دنیا کے سمندروں کے تحفظ کے لیے امریکہ کا 6 ارب ڈالر دینے کا وعدہ

  • امریکہ نے دنیا کے سمندروں کو بحال کرنے اور موسمیاتی تبدیلی، آلودگی اور دیگر خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے تقریباً 6 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔یہ اعلان 2 اور 3 مارچ کو پانامہ میں ہمارے سمندروں کے عنوان سے ہونے والی کانفرنس کے دوران کیا گیا۔

    موسمیات کے بارے میں امریکی صدر کے خصوصی ایلچی جان ایف کیری نے اس کانفرنس کے شرکاء کو بتایا کہ یہ رقم امریکہ کی طرف سے 2022 کے لیے اعلان کردہ رقم سے دو گنا زیادہ ہے۔

    کیری نے کہا کہ کرہ ارض کے گرم ہونے کا مطلب سمندروں میں زیادہ گرمی کا داخل ہونا ہے۔ سمندروں کے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت گھونگھوں کی چٹانوں کو تباہ کر سکتے ہیں اور مچھلیوں کو اپنے آبائی مسکن چھوڑ کر کہیں اور چلے جانے پر مجبور کر سکتے ہیں۔ جب عالمی درجہ حرارت بڑھنے لگتے ہیں اور سمندروں میں پانی کی سطحیں بلند ہونے لگتی ہیں تو اس کے نتیجے میں گرمی کی زیادہ لہریں چلنے لگتی ہیں، خشک سالیاں، سیلاب، سمندری طوفان آنے لگتے ہیں اور جنگلات میں آگ لگنا شروع ہو جاتی ہے۔

    کیری نے کہا کہ “انسانوں کی سرگرمیاں سمندروں کے ماحولیاتی نظاموں کے برقرار رہنے کی اہلیت کے لیے خطرہ بن چکی ہیں۔

    موسمیاتی تبدیلیوں کے لیے تقریباً 5 ارب ڈالر

    اعلان کردہ کل رقم میں سے تقریباً 5 ارب ڈالر موسمیاتی بحران سے نمٹنے پر خرچ کیے جائیں گے۔

    کانگریس کے تعاون سے بائیڈن-ہیرس انتظامیہ کا مندرجہ ذیل اقدامات کو فروغ دینے کا ارادہ ہے:-

    • گرین شپنگ [ماحول دوست سمندری جہاز رانی] کا پروگرام۔ اس پروگرام میں دیگر کے علاوہ صفر اخراجوں والے ایندھن اور جہازوں کو فروغ دینے والے منصوبے بھی شامل ہوں گے۔
    • ساحل سے دور سمندروں میں قابل تجدید توانائی کے دیرپا پراجیکٹ۔
    • بحرالکاہل اور بحیرہ کیریبین میں پیشگی انتباہی نظام کی تشکیل۔
    • بحرالکاہل کے جزائر اور بحیرہ کیریبین کے اُن ممالک کی موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے میں مدد کرنے کے پروگرام جن کی معیشتوں کا انحصار دیگر شعبوں کے علاوہ سمندروں پر ہے۔
پانی میں بنائے گئے مچھلیاں پالنے کے تالاب (© Milos Bicanski/Getty Images)
خلیج سارونک، یونان میں ماہی پروری کے اِن تالابوں جیسی پائیدار سہولتیں فراہم کرنے میں مدد کرنے کے لیے امریکہ نے 665 ملین ڈالر دینے کا وعدہ کیا ہے۔ یہ تصویر یکم جولائی 2022 کی ہے۔ (© Milos Bicanski/Getty Images)

کیری نے 2 مارچ کو اعلان کیا کہ “سیدھی سی بات ہے کہ ہمیں صاف توانائی کے مستقبل کی جانب منتقلی کو تیز سے تیز تر کرنا ہوگا۔ اس بات پر میں اس سے زیادہ زور نہیں دے سکتا۔”

امریکہ نے مندرجہ ذیل رقومات کا بھی اعلان کیا ہے:-

  • پائیدار ماہی گیری میں مدد کے لیے 665 ملین ڈالر۔
  • سمندری آلودگی سے نمٹنے کے لیے 200 ملین ڈالر۔
  • سمندروں پر انحصار کرنے والے ممالک کی معیشتوں کو پائیدار بنانے کے لیے 73 ملین ڈالر۔
  • سمندری سکیورٹی کے لیے 72 ملین ڈالر۔
  • خصوصی تحفظ کے حامل سمندری علاقوں کے لیے 11 ملین ڈالر۔

یہ پروگرام نئے اور پرانے ملے جلے پروگراموں کا آمیزہ ہیں جن میں وہ پروگرام بھی شامل ہیں جن پر گزشتہ کانفرنس کے بعد بات چیت ہو چکی ہے۔

2014 میں ہونے والی پہلی کانفرنس کے بعد سے 70 ممالک کے شرکاء اپنے 2,100 سے زائد وعدوں میں تقریباً 128 ارب ڈالر مالیت کی وعدے کر چکے ہیں۔

پانامہ میں ہونے والی 2023 کی  ہمارے سمندروں کی کانفرنس میں کیے گئے  امریکی وعدوں کی مکمل فہرست دیکھیے۔