عالمی بنیادی ڈھانچوں کو مضبوط بنانے والی ‘بلیو ڈاٹ نیٹ ورک سرٹیفکیشن’

ہموار سطح پر نصب شدہ ہوا سے بجلی پیدا کرنے والے ٹربائن اور نیلا آسمان (© Enel Green Power)
امریکہ کے تعاون سے چلنے والے بنیادی ڈہانچوں کے سرٹیفکیشن کے پروگرام کا مقصد دیرپا پراجیکٹوں کی تیاری کو فروغ دینا ہے۔ اس کی ایک مثال ہوا سے بجلی پیدا کرنے والا برازیل کا لیگووا ڈوس ونٹوس فارم ہے۔ (© Enel Green Power)

برازیل کا ‘لیگووا ڈوس ونٹوس’ کا ہوا سے بجلی پیدا کرنے والا فارم بنانے والی ‘اینل امیریکاس’ نامی کمپنی نے جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کی جس میں کام کرنے والوں کی حفاظت کے لیے سنسر لگائے گئے اور علاقے کے نقشے کے لیے ڈرون کا استعمال کیے گئے۔ جنوبی امریکہ کے اس سب سے بڑے فارم پر ہوا سے بجلی پیدا کرنے والے 230 ٹربائن لگائے گئے ہیں۔ اس کا افتتاح جون 2021 میں ہوا اور اس سے لاکھوں لوگوں کو قابل تجدید ذرائع سے پیدا کی جانے والی بجلی ملی اور روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوئے۔

اینل نے علاقے کے محنت کشوں کے لیے “لوکل لیبر کوالیفکیشن” کے نام سے ایک پروگرام بھی شروع کیا جس میں عورتوں کے لیے الیکٹریشن کا ایک تربیتی کورس بھی شامل ہے۔

ہوا سے بجلی پیدا کرنے والے فارم کی جانچ کا شمار اُن بہت سی جانچوں میں ہوتا ہے جو بلیو ڈاٹ نیٹ ورک کا جائزے کا فریم ورک کرتا ہے۔ بلیو ڈاٹ نیٹ ورک پروگرام کا مقصد بنیادی ڈہانچوں کے معیاری منصوبوں، بالخصوص اہم بنیادی ڈہانچوں کی ضرورت مند ابھرتی ہوئی منڈیوں کے لیے سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔

دنیا بھر میں اربوں لوگ اب بھی سڑکوں اور قابل اعتماد بجلی سے لے کر صاف پانی تک کے بنیادی ڈھانچوں تک رسائی سے محروم ہیں۔ اقتصادی تعاون اور ترقی کی تنظیم [او ای سی ڈی] کے تخمینے کے مطابق پیرس موسمیاتی معاہدے کے اہداف کو پورا کرتے ہوئے عالمی وبا کے بعد معاشی حالات کو بہتر بنانے کی خاطر بنیادی ڈہانچے میں تین کھرب ڈالر سالانہ کی اضافی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔

اس کے برعکس بہت سے بنیادی ڈھانچوں کے منصوبے کامیابی سے ہمکنار نہیں ہو پاتے۔ وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے اکتوبر 2021 میں پیرس میں ہونے والے او ای سی ڈی کے ایک وزارتی اجلاس کو بتایا کہ “ہمیں اس بات کو یقینی بنانے کے لیے مزید کام کرنا ہو گا کہ بنیادی ڈھانچے درست طریقے سے تعمیر کیے جائیں۔ کیونکہ عام طور پر بنیادی ڈہانچے پائیداری، لچک یا آب و ہوا کو ذہن میں رکھ کر نہیں بنائے جاتے اور انہیں اعلیٰ ترین معیاروں پر نہیں پرکھا جاتا اس لیے یہ کم محفوظ اور کم پائیدار ہوتے ہیں۔” معیاری بنیادی ڈھانچے کو یقینی بنانا ہی بلیو ڈاٹ نیٹ ورک کی سرٹیفیکیشن کے عمل کا ہدف ہے۔

 بلیو ڈاٹ سرٹیفکیشن کے بنیادی ڈہانچے کے معیاروں میں منصوبہ بندی، مالیات، تعمیر اور عملیات شامل ہیں (State Dept./S. Wilkinson. Images: © MJgraphics/Shutterstock.com)

بلیو ڈاٹ ہی کیوں؟

بنیادی ڈہانچے کی تیاری کو مزید سستا، پائیدار اور قابل اعتماد بنانے کے لیے امریکہ، آسٹریلیا اور جاپان نے بلیو ڈاٹ نیٹ ورک کے قیام کا اعلان کیا۔ او ای سی ڈی ایک ایسا سرٹیفکیشن پروگرام تیار کر رہی ہے جس کا مقصد عالمی سطح پر جانی جانے والی علامت وضح کرنا ہے۔ یہ علامت کمیونٹیوں کے لیے مفید اور سرمایہ کاری کے لیے نفع بخش ہونے والے منصوبوں کی نشاندہی کرے گی۔

بلیو ڈاٹ کی معیار کی علامت بنیادی ڈھانچے کے ایسے پراجیکٹوں میں سرمایہ کاری کرنے میں کشش پیدا کرے گی جو فنانسنگ اور ترقی کے بہترین طریقوں کو اپناتے ہیں، کمیونٹیوں کو ساتھ لے کر چلتے ہیں اور مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرتے ہیں۔ یہ سرٹیفیکیشن لازمی نہیں بلکہ رضاکارانہ ہے۔ اس میں معیار، شفافیت اور پائیداری کے اعلیٰ معیارات پر پورا اترنے والے ممالک اور ترقیاتی کام کرنے والے ادارے شامل ہو سکتے ہیں۔

سب کو کیسے فائدہ پہنچتا ہے

بلیو ڈاٹ نیٹ ورک کے ساتھ کام کرنے سے بنیادی ڈہانچے کے منصوبوں پر کام کرنے والوں کو معیارات پر پورا اترنے اور وقت اور پیسہ بچانے کے طریقوں پر چلنے میں رہنمائی کی جاتی ہے۔

بلیو ڈاٹ سرٹیفیکیشن سرمایہ کاروں اورحکومتوں کو اس بات کا پتہ دیتی ہے کہ پراجیکٹ اعلیٰ معیار کا ہے اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری یا سرکاری مدد کا اہل ہے۔ معیاری ترقی کے لیے اِن مراعات کا نتیجہ ایسے بہتر پراجیکٹوں کی صورت میں نکلتا ہے جن کی مستقبل میں مرمت کی کم ضرورت پڑتی ہے۔


“ماحولیاتی، سماجی اور اقتصادی طور پر پائیدار معیشتوں کے حصول میں عالمی سطح پر معیاری بنیادی ڈہانچے کا فروغ اولین ترجیح ہونا چاہیے۔” — ماریزیو بیزیکیری، سی ای او اینیل امیریکاس

قابل اعتماد نیٹ ورک کی تعمیر

بلیو ڈاٹ سرٹیفکیشن کے نزدیک لیگووا ڈوس ونٹوس کا شمار اس کے پائلٹ یعنی آزمائشی منصوبوں میں ہوتا ہے۔ اس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ یہ فریم ورک موثر ہو اور اس کا اطلاق پوری دنیا میں ہو سکے۔ اس کے علاوہ دیگر پائلٹ پراجیکٹوں میں استنبول کی یوریشیا سرنگ، مائکروسافٹ کا انڈونیشیا میں ڈیجیٹل رسائی میں اضافہ کرنے والا ماحول دوست ڈیٹا سنٹر، اور برازیل میں لاکھوں لوگوں کو صاف پانے مہیا کرنے والی ‘ایجیا’ نامی کمپنی کا پانی صاف کرنے کا ایک پلانٹ شامل ہیں۔

اینل امیریکاس کے سی ای او، ماریزیو بیزیکیری نے شیئر امریکہ کو بتایا کہ بلیو ڈاٹ میں کمپنی کی شرکت اور او ای سی ڈی کی مدد اینل کے جانچ کے عمل اور لیگووا ڈوس ونٹوس کو صنعت کے معروف معیاروں پر پورا اترنے میں مدد گار ثابت ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “ماحولیاتی، سماجی اور اقتصادی طور پر پائیدار معیشتوں کے حصول میں عالمی سطح پر معیاری بنیادی ڈہانچے کا فروغ اولین ترجیح ہونا چاہیے۔”