صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کا ماہِ رمضان کا پیغام

ماہِ رمضان میں فلرٹن، کیلی فورنیا میں ایک گھرانے کے افراد افطاری کر رہے ہیں۔ (© AP Images)

صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ نے مسلمانوں کے مقدس مہینے کے آغاز پر تمام مسلمانوں سے “ایک پرمسرت رمضان” کی خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

صدر نے اپنے 26 مئی کے پیغام میں کہا ہے، ” صبح سے لے کر غروب آفتاب تک روزوں کے اس مہینے میں، امریکہ  اور دنیا بھر کے بہت سے مسلمانوں کو خیرات اور غوروفکر کے کاموں سے مقصدیت اور روحانی فیض حاصل ہو گا جس سے ہماری کمیونٹیاں توانا ہوتی ہیں۔”

صدر نے کہا، “بنیادی طور پر رمضان کی روح،  تشدد کو مسترد کرنے کی ہماری مشترکہ ذمہ داری کا شعور، امن کا حصول اور غربت اور جنگ کے ہاتھوں مصائب جھیلنے والے ضرورت مندوں کو دینا ہے۔”

صدر نے اِس ماہ اپنے پہلے غیر ملکی دورے کا آغاز ایک مسلمان ملک، سعودی عرب سے کیا۔ وہ مشرق وسطٰی اور یورپ کا اپنا آٹھ  روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد،27 مئی کو امریکہ واپسی کے لیے روانہ ہوں گے۔

وزیرخارجہ ریکس ٹِلرسن اور اُن کی اہلیہ، رینڈا سینٹ کلیئر نے بھی اسی طرح، دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے “ایک پرامن اور بابرکت رمضان المبارک” کی خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

وزیرخارجہ نے اپنے پیغام میں کہا، “رمضان تعظیم، سخاوت اور خود آگاہی کا مہینہ ہے۔ سب سے اہم، یہ خاندان اور دوستوں کے لیے اکٹھا ہونے اور ضرورتمندوں کو صدقہ دینے کا بیش قیمت وقت ہے۔ یہ وقت ہمیں، ہم آہنگی کی اُن تمام مشترکہ اقدار اور ہمدردی کی یاد دہانی کراتا ہے جنہیں ہم عزیز رکھتے ہیں۔”