بہت سے کاروبار سب کے روشن مستقبل کے لیے سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ وہ آب و ہوا کے بحران سے نمٹ رہے ہیں، جبری مشقت کرائے جانے کی وجہ سے ترسیلی سلسلوں کا جائزہ لے رہے ہیں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والوں سے تعلقات منقطع کر رہے ہیں۔
امریکہ کا محکمہ خارجہ ذمہ دار کاروباری طرز عمل پر امریکی قومی ایکشن پلان کو اپ ڈیٹ کر رہا ہے۔ اس میں دنیا بھر کے لوگ 31 مئی تک اپنی تجاویز بھیج سکتے ہیں۔ پہلی بار دسمبر 2016 میں شائع ہونے والا یہ ایکشن پلان اُن طریقوں کا خاکہ پیش کرتا ہے جن کے ذریعے امریکی حکومت امریکی کاروباروں کو بیرون ملک ذمہ دارانہ طریقے سے لین دین کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔
یہ ایکشن پلان ذمہ دار کاروباری طرز عمل کے اُن بین الاقوامی اصولوں کے لیے امریکی حکومت کی دیرینہ حمایت کی عکاسی کرتا ہے جو اقتصادی تعاون اور ترقی کی تنظیم کے کثیر القومی اداروں کے ذمہ دار کاروباری طرز عمل کے بارے میں رہنما اصولوں اور اقوام متحدہ کے کاروبار اور انسانی حقوق کے رہنما اصولوں میں بیان کیے گئے ہیں۔
وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے 16 جون 2021 کو ایکشن پلان کو اپ ڈیٹ کرنے کے منصوبوں کا اعلان کیا۔ اُن کا یہ اعلان ذمہ دار کاروباروں کو فروغ دینے کی کوششوں کو بہتر بنانے اور اِن میں اضافہ کرنے کے لیے حکومتی اداروں کی اجتماعی کوشش کا ایک حصہ ہے۔
اس موقع پر بلنکن نے کہا، “کاروبار انسانی حقوق اور مزدوروں کے حقوق کے احترام سمیت جمہوری اصولوں کے لیے اہم مدد فراہم کر سکتے ہیں۔ ان کے پاس مقامی اجرت میں اضافے، کام کے حالات کو بہتر بنانے، کمیونٹیوں میں اعتماد پیدا کرنے، اور پائیدار طریقے سے کام کرنے [کی شکل میں] معاشرے اور ماحول کو تشکیل دینے میں مدد کرنے کی صلاحیت موجود ہوتی ہے۔ نتیجتاً، کاروباری اداروں کا ترسیلی سلسلے کے سارے عمل سمیت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے نمٹنے میں کلیدی کردار ہوتا ہے۔”
صارفین کا عملی اقدامات کا مطالبہ
محکمہ خارجہ میں اقتصادی ترقی، توانائی، اور ماحولیات کے انڈر سیکرٹری، ہوزے فرنیڈیس کا کہنا ہے کہ صارفین تیزی سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ سامان ذمہ دار ترسیلی سلسلوں سے گزرے اور یہ کہ امریکی حکومت ذمہ دارانہ کاروباری طریقوں کی حمایت کے لیے پرعزم ہو۔
فرنینڈیس نے یکم دسمبر 2021 کو ایک بلاگ پوسٹ میں کہا، “میں کاروباروں کی اپنے تمام کاموں اور طریقوں میں ذمہ داری سے کام کرنے کی ضرورت پر توجہ دینے کو سراہتا ہوں۔ کاروبار اچھا کام کر کے اچھائی پیدا کر سکتے ہیں۔”
ذمہ دار کاروبار کے بنیادی اصولوں میں مندرجہ ذیل اصول بھی شامل ہیں:-
-
-
- اُن مثبت کاموں پر زور دینا جو کاروبار معاشی، ماحولیاتی اور سماجی ترقی کے لیے کر سکتے ہیں۔
- ایسی مضبوط اور منہمک کوششوں کا عزم کرنا جو کاروباری طرز عمل کے منفی اثرات کی نشاندہی کریں اور ان میں کمی لائیں اور زیادتیوں کا تدارک کریں۔
- اس بات کو یقینی بنانا کہ کاروبار اندرون ملک اور بیرون ملک اپنے ترسیلی سلسلوں کے اندر قانونی ذمہ داریوں سے آگاہ ہوں اور انہیں پورا کریں۔
-
اس اپ ڈیٹ کا شمار اُن کئی ایک طریقوں میں ہوتا ہے جن کے ذریعے امریکی حکومت کاروباروں کو ذمہ داری سے برتاؤ کرنے کی ترغیب دے رہی ہے۔ 1999 سے محکمہ خارجہ ‘ ایوارڈ برائے کارپوریٹ ایکسیلنس’ کے ذریعے بیرون ملک اچھا کام کرنے والی امریکی کمپنیوں کی تحسین کرتا چلا آ رہا ہے۔ ان کمپنیوں میں وہ کمپنیاں بھی شامل ہیں جو کسانوں کی پیداوار کو بہتر بنا رہی ہیں، صنفی مساوات کو فروغ دے رہی ہیں اور موسمیاتی بحران سے نمٹ رہی ہیں۔
ذمہ دار کاروباری طرز عمل پر امریکی قومی ایکشن پلان کی اپ ڈیٹس کے لیے تجاویز فراہم کرنے کے لیے، یو ایس فیڈرل رجسٹر وزٹ کیجیے۔