مستقبل میں چاند پر اترنے والے خلابازوں سے ملیے

آرٹیمس ٹیم کے نئے ارکان یعنی چاند پر جانے والے اگلے  مشنوں کے خلاباز، امریکہ کے تنوع اور یہاں حاصل بے شمار مواقعوں کی عکاسی کرتے ہیں۔ اعلان کردہ کم و بیش 20 خلابازوں میں سے آدھی تعداد کا تعلق خواتین اور مختلف رنگ  و نسل کے افراد سے ہے۔

ناسا نے آرٹیمیس ٹیم کے لیے اپنے 18 ممتاز خلابازوں کے تازہ ترین انتخاب کا اعلان کیا ہے۔ ان سب کا تعلق پہلے سے موجود ناسا کی خلابازوں کی برادری سے ہے۔

نائب صدر پینس نے 9 دسمبر کو قومی خلائی کونسل کے، جس کے وہ چیئرمین ہیں آٹھویں اجلاس میں کہا، “آرٹیمس نسل سے تعلق رکھنے والے مستقبل کی امریکی خلائی تحقیق کے ہیرو ہیں۔”

اس عملے کے ارکان کو وسیع شعبوں پر پھیلے تجربات حاصل ہیں۔ اِن میں نسبتاً نوواردوں سے لے کر تجربہ کار اور ریکارڈ قائم کرنے والے خلاباز شامل ہیں۔

سٹیفنی ولسن 1996 سے ناسا کی خلاباز چلی آ رہی ہیں اور افریقی نژاد امریکی خلابازوں میں خلا میں سب سے زیادہ  وقت گزارنے  والی خلاباز کا ریکارڈ اُن کے پاس ہے۔ کرسٹینا ہیموک کک کسی ایک خلائی پرواز  پر 328 دن گزارنے اور چھ  خلائی چہل قدمیاں کرنے والی پہلی خاتون ہیں۔

 ناسا کے خلاباز جوناتھن کِم تصویر کھچوانے کے لیے کھڑے ہیں (NASA/Bill Ingalls)
8 ستمبر 2020 کو ناسا کے خلاباز، ڈاکٹر جوناتھن کِم ہیوسٹن میں واقع ناسا کے جانسن خلائی مرکز میں۔ (NASA/Bill Ingalls)

اِن میں سے کچھ تارکین وطن کے بچے ہیں۔ ڈاکٹر جوناتھن “جونی” کِم کے والدین 1980 کی دہائی کے اوائل میں جنوبی کوریا سے لاس اینجلس آئے۔ ہائی سکول سے فارغ ہونے کے بعد، کِم امریکی بحریہ میں بھرتی ہوئے اور امریکی افواج کے چوٹی کے دستوں میں شمار ہونے والے دستے، “نیوی سیل” کے رکن بنے۔ 2016 میں کِم نے ہارورڈ یونیورسٹی سے میڈیکل کی ڈگری حاصل کی اور ایک سال بعد ناسا میں شامل ہوگئے۔

این میکلین کا شمار نئے آرٹیمیس خلابازوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے 9 دسمبر کی ایک تقریب میں کہا، “ہم خواب دیکھنے والے ہیں، مگر اس سے بھی بڑھکر ہم کام کرنے والے ہیں۔ دروازے کھلے ہیں ہمارے پیچھے چلے آئیں۔”

چاند کی سطح پر امریکہ کے آخری مشن کو اترے 48 برس بیت چکے ہیں۔ اب ناسا 2024 ء تک، آرٹیمیس خلابازوں کو چاند یا چاند کے مدار میں بھجوانے کی راہ پر گامزن ہے۔

ناسا کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے، آرٹیمیس خلاباز چاند پر بھجوائے جانے والے مشنوں کی تیاری میں ناسا کا ہاتھ بٹائیں گے۔ اگلے سال سے آرٹیمیس ٹیم ناسا کے تجارتی شراکت داروں کے ساتھ انسانوں کے چاند پر اترنے کے نظام تیار کرنے، تربیتی منصوبے بنانے اور تکنیکی آلات بنانے کے لیے مشاورت پر کام کرے گی۔