امریکہ کے شہر نئی ٹیکنا لوجی کو استعمال میں لاتے ہوئے ٹریفک کی بھیڑ اور آب و ہوا میں تبدیلیوں کے اسباب میں کمی لانا چاہتے ہیں۔ اس مقصد کے حصول کے لیے امریکہ کے ٹرانسپورٹیشن کے محکمے نے ’’سمارٹ سٹی چیلنج‘‘ پروگرام شروع کیا ہے۔ مقامی اختراعات کی حوصلہ افزائی کے لیے اس پروگرام کے تحت 4 کروڑ ڈالر کا انعام مقرر کیا گیا ہے۔
آئیے ہم اس مقابلے میں صاف ستھری توانائی کے حصول کی خاطر کچھ کوششوں کا جائزہ لینےکے لیے اس سال کا انعام جیتنے والے ریاست اوہایو کے شہر، کولمبس سے آغاز کرتے ہیں۔ انعام کی رقم کو استعمال میں لانے کے ساتھ ساتھ شہری انتظامیہ کو توقع ہے کہ مقامی کمپنیاں، مقامی حکومتیں اور غیر منفعتی ادارے اس انعام کے جواب میں اپنی طرف سے 10 کروڑ ڈالر کی اضافی رقم دینے پر متوجہ ہوں گے۔ مقابلے میں فائنل میں پہنچنے والے دوسرے شہر بھی کہیں اور سے فنڈز کے لیے کوشش کرتے ہوئے اپنے تصورات کو عملی جامہ پہنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
کولمبس ، اوہایو
نصب العین: پبلک ٹرانسپورٹ میں اضافہ کرنا، خاص طور پر پسماندہ بستیوں میں رہنے والے لوگوں کے لیے۔
منصوبہ : بجلی سے چلنے والی خود کار شٹل بسیں اورکاریں مہیا کرنا۔ کار میں ایک سے زیادہ مسافروں کے سفر کی حوصلہ افزائی کرنا۔ ایسے ٹرانزٹ کارڈ جاری کرنا جنہیں بغیر کسی بینک اکاؤنٹ یا سمارٹ فون کے سفر کے تمام متبادل وسائل میں استعمال کیا جاسکے۔

سان فرانسسکو
نصب العین: کاربن کے اخراج، آلودگی اور ٹریفک کو کم کرنا۔
منصوبہ: بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے لیے فاسٹ لینز بنا کر الیکٹرک کاروں کے ڈرائیوروں کے لیے پورے شہر میں متبادل راستوں پر سفر کو ممکن بنانا اور سب کمیونٹیوں کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ تک رسائی کو بہتر بنانا۔

آسٹن، ٹیکسس
نصب العین: تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کی مدد کرنے کی خاطر، پبلک ٹرانسپورٹ کے زیادہ سے زیادہ متبادلات فراہم کرنا۔
منصوبہ: شہر کے اطراف میں ٹرانسپورٹ کے ایسے مراکز تعمیر کرنے جہاں سے لوگ آسانی سے بسیں لے سکیں اور گاڑیوں کے لیے پارکنگ لاٹ بنانا۔ دور سے آنے والے مسافروں کو شہر میں لانے کے لیے صاف توانائی سے چلنے والی شٹل بسیں فراہم کرنا۔

پِٹس برگ
نصب العین: سابق صنعتی مرکز کو صاف ستھری توانائی کے مرکزمیں تبدیل کرنا۔
منصوبہ: اندرون شہر فولاد کے ایک کارخانے کوصاف ستھری قابل تجدید توانائی پیدا کرنے والے ایک سٹیشن اور ٹیکنالوجی کے گہوارے میں تبدیل کرنا۔ بجلی سے چلنے والی خود کار گاڑیاں متعارف کرانا۔ بخارات کے اخراج کو کم کرنے کے لیے ٹریفک کے جدید سگنل نصب کرنا اور کم توانائی خرچ کرنے والی سٹریٹ لائٹیں استعمال کرنا۔

ذرائع: امریکہ کا ٹرانسپورٹیشن کا محکمہ، آسٹن کا شہر، کولمبس کا شہر، پٹس برگ کا شہر، سان فرانسسکو کا شہر، شٹرسٹاک