امریکہ کی مدد سے تیار کیے جانے والے ایک منصوبے کے تحت 22 ممالک میں لگ بھگ ایک لاکھ عورتوں کی روزگار کے حصول میں کامیابی کے لیے تربیت یا سرمایہ داری کے ذریعے مدد کی جائے گی۔ اس پروگرام میں متعلقہ ممالک کے سرکاری اور نجی شعبے بھی شریک ہوں گے۔
صدارتی مشیر ایوانکا ٹرمپ کی طرف سے شروع کیے گئے وائٹ ہاؤس کے ‘عورتوں کی بین الاقوامی ترقی اور خوشحالی کے ایک منصوبے’ کے تحت تیار کیے جانے والے زیادہ تر پراجیکٹ افریقہ، لاطینی امریکہ، اور جنوب مشرقی ایشیا میں واقع ہیں۔ 22 ممالک میں 14 پراجیکٹوں کے لیے دو کروڑ ستر لاکھ ڈالر کی امداد کی پہلی قسط کا اعلان جولائی کے اوائل میں کیا گیا تھا۔
اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے والے بین الاقوامی ترقی کے امریکی ادارے کے منتظم مارک گرین نے کہا، “ہمیں علم ہے کہ عورتوں پر سرمایہ کاری کرنے سے ایسے ممالک کی تعمیر ہوتی ہے جو مضبوط اور خود انحصار ہوتے ہیں۔”
اس منصوبے کے تحت زیادہ تر عورتوں کو روزگار ڈھونڈنے میں مدد کرنے کے لیے دستکاری کی تعلیم دی جائے گی۔ ایوانکا ٹرمپ نے کہا کہ کاروباری نظامت کاری کے فروغ اور سرمائے، منڈیوں اور کاروباری نیٹ ورکوں تک رسائی بھی اس منصوبے کے انتہائی اہم اجزا ہیں۔ اِن 14 پراجیکٹوں میں سے چند ایک مثالیں ذیل میں دی جا رہی ہیں:
انڈونیشیا

انڈونیشیا میں ‘جادی پینگوساہا منڈیری’ کے ساتھ مل کر چلائے جانے والے اس پروگرام کے تحت مرغبانی کی رسد کے پورے سلسلے میں کام کرنے والی پانچ ہزار عورتوں کی آمدنیوں میں اضافہ ہونے کی توقع ہے۔
آئیوری کوسٹ

توانائی کے شعبے میں کام کرنے والی عورتوں کے دستکاری کے ‘پی آر او-جیونیس نامی پروگرام’ کے تحت ثانوی درجے کی تعلیم سے فارغ ہونے والی 750 نوعمر خواتیں کو شمسی توانائی کی فروخت، تنصیب اور سروس کے شعبوں میں کاروبار کرنے اور شمسی توانائی سے چلنے والے بجلی کے مائکرو گرڈوں میں ملازمتیں اختیار کرنے کے لیے تربیت دی جائے گی۔
برازیل

ٹکنالوجی کے ذریعے عورتوں کی خوشحالی کے پروگرام کے تحت برازیل، چلی، کولمبیا، میکسیکو اور پیرو میں ٹکنیکل شعبوں میں ملازمتوں کے لیے درکار مہارتیں حاصل کرنے کے لیے 8,700 عورتوں کو تربیت دی جائے گی۔
بینین

صنف کی بنیاد پر روا رکھے جانے والے تشدد کا شکار ہونے والی کم از کم 170 عورتوں کو ملازمتوں اور اپنے کاروبار شروع کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ یہ پراجیکٹ “خود انحصاری کی جانب ایک چھوٹا سا سفر: صنفی بنیادوں پر تشدد کا شکار ہونے والوں کی معاشی دھارے میں دوبارہ شمولیت” نامی ایک پروگرام کے تحت مکمل کیے جائے گا۔
وائٹ ہاؤس کے پروگرام کے تحت موجودہ 14 پراجیکٹوں کا ہدف ایک لاکھ عورتوں کی مدد کرنا ہے۔ اس منصوبے کا حتمی ہدف 2025ء تک ترقی پذیر ممالک کی پانچ کروڑ عورتوں کی مدد کرنا ہے۔