکی حکومتیں، کمپنیاں اور افراد امریکہ کے سرکاری خزانے کے جاری کردہ تمسکات خریدتے ہیں کیونکہ یہ تمسکات کم استحکام والی کرنسیوں کے لیے محفوظ ترین سرمایہ کاری کا ذریعہ ہوتے ہیں۔

Pie chart showing USD makes up 62.7 percent of foreign exchange reserves (Doug Thompson/State Dept. Source: IMF)

امریکی محکمہ خزانہ کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران امریکی کرنسی نوٹ اور بانڈ  بہت زیادہ تعداد میں خریدے گئے ہیں۔ گذشتہ دو سال کے کسی بھی عرصے کے مقابلے میں خریداری کی یہ تعداد سب سے زیادہ ہے۔

دنیا کے امریکی ڈالر پر اعتماد کو سمجھنے کا ایک اور طریقہ یہ ہے کہ ہم زرمبادلہ کے ذخائر پر غور کریں۔ زرمبادلہ سرمائے کے وہ بڑے بڑے ذخائر ہوتے ہیں جو دنیا بھر  کے مرکزی بینک اور بڑے مالیاتی ادارے اپنے پاس رکھتے ہیں تاکہ مستقبل میں سرمایہ کاری اوربین الاقوامی ادائیگیوں میں انہیں استعمال کیا جا سکے۔ حکومتیں اپنے یہ ذخائر یورو، پاونڈ، یوآن سمیت کئی ایک دوسری کرنسیوں میں بھی رکھ سکتی ہیں۔

لیکن زیادہ تر ممالک ڈالر پر انحصار کرتے ہیں۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی حال ہی میں جاری کردہ ایک رپورٹ  میں بیان کی گئی زرمبادلہ کےغیرملکی ذخائر کی ہیئت، امریکی ڈالرکی طاقت کو ظاہر کرتی ہے۔ آئی ایم ایف کے مطابق دنیا بھر کے زرمبادلہ کے ذخائر کا 62.7  فیصد امریکی ڈالر کی شکل میں رکھا جاتا ہے۔

گو کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں امریکی ڈالر کا حصہ گھٹتا بڑھتا رہتا مگر یہ حصہ 50 فیصد سے کبھی بھی نیچے نہیں گیا۔

لیسی کے مطابق بین الاقوامی سرمایہ کار پیسے بچانے کے  پائیدار ذرائع تلاش کرتے ہیں اور اقتصادی بحران کے دنوں میں ڈالرانہیں بالخصوص ایسے پائیدار ذرائع فراہم کرتا ہے جو کہ بہت کم کرنسیاں — اگر کوئی اور ایسی کرنسی ہے تو — ایسا کرسکتی ہیں۔

امریکی وزیر خزانہ  سٹیون منوچن نے کہا کہ ڈالر کی طاقت “امریکی معیشت  کے استحکام کی عکاس ہے۔ اور حقیقت یہ ہے کہ ڈالر محفوظ زرمبادلہ  کے اعتبار سے بنیادی کرنسی کے طور پر استعمال ہوتا رہے گا۔”