
فلپائن میں لمبی، چمکدار رنگ کی دوسری جنگ عظیم کے زمانے کی جیپیں، جنہیں مقامی طور پر جیپنیاں کہا جاتا ہے، عوامی نقل و حمل کا ایک بنیادی ذریعہ ہیں اورفلپائنیوں کو شہروں اور دور دراز کے دیہاتوں کے تک لاتی لے جاتی ہیں۔ اب یو ایس ایڈ کی بدولت یہ جیپیں کووڈ-19 ویکسی نیشن کے کلینکوں کی بھی مدد کر رہی ہیں اور دور دراز علاقوں میں رہنے والی کمیونٹیوں کے لوگوں میں امید پیدا کر رہی ہیں۔
پورے فلپائن میں یو ایس ایڈ نے 11 موبائل ویکسی نیشن ٹیمیں تعینات کی ہیں تاکہ مزید فلپائنیوں کو وہ جہاں کہیں بھی رہتے ہوں کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے ویکسینیں لگائی جا سکیں۔
بہت سے بزرگوں یا معذور افراد کے لیے صرف سرکاری ویکسی نیشن مراکز تک پہنچنا ہی ایک مشکل کام ہوتا ہے۔ کچھ کو کوئزون سٹی جیسے بھیڑ والے علاقوں میں صرف چند کلومیٹر کا سفر کرنے میں دو یا اس سے زیادہ گھنٹے لگ جاتے ہیں۔
یو ایس ایڈ نے موبائل ویکسی نیشن کلینکوں کے عملے کے لیے صحت کی دیکھ بھال کرنے والے مقامی کارکنوں کی خدمات حاصل کیں اور انہیں تربیت دی، نقل و حمل کے لیے جیپیاں فراہم کیں، ذاتی حفاظتی سامان اور دیگر طبی سامان فراہم کیا، ویکسین سے متعلق مواصلاتی مواد پرنٹ کیا اور نقل و حمل میں مدد کی پیشکش کی۔ مقامی حکومتوں کی شراکت سے یہ طبی کارکن موبائل ویکسی نیشن کلینکوں میں ہر مہینے تقریباً 15,000 ویکسین کی خوراکیں تقسیم کرتے ہیں۔

ایبی گیل ڈیو ایک طبی کارکن ہیں اور کوئزون سٹی میں یو ایس ایڈ کے موبائل ویکسینیشن پروگرام میں سکرینر کے طور پر کام کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا، “موبائل ویکسی نیشن پروگرام کے بہت زیادہ مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں کیونکہ یہ پروگرام ویکسینوں کو لوگوں کے لیے زیادہ قابل رسا بناتا ہے۔ ہم نے اِن ویکسی نیشنوں کی وجہ سے کووڈ-19 کا مقابلہ کرنے میں حیرت انگیز پیش رفت کی ہے۔”
ان موبائل ویکسی نیشن کلینکوں کے علاوہ یو ایس ایڈ نے کوئزون سٹی میں کووڈ-19 کے ٹیسٹ کرنے کے لیے چھ گشتی یونٹ بھی قائم کیے ہیں۔ اِن میں مقامی حکومت کی طرف سے کیے جانے والے 20,000 ماہانہ ٹیسٹوں کے علاوہ 6,000 اضافی ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔
کووڈ-19 کے خلاف جنگ میں مقامی حکومت، یو ایس ایڈ اورموقعے پر موجود رضاکاروں کے درمیان یہ دیرپا شراکت داری ڈیو اور اگلی صفوں میں کام کرنے والے دیگر طبی کارکنوں کو پر امید رکھتی ہے۔
ڈیو نے کہا، “ہمارے پاس کووڈ-19 سے لڑنے اور اسے شکست دینے کے لیے یکجہتی ہے، اسے فلپائن میں بیانیہان کہا جاتا ہے، یعنی اس وبا کو ختم کرنے کے لیے مل کر کام کرنا۔”
کوئزون سٹی کی مقامی حکومت کی شراکت سے، ڈیو اور ان کے ساتھی نے صرف ایک دن میں تقریباً 1,100 افراد کو کورونا ویکسین کے ٹیکے لگانے میں مدد کی۔
یہ مضمون ایک مختلف شکل میں “ایکسپوژر” میں شائع ہو چکا ہے۔