زہریلے مادے کے حملے پر اتحادیوں کے ساتھ یکجہتی: امریکہ سے 60 روسیوں کی بیدخلی

پولیس ایک جائے وقوعہ کے ارد گرد ٹیپ لگا رہی ہے۔ (© Matt Dunham/AP Images)
برطانوی پولیس اس جگہ کی حفاظت کر رہی ہے جہاں اعصاب شکن مادے کا شکار ہونے والے افراد پائے گئے تھے۔ (© Matt Dunham/AP Images)

امریکہ نے ایک برطانوی شہری اور اس کی بیٹی پر فوجی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والے اعصاب شکن مادے کے حملے کے   بعد نیٹو کے اپنے اتحادیوں کی ٹھوس حمایت کرتے ہوئے 60 روسی انٹیلی جنس افسروں اور سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔

4 مارچ کو برطانیہ میں کیے جانے والے اس حملے کی وائٹ ہاؤس نے دنیا بھر میں روس کی جانب سے کی جانے والی عدم استحکام کی سرگرمیوں کے سلسلے کی ایک حالیہ ترین کڑی کے طور پر مذمت کی ہے۔

وائٹ ہاؤس نے کہا کہ یہ اقدامات “نیٹو میں اپنے اتحادیوں اور ساجھے داروں کے ساتھ مل کر” اٹھائے جا رہے ہیں تاکہ “روس پر یہ واضح کیا جائے کہ اسے اپنے اعمال کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔” صدر ٹرمپ کے حکم کے مطابق 48 روسی سفارت کاروں کو ملک  چھوڑنا ہو گا۔ اس کے ساتھ ساتھ امریکہ نے روس کو سیاٹل میں اپنا قونصلیٹ بند کرنے کا پابند بھی کیا ہے۔ یہ قونصلیٹ امریکی بدوزوں کے اڈوں اور طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کے قریب واقع ہے۔

اس کے علاوہ امریکہ نے اقوام متحدہ میں روسی مشن سے اُن 12 انٹیلی جنس اہلکاروں کو ملک بدر کرنے کے عمل کا آغاز بھی کر دیا ہے جنہوں نے امریکہ میں اپنی رہائش کی سہولت کا ناجائز فائدہ اٹھایا ہے۔

محمکہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نوآرٹ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ اقدامات “برطانیہ کے ساتھ ہماری لازوال یکجہتی کا عملی مظاہرہ ہیں” اور روس کے خلاف “کیمیائی ہتھیاروں کے کنونشن کی شرمناک خلاف ورزی اور عالمی قانون شکنی” کرنے پر نتائج کا نفاذ ہے۔

سابقہ روسی جاسوس سرگئی وی سکرپل جو کہ اب برطانوی  شہری ہیں اور اُن کی بیٹی یولیا سکرپل انگلینڈ کے شہر سالسبری میں اُس وقت شدید بیمار پڑ گئے جب وہ بقول برطانوی حکام کے فوجی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والے اعصاب شکن مادے کا شکار ہوئے۔ وہ ہسپتال میں داخل ہیں۔ اُن کی مدد کے لیے آنے والا ایک پولیس افسر بھی بیمار پڑ گیا۔ وہ اب صحت یاب ہو رہا ہے۔

نوآرٹ نے کہا کہ اس حملے سے “بےشمار معصوم جانیں خطرے میں پڑگئی ہیں۔” امریکہ نے روس سے مطالبہ کیا ہے کو وہ ذمہ داری قبول کرے اور اس بات کا عملی مظاہرہ کرے کہ وہ بین الاقوامی امن اور سلامتی کی سربلندی کے لیے کیے گئے اپنے وعدوں کا پاس کر سکتا ہے۔