
امریکہ جو پہلے ہی سوڈان میں انسانی ہمدردی کے تحت کی جانے والی امدادی کاروائیوں کے لیے دنیا کا سب سے زیادہ عطیات دینے والا ملک بن چکا ہے سوڈان کے عوام کے ساتھ ساتھ چاڈ، مصر، جنوبی سوڈان اور جمہوریہ وسطی افریقہ کے عوام کے لیے 246 ملین ڈالر کی اضافی امداد دے رہا ہے۔ سوڈان 15 اپریل کو وسیع پیمانے پر شروع ہونے والے تشدد سے متاثر ہوا ہے۔
سوڈان کی فوج اور سوڈان ہی کی ایک نیم فوجی فورس کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں سوڈان کے اندر 10 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور تین لاکھ سے زائد پڑوسی ممالک میں بھاگ کر پناہ لینے پر مجبور ہو چکے ہیں۔

اس امدادی رقم سے امریکہ کو بین الاقوامی اور مقامی شراکت داروں کے ساتھ اپنا کام جاری رکھنے میں مدد ملے گی اور اس تصادم کی وجہ سے مہاجر بن جانے والے، بے گھر ہونے والے اور دیگر انتہائی ضرورمند افراد کو خوراک، پانی، طبی سہولتیں اور جان بچانے والی دیگر امداد فراہم کی جا سکے گی۔
امریکہ کے بین الاقوامی ترقیاتی ادارے (یو ایس ایڈ) کی ایڈمنسٹریٹر سمنتھا پاور نے چاڈ میں سوڈانی مہاجرین سے ملاقات کی۔ انہوں نے چاڈ سے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ “سوڈان میں دو متحارب جرنیلوں اور ان کے فوجیوں کے درمیان شروع ہونے والے تصادم کی وجہ سے اس وقت جو مصائب پیدا ہو چکے ہیں انہیں الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔ سوڈان کے عام شہری اِس کا خمیازہ بھگت رہے ہیں اور سوڈان کے لاکھوں شہری ملک سے بھاگنے اور پڑوسی ممالک میں محفوظ مقامات تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔”
Grain to feed 2 million people for one month is being offloaded at a port in Sudan.@USAID is proud to support getting this life-saving assistance to people facing extreme hunger due to the ongoing crisis. pic.twitter.com/OYQ7yy8BQN
— Samantha Power (@PowerUSAID) May 25, 2023
فنڈنگ کے اس اضافی پیکج میں امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے تقریباً 143 ملین ڈالر اور یو ایس ایڈ کی طرف سے 103 ملین ڈالر کی انسانی امداد شامل ہے۔ یو ایس ایڈ کے فنڈ کا اعلان پاور نے چاڈ کے اپنے حالیہ دورے کے دوران کیا۔ اس میں سوڈان کے لیے 50 ملین ڈالر کے علاوہ جنوبی سوڈان کے لیے 22 ملین ڈالر، چاڈ کے لیے 17 ملین ڈالر، جمہوریہ وسطی افریقہ کے لیے 8 ملین اور مصر کے لیے 6 ملین ڈالر بھی شامل ہیں۔
چاڈ کو دی جانے والی امداد سے 135,000 سے زائد افراد کو خوراک اور نقد رقم مہیا کرنے کی خاطر یو ایس ایڈ اقوام متحدہ کے خوراک کے عالمی ادارے (ڈبلیو ایف پی) کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ اس تعداد میں وہ مہاجرین بھی شامل ہیں جو حال ہی میں سوڈان میں پہنچے ہیں یا پہلے ہی سے چاڈ میں موجود ہیں۔ یاد رہے کہ ڈبلیو ایف پی اس سے پہلے چاڈ اور سوڈان کی سرحد پر موجود 52,500 سوڈانی مہاجرین کو خوراک اور غذائیت بخش اشیاء فراہم کر چکا ہے۔

اس اضافی امدادی پیکیج کے بعد مالی سال 2023 کے دوران امریکہ کی طرف سے سوڈان اور اس کے چار پڑوسی ممالک کو انسانی بنیادوں پر دی جانے والی امداد کی مجموعی رقم تقریباً 800 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔