‘ ریاضی کا نوبیل’ جیتنے والی پہلی ریاضی دان امریکی خاتون

امریکی پروفیسر کیرن اولن بیک ‘ایبل پرائز’ جیتنے والی پہلی خاتون ہیں۔ ایبل پرائز کا شمار دنیا کے ریاضی کے معتبر ترین بین الاقوامی انعامات میں ہوتا ہے۔

جزوی فرق والی مساوات، تغیرات کی کیلکولس، طبیعیات کا پیمائش کا نظریہ، ریاضی کی نئی سوچوں کے ذریعے جیومیٹری اور طبیعیات کے انضمام سمیت، 76 سالہ اولن بیک نے پیچیدہ موضوعات کے ایک وسیع سلسلے پر کام کر رکھا ہے جس کی وجہ سے وہ مشہور ہیں۔

ریٹائر ہونے کے بعد اولن بیک یونیورسٹی آف ٹیکسس، آسٹن میں اعزازی پروفیسر کے طور پر کام کرنے کے ساتھ ساتھ، جدید تعلیم کے انسٹی ٹیوٹ کی جزوقتی ایسوسی ایٹ بھی ہیں۔ ان کا شمار انسٹی ٹیوٹ کے ‘عورتیں اور ریاضی کے پروگرام’ کے بانیوں میں ہوتا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد عورتوں کی ریاضی سے متعلقہ پیشوں میں آنے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ اس کے علاوہ اولن بیک پرنسٹن یونیورسٹی کی جزوقتی سینیئر سکالر بھی ہیں۔

وہ سائنس کا قومی میڈل، میکارتھر فیلوشپ اور بے شمار دیگر ایوارڈ حاصل کر چکی ہیں۔ دنیا بھر میں پھیلے اُن کے رفقائے کار نے اُن کے حالیہ ترین اعزاز پر اُن کی تعریف کی ہے۔ اس ایوارڈ کو اکثر “ریاضی کا نوبیل” انعام کہا جاتا ہے۔

یونیورسٹی آف ٹیکسس، آسٹن میں فطری سائنسوں اور طبیعیات  کے کالج کے ڈین، پال گولڈبارٹ “ریاضی اور طبیعیات کے ملاپ سے ہونے والی انقلابی پیشرفتوں” کا سہرا اولن بیک کے سر باندھتے ہیں۔ انہوں نے کہا، “جدت پر مبنی اُن کی بصیرت کا اطلاق اُن بہت سارے مضامین پر ہوتا ہے جو امکانی طور پر حقیقت کی نوعیت کو سمجھنے میں مدد دینے والی، سٹرِنگ تھیوری سے لے کر زمان و مکان کی جیومیٹری تک پھیلے ہوئے ہیں ۔”

2018ء میں پرنسٹن یونیورسٹی میں ایک انٹرویو میں اولن بیک نے کہا کہ “ذہنی جذبے کی لت” ریاضی کے مختلف شعبوں کے درمیان تعلقوں کا کھوج لگانے کی کوششوں کو مہمیز دیتی ہے۔

2003ء میں قائم کیے جانے والے ایبل پرائز کی نگرانی ناروے کی سائنس اور ادبیات کی اکیڈمی کرتی ہے۔ 19ویں صدی کے ناروے کے ریاضی دان نیلس ہنرک ایبل کے نام موسوم یہ انعام، نوبیل پرائز کی طرز پر شروع کیا گیا ہے۔ انعام حاصل کرنے والے شخص کو 60 لاکھ نارویجین کرون (سات لاکھ ڈالر) دیئے جاتے ہیں۔

ناروے کی اکیڈمی نے کہا کہ اولن بیک کو یہ انعام جیومیٹری کی جزوی فرق والی مساوات، طبیعیات کے پیمائش کے نظریے، اور انٹیگرل نظاموں کے ساتھ ساتھ اُن کے کام کے تجزیات، جیومیٹری اور ریاضیاتی طیبعیات پر پڑنے والے اثرات کی وجہ سے دیا گیا ہے۔”

اولن بیک یہ انعام باضابطہ طور پر 21 مئی کو اوسلو میں ہونے والی ایک تقریب میں ناروے کے بادشاہ، ہیرالڈ پنجم سے وصول کریں گی۔