امریکہ میں یہودی خاندان 10 دسمبر سے لے کر 18 دسمبر تک منایا جانے والا حنوکا کا تہوار معمول کے طریقوں کے مطابق منائیں گے: یعنی رات کو مینورا (ہفت شاخہ شمعدان) کا چراغاں، خصوصی عبادات اور لیٹک (آلو کے کلچے) اور سفگانیہ (جیلی بھرے ڈونٹ) جیسے کھانے شامل ہوں گے۔
تاہم کورونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے اس برس حنوکا کی تقریبات میں احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں گیں۔
اس برس بڑے اجتماعات کی بجائے چھوٹے چھوٹے اجتماعات منعقد کیے جائیں گے۔ خاندان اپنے پیاروں کے ساتھ ورچوئل (آن لائن) ملاقاتیں کریں گے۔ آرلنگٹن، ورجینیا میں ایتز ہائیم نامی کنیسہ اُن بے شمار کنیسؤں میں شامل ہے جس میں حنوکا کی تقریبات آن لائن منعقد کی جائیں گیں۔ اِس کنیسے کے اراکین کمپیوٹر کی سکرینوں کے ذریعے اپنے تعلقات کو مضبوط بنائیں گے، وہ آپس میں کھانے کی ترکیبوں کے تبادلے کریں گے، مل کر کھانے پکائیں گے اور کوسوں میل دور بیٹھ کر ایک دوسرے کے ساتھ “ڈرائیڈل” نامی کھیل کھیلیں گے۔