ایک ایک اور دو گیارہ کے مصداق امریکہ اور مالٹا منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی مدد کرنے کے منصوبوں کے خلاف لڑنے کے لیے شراکت کاری کر رہے ہیں۔
بحیرہ روم میں واقع ایک آزاد جزیرہ نما ملک، جمہوریہ مالٹا کم و بیش پانچ لاکھ افراد کا وطن ہے اور اس کا شمار یورپی یونین کی تیز ترین رفتار سے ترقی کرنے والی معیشتوں میں ہوتا ہے۔
مالٹا کی خوشحالی کا جزوی تعلق اس کی معاشی تخلیقیت اور مالیاتی منڈی کی جدت طرازیوں سے ہے۔ مگر اس کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی معیشت اسے اُن مجرموں کے ہاتھوں نقصان پہنچائے جانے کے خطرات سے بھی دوچار کرتی ہے جو اس کی جدت طرازیوں کا منی لانڈرنگ اور دھوکہ دہی کے حامل مالی لین دین کے ذریعے فائدہ اٹھانے کی تاک میں لگے رہتے ہیں۔
حال ہی میں مالٹا نے ایسے استحصالوں کے خلاف تحفظات فراہم کرنے کی خاطر اپنے قوانین کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں۔ اِن مشکلات سے نمٹنے کے لیے مالٹا کی حکومت ملک کے نجی شعبے کے ساتھ ساتھ امریکہ کے ساتھ قریبی طور پر مل کر کام کر رہی ہے۔
بلاک چین اور ورچوئل ایسیٹس جیسی ٹکنالوجیوں کو اپناتے ہوئے مالٹا ایک ایسی شفاف معشیت چاہتا ہے جو یورپی مارکیٹ تک رسائی کی کوشش کرنے والے برے کرداروں کے لیے ایک چور دروازے کا کام نہ دے۔ مالٹا اپنے اداروں اور منی لانڈرنگ اور دہشت گردانہ مالی امداد کے جرائم کی علیحدہ علیحدہ مقدمات چلانے کی اہلیت کو مضبوط بنانے پر کام کر رہا ہے۔
مالٹا میں امریکی سفارت خانہ سرحدوں سے ماورا مالی خطرات کے خاتمے اور اقتصادی جرم، منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی امداد کا مقابلہ کرنے کے لیے مالٹا کے ساتھ امریکی تعاون کو مضبوط بنا رہا ہے۔
ستمبر میں سفارت خانے نے مالٹا کے مالی خدمات کے ادارے کے ہمراہ مالی دیانت داری کے دوسرے فورم کی مشترکہ میزبانی کی۔ اس فورم پر نجی شعبے کے لیڈر، مالیاتی ادارے اور مالیاتی ضوابط نافذ کرنے والے سرکاری اہل کار ایک جگہ پر جمع ہوئے۔ انہوں نے ایک دوسرے کے ساتھ معلومات کا تبادلہ کرنے اور مالیاتی نگرانی کو بہتر بنانے کے بہترین طریقوں سے متعلقہ امور کے بارے میں تبادلہ خیالات کیا۔
سفارت خانے نے امریکہ کے اندرونِ ملک ٹیکس کے [وفاقی] محکمے کے “مالیاتی تحقیقات کی تکنیکیں” نامی ایک کورس کے ذریعے تربیت کا بھی بندوبست کیا۔ امریکہ کے محکمہ دفاع کے تعاون سے پڑھائے جانے والے اس کورس میں مندرجہ ذیل امور میں تعاون کے بارے میں پڑھایا گیا:
- منی لانڈرنگ۔
- بنکوں کا ریکارڈ۔
- غیرقانونی آمدن ثابت کرنے کے طریقے۔
- ورچوئل کرنسی۔
بالعموم اس تربیتی کورس سے ٹیکس نہ دینے والوں کو سزا دلانے سمیت مالیاتی نگرانی کو فروغ دیا جاتا ہے۔ اس کے شرکاء کے ہاتھوں میں ایسے وسائل آ جاتے ہیں جس سے اُن کی قانون کی حکمرانی کی اُن کوششوں میں مدد ملتی ہے جن کا مقصد منظم جرم کے خلاف کاروائی کرنا ہوتا ہے۔
This week our colleagues from the Internal Revenue Service are in Malta to deliver training to our Maltese partners focused on financial investigative techniques and inter-agency cooperation. The integrity of our global financial system requires strong partnerships. pic.twitter.com/vbmcZ7cotF
— U.S. Embassy Malta (@usembmalta) September 26, 2019
ٹوئٹر کی عبارت کا خلاصہ:
اس ہفتے [امریکہ کے] اندرون ملک ٹیکس کے محکمے سے تعلق رکھنے والے ہمارے رفقائے کار مالٹا میں موجود ہیں۔ اُن کی یہاں موجودگی کا مقصد ہمارے مالٹا کے شراکت کاروں کو تربیت دینا ہے۔ یہ تربیت تحقیقات کی مالیاتی تکنیکوں اور اداروں کے مابین تعاون پر مرکوز ہے۔ ہمارے عالمی مالیاتی نظام کی ساکھ کے لیے مضبوط شراکت کاریاں درکار ہیں۔
اس کورس کے دوران مالٹا کے مالیات کے وزیر ایڈورڈ سکلونا نے کہا، “ہمیں” منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کو ادائیگیوں کو روکنے کے “چیلنجوں سے نمٹنے کی ضروت ہے۔”