سمندری ہوا سے پیدا کی جانے والی بجلی کا نیا فارم، امریکہ کا اولین فارم ہو گا

آئندہ موسم خزاں میں رہوڈ آئی لینڈ کے ساحل سے پرے سمندر میں امریکہ کا ہوا سے بجلی پیدا کرنے والا فارم جب چالو ہو گا تو یہ امریکہ مں ایسے متعدد فارموں میں سے پہلا فارم ہوگا جو بالاخر ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی کے لیے صاف ستھری بجلی فراہم کریں گے۔

رہوڈ آئی لینڈ کے بلاک آئی لینڈ نامی جزیرے کے ساحل سے پرے سمندر میں 30 کروڑ ڈالر سے   ڈیپ واٹر وِنڈ ، نامی کمپنی کی طرف سے تعمیر کیا جانے والا پانچ ٹربائنوں پر مشتمل ہوا سے بجلی پیدا کرنے  والا یہ فارم، تقریباً 17,000 گھروں کو بجلی فراہم کرے گا۔ بعد میں اسی قسم کے مزید فارم بنائے جائیں گے۔

ایک بڑھتا ہوا رجحان

یو ایس بیورو آف اوشن انرجی منیجمنٹ   [امریکہ کی بحری توانائی کے انتظامی ادارے] کی ڈائریکٹرایبی گیل راس ہاپر کا کہنا ہے، ’’ریاستی اور وفاقی پالیسی اور ٹیکنالوجی، سب بیک وقت ایک نقطے پر اکٹھے ہو رہے ہیں۔‘‘ وہ مزید کہتی ہیں کہ آب و ہوا میں تبدیلیوں نے سمندری ہوا میں دلچسپی پیدا کر دی ہے اور اگلے چار، پانچ  برسوں میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے مزید فارموں کی تعمیر متوقع ہے۔

سات ریاستوں کے ساحلوں کے قریب موزوں علاقوں کی نشان دہی کی جاچکی ہے اور بیورو نے بحر اوقیانوس میں11 مقامات کو تجارتی پیمانے پر لیز پر دے دیا ہے۔ ان میں سے زیادہ تر ایسی بڑی آبادیوں کے قریب ہیں جن میں خشکی پر فارم کی تعمیر کے لیے زمین کی قلت ہے۔ ترقیاتی کام کرنے والوں نے کیلی فورنیا اور ہوائی کے ساحلوں کے قریب بحر الکاہل کے علاقوں میں لیز کے لیے درخواستیں دی ہیں۔ اس سال نیو یارک کے  قریب سمندر میں تجارتی مقاصد کی خاطر ہوا سے بجلی پیدا کرنے والے بجلی گھروں کی تعمیر کے لیے،  81,000 ایکڑ رقبے کو لیز پر دینے کا منصوبہ ہے۔

سمندر میں تعمیر کیے جانے والے ایک ڈہانچے کے قریب، پانی پر تیرتی ہوئی ایک کرین۔ (© AP Images)
بلاک آئی لینڈ، رہوڈ آئی لینڈ کے قریب ہوا سے بجلی پیدا کرنیوالےایک ٹربائن کی تعمیراتی بنیاد پر جھولتی ہوئی ایک کرین (© AP Images)

کئی ریاستوں نے صاف ستھری توانائی کےحصول کے لیے ساحل سے دور ہوا سے بجلی پیدا کرنے سمیت،  بڑے بڑے اہداف مقرر کیے ہوئے ہیں۔ ریاست کیلی فورنیا  2030ء  تک اپنی  ضرورت کی 50 فیصد بجلی قابل تجدید ذرائع سے پیدا کرنا چاہتی ہے۔ ورمونٹ کا ہدف اگلے سال تک 55 فیصد ہے جبکہ ہوائی نے 2045ء تک اپنی ضرورت کی 100 فیصد بجلی قابل تجدید ذرائع سے پیدا کرنے کا عزم کیا ہوا ہے۔ میسا چوسٹس اور نیو یارک کی ریاستیں بھی قابل تجدید ذرائع پر اپنا انحصار بڑھا رہی ہیں۔

ڈیپ واٹر ونڈ کے مطابق 2016ء کے موسم خزاں میں، افتتاح کی راہ پر بلاک  آئی لینڈ  پراجیکٹ گامزن ہے۔ اس پراجیکٹ میں جی ای کمپنی کا  قابل تجدید توانائی کا شعبہ اور ڈنمارک کی فریڈ اولسن، ڈیپ واٹروِنڈ نامی کمپنی شراکت دار ہیں۔ دونوں کمپنیوں نے اس منصوبے کی تکمیل کے لیے درجنوں ماہرین اور ہنر مند کارکن فراہم کیے ہیں۔