تاریخ میں پہلی بار ایک موجودہ صدر وائٹ ہاؤس میں اپنے ساتھ اپنا ایک ایسا پالتو جانور لے کر آئے ہیں جسے انہوں نے ایک پناہ گاہ سے گود لیا ہے۔
صدر بائیڈن کے میجر بائیڈن نامی پالتو کتے کو صدارتی گھرانے نے “ڈیلویئر ہیومین ایسوسی ایشن” (ڈیلویئر کی انسانی انجمن) سے 2018 میں گود لیا تھا۔ یہ پناہ گاہ صدر کی آبائی ریاست، ڈیلویئر میں واقع ہے۔
اس پناہ گاہ میں جرمن شیفرڈ نسل کے کتوں کے چھ پِلے تھے جن میں میجر بھی شامل تھا۔ ڈیلویئر ہیومین ایسوسی ایشن کے فیس بک پیج کے مطابق میجر کی پرورش کرتے ہوئے بائیڈن خاندان کو بہت مثبت تجربہ ہوا۔ لہذا انہوں نے گود لینے کے عمل کے ذریعے اس کی مالکیت کو باضابطہ بنانے کا فیصلہ کیا۔

میجر، بائیڈن گھرانے میں پہلے سے موجود چیمپ بائیڈن نامی بڑے جرمن شیفرڈ کا ساتھی بن گیا ہے۔ چیمپ کو بائیڈن خاندان نے 2008ء میں تب حاصل کیا تھا جب صدر باراک اوباما نے صدارتی انتخاب جیتا تھا۔
ایک دہائی گزر جانے کے بعد، بائیڈن گھرانے نے ایک نیا پالتو کتا لانے کے لیے تلاش شروع کر دی۔ بائیڈن نے 2020ء میں پریس کو بتایا، “میرے پالتو کتے کے ڈاکٹر نے کہا کہ ‘آپ کے شیفرڈ کی عمر 12 سال ہوگئی ہے۔ یہ سست ہوتا جا رہا ہے۔ اس کے آگے چلنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ایک چھوٹا سا ایک پِلا حاصل کیا جائے۔'”
جانوروں کے ساتھ کیے جانےو الے ظلم کے خاتمے کی امریکی سوسائٹی (اے ایس پی سی اے) کے مطابق، ہر سال 65 لاکھ گھریلو پالتو جانور امریکہ کے پناہ گاہوں کے نظام میں داخل ہوتے ہیں۔ اِن میں سے 33 لاکھ کتے ہوتے ہیں اور 32 لاکھ بلیاں ہوتی ہیں۔
ملک کے اول پالتو جانور ہونے کی حیثیت سے، میجر بائیڈن کے بنیادی فرائض میں وائٹ ہاؤس میں اچھل کود کرنا اور چیمپ کے ساتھ رہنا شامل ہیں۔ اور، یقیناً انسان کا بہترین دوست ہونا بھی شامل ہے — بھلے وہ انسان امریکہ کا صدر ہی کیوں نہ ہو۔