سب کو شمار کرنے کے لیے امریکی مردم شماری کئی ایک زبانوں میں

امریکی حکومت دس برسوں میں ایک بار کی جانے والے مردم شماری ایک درجن سے زائد زبانوں میں کر رہی ہے تاکہ ملک کے ہر ایک فرد کے شمار کیے جانے کو یقینی بنایا جا سکے۔ مردم شماری کے نتائج کو کانگریس میں نمائندگی اور حکومتی سہولتوں کی فراہمی پر اٹھنے والے سرکاری اخراجات کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

امریکی مردم شماری کے بیورو کے ڈائریکٹر سٹیون ڈِلنگھم نے 9 مارچ کو ایک بیان میں کہا، ” گھرانوں کو انگریزی اور 12 اضافی زبانوں میں آن لائن یا فون کے ذریعہ جواب دینے کی سہولت فراہم کرکے، ہم (ملک) کے باسیوں کو وہ وسائل مہیا کر رہے ہیں جو انہیں شمار کیے جانے کے لیے درکار ہیں۔ (ہم) اُن کی اپنے مستقبل کی صورت گری کرنے کی حوصلہ افزائی بھی کر رہے ہیں۔”

امریکہ کا نقشہ جس پر الفاظ میں ریاستوں میں لسانی ترجیحات دکھائی گئی ہیں۔
(State Dept.)

مردم شماری کے بیورو کی طرف سے کیے گئے ‘امریکن کمیونٹی سروے’ کے مطابق، انگریزی کے علاوہ ملک میں عام طور پر بولی جانے والی دوسری زبان، ہسپانوی زبان ہے جس سے یہ پتہ چلتا ہے کہ امیگریشن کی اشکال نے کس طرح ملک کی صورت گری کی ہے۔ تاہم مردم شماری میں جرمن، فرانسیسی، چینی، ویت نامی، کورین، روسی، عربی اور دیگر زبانوں میں بھی سوالنامے تیار کیے کیے گئے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ملک میں رہنے والوں کی 99 فیصد تعداد اُن زبانوں میں جواب دے سکے جو وہ گھر پر بولتے ہیں۔

تقریباً 13 ملین یا 9 فیصد گھرانوں کو دو زبانوں یعنی انگریزی اور ہسپانوی زبانوں میں فارم بھیجے جا رہے ہیں۔ مردم شماری کا بیورو وڈیو کی شکل میں مردم شماری کے فارم بھرنے کے طریقے کے بارے میں انگریزی کے علاوہ اشاروں کی امریکی زبان سمیت 59 زبانوں میں ایک ہدائت نامہ بھی بھجوا رہا ہے۔ اس کے علاوہ مردم شماری کرنے والا عملہ جس کے زیادہ تر افراد دو زبانیں بولتے ہیں اُن گھروں میں بھی جائیں گے جن کے مکین مردم شماری کروانے میں ناکام رہے ہوں گے۔

امریکہ 1790ء سے ہر دس سال کے بعد آئین کے تحت ضروری قرار دی گئی مردم شماری کرتا چلا آ رہا ہے۔ یکم اپریل کو کسی بھی گھر میں رہائش پذیر تمام افراد کی گنتی امریکی ایوان نمائندگان میں ہر ریاست کی نشستوں کی تعداد طے کرتی ہے۔

مردم شماری کے نتائج آگ بجھانے والے سٹیشنوں، سکولوں، ہسپتالوں اور سڑکوں اور پلوں جیسی انتہائی اہم خدمات پر اٹھننے والے سرکاری اخراجات پر بھی پڑتا ہے۔ مردم شماری کے ڈیٹا کو وسیع اعدادوشمار میں استعمال کیا جاتا ہے۔ تاہم گھرانوں کی انفرادی معلومات کو خفیہ رکھا جاتا ہے۔

سیسیمی سٹریٹ عوام کی شرکت کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے۔ سیسیمی سٹریٹ بچوں کا ایک مقبول ٹیلی ویژن شو ہے۔ اس شو نے 9 مارچ کو ایک وڈیو ٹویٹ کی جس میں ایک پتلی نما ‘کاؤنٹ وان کاؤنٹ’ نامی کردار ہر ایک کے شمار کیے جانے کی اہمیت کی وضاحت کرتا ہے۔

کاؤنٹ وان کاؤنٹ ایک دہائی میں ایک بار ہونے والی مردم شماری کے بارے میں کہتا ہے، ” یہ وہ خاص وقت ہے جب ہم پورے ملک کے ہر ایک محلے کے ہر گھر میں رہنے والے تمام افراد کی گنتی کرتے ہیں۔ آپ کے گھر میں سب کی گنتی اگلے 10 برسوں کے لیے سکولوں، ہسپتالوں اور بسوں جیسی سہولتوں کے لیے مالی اعانت فراہم کرکے آپ کے علاقے کی مد کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ لہذا اپنے آپ کو اور اپنے گھر میں سب کو شمار کریں!”

مارچ کے وسط میں مردم شماری کے فارم امریکی گھروں میں پہنچا دیئے گئے ہیں۔ مردم شماری کرنے والوں کا اس موسم بہار اور موسم گرما میں گھر گھر جانے کا پروگرام بھی ہے اور جولائی میں وہ یہ کام مکمل کرلیں گے۔ لیکن مردم شماری کا بیورو اس بات پر غور کر رہا ہے کہ آیا کووِڈ-19 کے پھیلنے کی وجہ سے گھروں پر جانے میں تاخیر کی جائے یا نہیں۔