نومنتخب صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کی صدارتی حلف برداری کی تقریب کے موقع پر واشنگٹن میں ریستورانوں کا کاروبار خوب چلے گا  اور بہت سوں کا دوسروں کو اس آمدنی میں شامل کرنے کا منصوبہ بھی ہے۔

ڈی سی میں خدمت کے لیے سب حاضر” نامی ایک پروگرام کے تحت منصوبہ بنایا گیا ہے جس میں شرکت کرنے والے تمام ریستوران، شراب خانے، اور کافی کی دکانیں 20 جنوری کی صدارتی حلف برداری کی تقریب کے اختتام ہفتہ کے دوران حاصل ہونے والے اپنے اپنے منافعوں کا ایک حصہ کمیونٹی کی خدمت کرنے والے مقامی خیراتی اداروں کو بطور عطیہ دیں گے۔

صدارتی حلف برداری کی تقریب کے موقع پرعام طور پر لوگوں کی ایک بڑی تعداد واشنگٹن آتی ہے۔ 20 جنوری کی تقریب  میں آنے والوں نے ہوٹلوں میں اپنے کمرے پہلے  ہی سے بُک کروا لیے ہیں۔ گو کہ یہ اندازہ لگانا مشکل ہے کہ اس تقریب میں کتنے لوگ شریک ہوں گے تاہم صدر اوباما کی پہلی اور دوسری حلف برداری میں بالترتیب 8 اور 18 لاکھ لوگ شریک ہوئے تھے۔ لہذا مقامی ریستوران اور کاروبار اس موقعے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

“ڈی سی میں خدمت کے لیے سب حاضر”کی شریک بانی امینڈا کارپینٹر کہتی ہیں، ” صدارتی حلف برداری کی تقریبات سے نہ صرف مہمانوں کی خدمت کرنے بلکہ اپنی کمیونٹی کی خدمت کرنے کی خاطر سب کو یکجا کرنے کی جگہیں تیار کرنے  سے ہمیں اپنے ملک کے دارالحکومت کی خدمت کرنے کا اہم موقع میسر آتا ہے۔ ہم دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں کہ ڈی سی میں کھانوں کے ذائقے اور ماحول کیسا ہے۔ ہم اپنی وسیع تر کمیونٹی کا خیال رکھتے ہیں۔”

اس پروگرام میں حصہ لینے والے ریستوران؛ تعلیم، سماجی خدمات، بے گھر لوگوں، بھوکوں کو کھانا کھلانے اور صحت کی سہولیات کے شعبوں پر توجہ مرکوز کرنے والے پانچ مقامی خیراتی اداروں میں سے کسی ایک کا انتخاب کرسکتے ہیں۔

“ڈی سی میں خدمت کے لیے سب حاضر” کے عہدیداروں کا کہنا ہے، ” جب ان کے پروگرام میں حصہ لینے والے ریستوران اور دیگر ادارے اپنی کھڑکیوں میں اس پروگرام کا سائن لگائیں گے اور ” لوگ اسے دیکھیں گے تو انہیں پتہ چلے گا  کہ وہ اُن مقامی اداروں کی مدد کر رہے ہیں جو عظیم تر کمیونٹی کی خدمت کا عزم کیے ہوئے ہیں۔”

ابھی تک واشنگٹن کے 25 ریستورانوں نے اس پروگرام میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔