
پندرہ سال قبل امریکہ کے ایک سیکنڈری سکول میں، اٹلی کی ایک ایکسچینج سٹوڈنٹ [امریکہ میں تبادلے کے پروگرام کے تحت آنے والی طالبہ] کی ملاقات قدیم امریکیوں کے ایک قبیلے کی خاتون سے ہوئی۔ اِن دونوں نے مل کر اُن قدیم امریکیوں کے ایسی تصاویر تخلیق کرنے کا پروگرام بنایا جن میں آج کے دور کی زندگیوں میں امریکہ کے آبائی باشندوں کے رہن سہن کی جھلک دکھائی دیتی ہو۔ اٹلی کی فوٹوگرافر کارلوٹا کارڈانا اور امریکی مصنفہ ڈینیئل سی واکر ایک دوسرے کو اس وقت سے جانتی ہیں جب کارڈانا ایکسچینج سٹوڈنٹ کی حیثیت سے نیبراسکا آئیں تھیں اور ان کی ملاقات سٹینڈنگ راک سوُ قبیلے سے تعلق رکھنے والی، سی واکر سے ہوئی تھی۔
ان کی تصویروں کے سلسلے، دی ریڈ روڈ پراجیکٹ میں، ایسے قدیم امریکیوں کی زندگیوں کو پیش کیا گیا ہے جو خود کو “اچھے راستے” پر چلنے کے لیے وقف کر دیتے ہیں۔ یہ امریکہ کے آبائی باشندوں کا زندگی گزارنے کے طریقوں کا ایک قدیم تصور ہے جس کی بنیاد کئی ایک قبیلوں کی روحانی تعلیمات پر ہے۔ سی واکر کا کہنا ہے، “ہم جتنے لوگوں سے ملے ہیں اور ان کی تصویریں بنائی ہیں، وہ کسی نہ کی انداز سے اسی ‘ریڈ روڈ’ پر چلتے ہیں، اور اپنی اپنی کمیونیٹیوں میں مثالی کردار بننے میں موجود رکاوٹوں پر قابو پاتے ہیں۔
ریڈ روڈ پراجیکٹ کے مرقعوں سے منتخب کی گئی تصاویر ذیل میں دی جا رہی ہیں:

جولیئن رامیریز ایک بچے کے باپ ہیں اور اپنے بچے کی اکیلے ہی پرورش کرتے ہیں۔ وہ سٹینڈنگ راک ریزرویشن [مقامی امریکیوں کے مخصوص علاقے] کے ایک کیسینو میں کام کرتے ہیں۔ جب ان کا بیٹا الیجاہ پیدا ہوا تو ان کے ساتھ رہنے والی ان کے بچے کی ماں نے ان سے علیحدگی اختیار کرلی۔ مقامی انڈین باشندوں میں لمبے بال رکھنا فخر کی علامت سمجھا جاتا ہے، اس لیے جولیئن نے کبھی بھی اپنے بیٹے کے بال نہیں کٹوائے اور وہ کہتے ہیں کہ جب تک وہ 13 برس کا نہیں ہوجاتا، اسے اپنے بال کٹوانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

اوپر تصویر میں شِپ راک نامی قصبے کی جھلک نظر آ رہی ہے جو نیومیکسیکو کی ناواہو ریزرویشن میں واقع ہے۔ اس قصبے کا نام قریب کی ایک چٹان پر رکھا گیا ہے جس کی ساخت ایک بحری جہاز سے ملتی جلتی ہے۔

الاسکا کے اتھاباسکن اور ٹلنگٹ قبائل سے تعلق رکھنے والے مارٹن سینسمائر ہالی وڈ میں اداکار ہیں۔ وہ اکثر قبائلی سکولوں میں تقریریں کرتے ہیں اور قدیم امریکیوں کے پروگراموں میں شرکت کرتے ہیں۔

ٹِپیزی وِن نے سکول جانے کی عمر سے پہلے کے بچوں کو لاکوٹا زبان سکھانے کے لیے ایک مکمل پروگرام ترتیب دیا۔ اب دوسرے قبائل اپنی زبان کے پروگرام شروع کرنے کے لیے ان سے رہنمائی حاصل کرتے ہیں۔

یہ ان دو لڑکوں کی تصویر ہے جنہوں نے امریکی آںکھیں نامی بینڈ تشکیل دیا تھا۔ ان کا تعلق اوکلاہوما سٹی سے ہے اور وہ ریزرویشنوں میں جاتے ہیں، اور راک بینڈ اےسی/ڈی سی کے گیت سناتے ہیں۔

سیج ہونگا کا تعلق ہوالاپائی قبیلے سے ہے۔ انھوں نے 2012ء میں مقامی امریکیوں کے مقابلۂ حسن میں شرکت کی تھی۔ وہ قدیم امریکی نوجوانوں پر زور دیتی ہیں کہ وہ تعلیم حاصل کریں۔ اس تصویر میں وہ ہاتھ کا بنا ہوا ایک لباس پہنے ہوئے ہیں اور روایتی طور پر ہولاپائی لوگوں کی طرح نامیاتی اشیا سے میک اپ کرتی ہیں۔

اس تصویر میں سٹینڈنگ راک ریزرویشن کے سوُ گاؤں میں دو لڑکوں کو سائیکل چلاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
اب تک دی ریڈ روڈ پراجیکٹ کی لندن اور اٹلی کے شہروں، روم اور ویرونا میں نمائشیں ہو چکی ہے۔ سی واکر کا کہنا ہے کہ اس پراجیکٹ کا مقصد یہ ہے کہ قدیم امریکیوں کے بارے میں غلط تصورات کا ازالہ کیا جائے۔
انھوں نے مزید کہا کہ اپنے تصویریں بنانے کے عمل کے دوران، “ہم ان افراد سے ہمیشہ یہ ضرور پوچھتے تھے کہ وہ کیا چیز ہے جو وہ چاہتے ہیں کہ لوگ آبائی امریکیوں کی ثقافت کے بارے میں جانیں۔ ان کا مشترکہ جواب یہ تھا: ان کی استقامت۔ سب کچھ ہونے کے باوجود، ہم اب بھی یہاں موجود ہیں۔”