مختلف پیشوں سے تعلق رکھنے والے امریکی صدور

 بائیں تصویر: رونالڈ ریگن ریڈیو آلات کے پاس کرسی پر بیٹھے ہوئے ہیں (© AP Images) درمیانی تصویر: جمی کارٹر اپنے مونگ پھلی کے فارم میں پودے ہاتھ میں لیے ہوئے ہیں (© PhotoQuest/Getty Images) دائیں تصویر: جیرالڈ فورڈ پارک آفس کے سامنے پارک رینجر کی وردی پہنے ہوئے ہیں (Courtesy of the Gerald R. Ford Presidential Library)
بائیں: 1932 – 33 کے لگ بھگ رونالڈ ریگن آئیووا میں ڈبلیو ایچ او ریڈیو کے سپورٹس کاسٹر کے طور پر۔ (© AP Images) وسط میں: جمی کارٹر 1976 میں پلینز، جارجیا میں مونگ پھلی کے اپنے فارم پر۔ (© PhotoQuest/Getty Images) دائیں: جیرالڈ فورڈ 1936 میں ییلو سٹون نیشنل پارک میں رینجر کی وردی میں۔ (Courtesy of the Gerald R. Ford Presidential Library)

امریکہ کے 45 صدور وائٹ ہاؤس پہنچنے سے پہلے مختلف پیشوں میں کام کر چکے تھے۔ بہت سوں نے ایسی ملازمتیں کیں جن کے دوران انہیں اپنے ہموطن امریکیوں کی روزمرہ کی زندگیوں کا مشاہدہ کرنے کا موقع ملا۔

 صدر منتخب ہونے سے قبل امریکی صدور کے بنیادی پیشوں کی خانوں میں بیان کی گئی تعداد (State Dept./S. Gemeny Wilkinson)
(State Dept./S. Gemeny Wilkinson)

تھامس جیفرسن، ابراہم لنکن، فرینکلن روزویلٹ اور جو بائیڈن سمیت، پچیس امریکی صدور کا تعلق وکالت کے پیشے سے تھا۔  بہت سے صدور کو سیاست میں آنے سے پہلے فوجی تجربہ حاصل تھا۔ جارج واشنگٹن، یولیسس ایس گرانٹ اور ڈوائٹ ڈی آئزن ہاور جنرل کے عہدے تک پہنچے۔ لنڈن جانسن اُن بہت سے امریکی صدور میں سے ایک تھے جنہوں نے کانگریس میں خدمات انجام دیں اور بائیڈن سمیت دیگر بہت سوں نے بطور نائب صدر بھی خدمات انجام دیں۔ اس کے علاوہ امریکی صدور کے سابقہ پیشوں میں کپڑوں کے کاروبار (ہیری ٹرومین)، مونگ پھلی کی کاشتکاری (جمی کارٹر)، فلمی اداکاری (رونالڈ ریگن) اور جائیداد کے کاروبار (ڈونلڈ ٹرمپ) کے پیشے شامل تھے۔

 دکان میں کھڑے چار آدمی (© AP Images)
1920 کے لگ بھگ بائیں طرف کھڑے، ہیری ٹرومین کینسس سٹی کے اپنے کپڑوں کے سٹور میں اپنے تین دوستوں کے ہمراہ کھڑے ہیں۔ (© AP Images)

 سرد و گرم چشیدہ صدور

اپنے بنیادی پیشوں سے ہٹ کر کئی امریکی صدور نے غیر معمولی، قلیل مدتی یا جزوقتی دیگر کام بھی کیے۔ جیمز گارفیلڈ، وکیل اور یونین آرمی میں سول وار افسر تھے۔ اس کے علاوہ وہ ڈیسائپل آف کرائسٹ چرچ میں پادری کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیتے رہے۔ ابراہم لنکن نے سیاست میں آنے سے پہلے بطور وکیل اور ریاست ایلانائے کے شہر نیو سیلم میں پوسٹ ماسٹر کے عہدے پر کام کیا۔ یو ایس پوسٹل سروس کے مطابق بعض اوقات لنکن ڈاک کو اپنی ٹوپی میں ڈال کر لے جاتے اور لوگوں کے گھروں تک پہنچاتے تھے۔

صدر کا انتخاب لڑنے سے پہلے، گروور کلیولینڈ نیو یارک کی ایری کاؤنٹی میں شیرف تھے۔ اور کیلون کُولج  لڈلو، ورمونٹ میں کھلونے بنانے والی فیکٹری میں گڑیاؤں کی گاڑیاں بنایا کرتے تھے۔

اوائل عمری میں ذمہ داریاں سنبھالنا

 دیگر دو افراد اور کتے کے ہمراہ جارج واشنگٹن کی مصور کی بنائی ہوئی تصویر (© Archive Photos/Getty Images)
ورجینیا میں زمین کا سروے کرتے ہوئے جارج واشنگٹن کا پورٹریٹ (© Archive Photos/Getty Images)

بہت سے نوجوان امریکیوں کی طرح، امریکی صدور نے بھی مختلف قسم کی پہلی ملازمتیں کیں جو کہ اکثر اُن کے مستقبل کے راستوں کا پتہ نہیں دیتی تھیں۔

ورجینیا میں واشنگٹن کی رہائش گاہ کی دیکھ بھال کرنے والی غیر منفعتی تنظیم، ماؤنٹ ورنن لیڈیز ایسوسی ایشن کے مطابق واشنگٹن نے 17 برس کی عمر میں لینڈ سرویئر کے طور پر کام کرنا شروع کیا۔

1926 میں جب ریگن ثانوی سکول میں پڑھ رہے تھے تو انہوں نے موسم گرما میں ڈکسن، ایلانوائے میں لائف گارڈ کے طور پر ملازمت اختیار کی۔ ان کے سوانح نگار ایڈمنڈ مورس نے 1999 میں 60 منٹس نامی پروگرام میں ایک انٹرویو میں بتایا کہ موسم گرما کے ختم ہونے تک، انہوں نے 77 جانیں بچائیں۔ ریگن نے 1930 کی دہائی میں آئیووا میں ریڈیو پر کھیلوں کے اناؤنسر کے طور پر بھی کام کیا۔

1970 کی دہائی کے وسط کے میں نوعمر باراک اوباما نے ہونولولو میں باسکن-رابنز سٹور پر گاہکوں کو آئس کریم پیش کرنے کا کام شروع کیا اور اپنی تنخواہ کا پہلا چیک وصول کیا۔ 2016 میں شائع ہونے والی لنکڈ اِن کی ایک پوسٹ میں اوباما نے وہ وقت یاد کرتے ہوئے کہا کہ یہ ” کام زیادہ مزے کا نہ تھا” لیکن اس نے انہیں “ذمہ داری”، “محنت” اور “دوستوں، خاندان، سکول اور کام کے درمیان توازن قائم کرنا” سکھایا۔

جیرالڈ فورڈ نے 23 سال کی عمر میں ییلو سٹون نیشنل پارک میں پارک رینجر کے طور پر ملازمت کی۔ نیشنل پارک سروس کے مطابق، فورڈ نے 1936 کا موسم گرما وائیومنگ میں “ٹریفک کو کنٹرول کرتے، کیمپ گراؤنڈز کی نگرانی کرتے اور مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے” گزارا۔

فورڈ نے پارک میں ریچھوں کی ایک بڑی تعداد کی نگرانی میں بھی ہاتھ بٹایا۔ انہوں نے رینجر کی حیثیت سے اپنے تجربے کو “اپنی زندگی کے دلچسپ ترین موسم گرما میں سے ایک موسم ” قرار دیا۔