یہ کوئی راز کی بات نہیں کہ سرکاری عہدے داروں کی جواب دہی کے لیے شہریوں کے پاس حکومت کے بارے میں اطلاعات ہونی چاہئیں۔ موجودہ دور کی ٹکنالوجی کی بدولت دنیا بھر میں لوگوں کی اکثریت کو یہ طاقت حاصل ہو چکی ہے۔ مندرجہ ذیل مثالیں اس کی محض ابتدا ہیں:

1۔ کمرے میں کیمرے لگائیں

John Kerry speaking into microphone, TV titles at bottom (C-SPAN)
وزیرِ خارجہ جان کیری نیوز کیمروں کے سامنے ایران نیوکلیئر سمجھوتے کے بارے میں تقریر کر رہے ہیں۔ (C-SPAN)

C-SPAN کیبل ٹیلیویژن اور ریڈیو نیٹ ورک کانگریس کے اجلاس اور دیگر سرکاری کارروائیوں کو براہِ راست نشر کرتے ہیں۔ 2013ء میں، ہر ہفتے 4 کروڑ 70 لاکھ امریکیوں  نے ان نشریات کو سنا اور دیکھا۔ ایسے لوگوں کے اپنے سرکاری عہدے داروں کے ساتھ خط و کتابت کرنے اور کسی سیاسی مہم میں پیسہ دینے یا اس کے لیے کام کرنے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔

2۔ بدعنوانی کا بھانڈہ پھوڑنے والوں کو تحفظ فراہم کریں

Illustration of woman blowing whistle while suited arm places target on her back (State Dept./Doug Thompson)
بدعنوانیوں کی اطلاع دینے والوں کو اپنی آواز بلند کرنے کی پاداش میں نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ (State Dept./Doug Thompson)

شہری انتقامی کارروائی کے خوف کے بغیر سرکاری بدعنوانیوں کی اطلاع  کیسے دے سکتے ہیں؟ لائبیریا میں اس سوال کا جواب موبائل فونوں اور ٹیکسٹ میسیجوں کے ذریعے دیا گیا ہے۔ لائبیریا میں لوگوں کے لیے یہ ممکن ہے کہ وہ پولیس کے خراب طرزِ عمل پر نظر رکھیں اور اس کی اطلاع ایک نئی گمنام ایس ایم ایس ہاٹ لائن پر دیں۔ پولیس کا یہ عہد ہے کہ وہ ایسی شکایتوں کا پتہ چلا کر ان کی تفتیش کرے گی اور کارروائی کرے گی۔

امریکہ میں،  اطلاع دینے والوں کے بارے میں قوانین ایسے ملازمین کو تحفظ فراہم کرتے ہیں جو غیر قانونی یا ناجائز سرکاری سرگرمیوں کے بارے میں عوام کو خبردار کرتے ہیں۔

3۔ پیسے کا سراغ لگائیے

Two people exchanging money while shaking hands (Kiwiev/Creative Commons)
رشوت ستانی بدعنوانی کی ایک عام شکل ہے۔ (Kiwiev/Creative Commons)

اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ  ہر سال 1 کھرب ڈالر کی رقم رشوت کی شکل میں ادا کی جاتی ہے۔ اس بدعنوانی کی وجہ سے کسی ملک کی معیشت 17 فیصد تک کم ہو سکتی ہے! عوام اس کا مقابلہ کیسے کر سکتے ہیں؟  اوپن دی بُکس نامی سمارٹ فون کی ایک اپلیکیشن کا مقصد یہ ہے کہ “امریکی حکومت کے اخراجات کے ایک ایک پیسے کو — تمام سطحوں پر— فوری طور پر آن لائن پوسٹ کیا جائے۔” اس میں یہ بھی شامل ہے کہ سرکاری عہدے داروں کو کتنی رقم ادا کی جا رہی ہے۔ اس اپلیکیشن کے استعمال کرنے والوں کو جلد ہی پتہ چل گیا — اور انہوں نے اس کی تشہیر بھی کر دی — کہ کس طرح ریاست ایلے نوائے کے ایک سکول کے خزانچی کی تنخواہ، پُراسرار طور پر اچانک  ایک سال میں 163,000 ڈالر سے بڑھ کر 295,000  ڈالر ہو گئی۔ یہ خزانچی اب نو سال جیل کی سزا کاٹ رہا ہے۔

4۔ سرکاری دستاویزات تک رسائی کا مطالبہ کریں

Room full of document boxes on shelves (© AP Images)
سرکاری عہدے دار جو کہتے ہیں، سرکاری دستاویزات سے اُن باتوں کی توثیق یا تردید ہو سکتی ہے۔ (© AP Images)

شہری سمارٹ فونوں اور دوسری جدید ٹکنالوجیوں کے بغیر بھی حکومت کو جوابدہ بنا سکتے ہیں۔ بعض اوقات بہترین طریقہ یہ ہوتا ہے کہ سرکاری عہدے داروں کو یہ بتانے پر مجبور کیا جائے کہ انھوں نے کیا کچھ کیا ہے۔ بہت سے ملکوں میں یہ ضروری ہے کہ سرکاری دستاویزات کو عام کیا جائے۔ امریکہ کے فریڈم آف انفارمیشن ایکٹ (FOIA) [معلومات حاصل کرنے کی آزادی کے قانون] کے تحت تقریباً ہر فرد — اور اس کے لیے امریکی شہری ہونا ضروری نہیں ہے — تقریباً 100 سرکاری ایجنسیوں کو طبع شدہ یا الیکٹرانک ریکارڈ جاری کرنے کی درخواست دے سکتا ہے۔ ایک حالیہ برس میں، ان ایجنسیوں کو دستاویزات کے لیے  700,000 سے درخواستیں موصول ہوئیں۔

سب کچھ آپ پر منحصر ہے

ٹرانسپیرینسی انٹرنیشنل حکومت کی جوابدہی میں آپ کی مدد کے لیے آپ کو ایک اینٹی کرپشن کِٹ پیش کرتی ہے۔ اگر آپ کی نظر سے کوئی قابلِ اعتراض چیز گزرے تو کیا آپ اسے کسی بلاگ میں تحریر کریں گے، اپنے مقامی اخبار کو اس کے بارے میں خط لکھیں گے یا لوگوں کی واقفیت بڑھانے کا کوئی اور زیادہ اچھوتا طریقہ اختیار کریں گے؟