عورتوں کی راہ میں حائل اقتصادی رکاوٹوں کو دور کرنا معیشتوں کی ترقی کا باعث

نعل نما میز کے گرد بیٹھے ہوئے لوگ۔ (State Dept./Freddie Everett)
وزیر خارجہ مائیکل آر پومپیو، وائٹ ہاؤس کی مشیر ایوانکا ٹرمپ اور دیگر، 12 فروری کو محکمہ خارجہ میں۔ (State Dept./Freddie Everett)

امید ہے کہ وائٹ ہاؤس کے ایک پروگرام سے سال 2025 تک ترقی پذیر دنیا کی پانچ کروڑ عورتیں مستفید ہوں گیں۔

وائٹ ہاؤس کی مشیر ایوانکا ٹرمپ نے 12 فروری کو عورتوں کی عالمگیر ترقی اور خوشحالی کے پروگرام (ڈبلیو-جی ڈی پی) کی پہلی سالگرہ کے موقع پر کہا، "ہم دنیا کی کروڑوں عورتوں کو با اختیار بنانے پر کام کر سکتے ہیں تاکہ وہ اپنے خاندانوں کو غربت سے باہر نکال سکیں، اپنے ملکوں کی معیشتوں کو ترقی دے سکیں، اور (ہم) عظیم تر امن اور خوشحالی کے وعدے کو پورا کر سکیں۔”

ایوانکا ٹرمپ نے امریکی محکمہ خارجہ میں کہا کہ اپنے آغاز سے لے کر اب تک ڈبلیو-جی ڈی پی تک ایک کروڑٰ 20 لاکھ عورتیں رسائی حاصل کر چکی ہیں اور اس تعداد میں اضافہ ہونے کی امید ہے۔

تصویری خاکہ جس پر ایوانکا ٹرمپ کا خواتین کاروباری نظامت کاروں کو با اختیار بنانے کا بیان تحریر ہے۔ (State Dept./Helen Efrem)

نجی شراکت کے ذریعے اس پروگرام کے تحت کارکنوں کی تربیت اور عورتوں کے لیے کاروباری نظامت کاری کے مواقعوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ یہ پروگرام اُن قانونی اور معاشرتی پابندیوں کے حل بھی نکالتا ہے جو عورتوں کے اپنے ممالک کی معیشتوں میں شرکت کی راہ میں رکاوٹیں بنی ہوئی ہیں۔ اِن رکاوٹوں میں عورتوں کی جائیداد کی ملکیت کا حق اور اُن کاموں اور شعبوں میں کام کرنے کی اہلیت بھی شامل ہے جن میں عام طور پر مرد کام کرتے ہیں۔

وائٹ ہاؤس اور مشیر ایوانکا ٹرمپ کی اعلٰی سطحی کوششوں کے بعد دو ممالک یعنی آئیوری کوسٹ اور مراکش نے گزشتہ برس اُن قوانین میں ترمیم کی جن کے تحت عورتیں جائیداد اور زمین کی مالک نہیں بن سکتی تھیں۔ مگر اب بھی 75 ممالک میں ایسے قوانین موجود ہیں جن کے تحت عورتیں جائیداد کی مالک نہیں بن سکتیں، جائیداد کا نظام نہیں چلا سکتیں یا جائیداد کی وارث نہیں بن سکتیں۔

اِن مسائل سے نمٹنے کے لیے وزیر خارجہ مائیکل آر پومپیو نے اس پروگرام کے لیے خصوصی طور پر محکمہ خارجہ میں عورتوں کے عالمگیر مسائل کی عمومی سفیر، کیلی ای کری کی زیر قیادت ایک یونٹ قائم کیا ہے۔

پومپیو نے کہا، ” ڈبلیو-جی ڈی پی کی ضرورت واضح ہے اور فوری ہے۔ بہت زیادہ رکاوٹوں نے عورتوں کو دنیا کے بے شمار حصوں میں مواقعوں سے دور رکھا ہوا ہے”

مائیک پومپیو کی قریب سے لی گئی تصویر پر عورتوں کی کامیابیوں کے بارے میں چسپاں ان کا بیان۔ (State Dept./Ron Przysucha)