فارم کرافٹ : ای سپورٹس کے ذریعے زراعت کی تعلیم

لوگ ہزاروں سالوں سے کھیتی باڑی کرتے چلے آ رہے ہیں۔ اس کے باوجود آنے والا ہر موسم اپنا ساتھ نئے چیلنج لے کر آتا ہے۔ کسان بیجوں کا انتخاب کرتے ہیں اور مختلف تکنیکیں اپنانے کے فیصلے کرتے ہیں جیسے ہل چلانے یا ہل نہ چلانےکا طریقہ اختیار کرنا ہے، کیڑوں کو ختم کرنے کے لیے اُنہیں پکڑنا ہے  یا کیڑے مار دوائیں استعمال کرنا ہے۔

کسانوں کے انتخاب کے اثرات ان کی فصلوں اور ان کے کھیتوں پر پڑتے ہیں اور خوراک کی سکیورٹی کو فروغ دینے میں مدد کرتے ہیں۔ ان کے انتخاب مقامی حیاتیاتی تنوع، گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج اور زمین کی پائیداری پر بھی اثرانداز ہو سکتے ہیں اور یہ تمام عوامل عالمی موسمیاتی بحران کا موجب بھی بن سکتے ہیں۔

اب کچھ تخلیقی طلبا فارم کرافٹ 2022 نامی ایک ویڈیو گیم کا استعمال کر رہے ہیں جو کہ کسانوں کو درپیش مشکل فیصلوں پر غور کرنے کے لیے مائن کرافٹ ویڈیو گیم پلیٹ فارم پرکیا جانے والا  ایک باہمی تعامل کی ای سپورٹس کا تجربہ ہے۔ یہ تجربہ دنیا بھر کے 50 سے زائد ممالک میں ہزاروں شرکا کو اپنی طرف متوجہ کر رہا ہے۔

اس ای سپورٹس میں شرکا کاشت کاری، خوراک اور ماحولیات کو جوڑنے والے پیچیدہ تعلقات کو دریافت کرتے ہوئے انعامات کے لیے مقابلے کرتے ہیں۔ اس میں شرکت کرنے والی بہت سی ٹیموں کا تعلق امریکہ کے محکمہ خارجہ کے ‘ امریکن سپیس سنٹرز’ کے  600 سے زائد ثقافتی اور معلوماتی مراکز کے ایک نیٹ ورک سے ہے۔  یہ مراکز عام طور پرعوامی لائبریریوں اور تعلیمی اداروں میں ہوتے ہیں اوردنیا کو امریکہ سے جوڑتے ہیں۔

فارم کرافٹ میں طالب علم اپنے فارم کے مقام کا انتخاب پانچ مختلف قسم کے جغرافیائی ماحولوں میں سے کسی ایک ماحول کا انتخاب کرکے کر سکتے ہیں۔ یہ پانچ ماحول معتدل علاقہ، برساتی جنگل، صحرا، جزیرہ اور ٹنڈرا ہیں۔ وہ فصلوں پر سپرے کرنے کے لیے مشینیں یا ہاتھ سے پانی دینے والے ڈبے کے استعمال کا انتخاب بھی کر سکتے ہیں۔

یہ ٹیمیں دنیا بھر میں دوسری ٹیموں کے ساتھ رابطے کر سکتی ہیں اور مل کر کام کر سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ پانی کے استعمال، کیڑوں اور زراعت کی حیاتیاتی ٹیکنالوجی جیسے موضوعات پر ماہرین کے ساتھ لائیو سٹریم کی سرگرمیوں میں بھی شامل ہو سکتی ہیں۔

فارم کرافٹ ایک تفریح بھی ہے۔ مزید جاننے اور کھیلنے کے لیے NASEF Famcraft 2022  [این اے ایس ای ایف فارم کرافٹ 2022] دیکھیے۔

‘ فارم کرافٹ 2022 ‘ میں 8 سے 18 سال کی عمر کے طلبا حصہ لے سکتے ہیں۔ اس کھیل کا باقاعدہ سیزن 30 مارچ سے 6 مئی تک چلتا ہے۔ تاہم اس میں توسیع کا امکان ہوتا ہے۔ مقابلے کے لیے رجسٹریشن 20 اپریل تک کرائی جا سکتی ہے اور اس میں سیزن کے اختتام تک فارم کرافٹ تک رسائی کا مفت لائسنس بھی  شامل ہے۔ طلبا کے ساتھ کوئی  بالغ سپانسر یا کم از کم ایک ٹیم ممبر ایسا ہونا چاہیے جس کی عمر 18 سال ہو۔

 فارم کرافٹ گیم میں کھیتوں کا ایک منظر (North American Scholastic Esports Federation)
فارم کرافٹ گیم کا سکرین شاٹ (North American Scholastic Esports Federation)

فارم کرافٹ کا آغاز2021 میں ہوا اور یہ ‘ نارتھ امریکن سکالسٹک ای سپورٹس فیڈریشن’ اور امریکی محکمہ خارجہ کے زرعی پالیسی کے دفتر اور امریکن سپیسز کے دفتر کا ایک باہمی اشتراک ہے۔

زرعی پالیسی کے دفتر کا مقصد غذائی سکیورٹی میں اضافہ کرنا، کاشت کاری میں خواتین کے کردار کو بڑھانا، موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات کو کم کرنا اور موسمیاتی موافقت کو فروغ دینا ہے۔

محکمہ خارجہ کے زرعی پالیسی کے دفتر کے ایڈم کورنش کہتے ہیں کہ ایک طرف تو فارم کرافٹ کے چوٹی کے کاشت کار انعامات جیتتے ہیں اور دوسرے طرف یہ پروگرام طالب علموں کو بدلتی ہوئی دنیا میں کاشت کاری کے چیلنجوں کے بارے میں آگاہ کرتا ہے۔ اس کے علاوہ اس کھیل سے کسانوں کی ایک نئی نسل کی حوصلہ افزائی بھی ہوتی ہے۔

کورنش نے کہا، “جب لوگ جانتے ہیں کہ کھیتوں میں کیا ہو رہا ہے اور وہ کھانا دراصل ان کی پلیٹ میں کیسے پہنچ رہا ہے تو یہ سب کو فائدہ پہنچاتا ہے،”