مشرق وسطٰی اور شمالی افریقہ میں کووِ-ڈ19 کی وباء سے نمٹنے کے لیے امریکی امداد

قریب ہی کھڑی ایمبولینس کے پاس ایک وین جس میں ڈبے پڑے ہوئے ہیں اور اس کا پچھلا دروازہ کھلا ہے۔ (DVIDS/Courtesy Photo)
شمال مشرقی شام میں 27 مارچ کو طبی امدادی سامان لیے کھڑی گاڑیاں، امریکہ اور اتحایوں کی اُن کوششوں کا حصہ ہیں جن کا مقصد جیلوں اور ہسپتالوں میں کووِڈ-19 کی روک تھام کرنا ہے۔ (DVIDS/Courtesy Photo)

امریکہ مشرق وسطی اور شمالی افریقہ میں کووِڈ-19 کا مقابلہ کرنے کے لیے 110 ملین ڈالر سے زائد کی امداد فراہم کر رہا ہے۔ اِن میں دیگر ملکوں کے علاوہ شام، عراق، اردن، لیبیا، لبنان، مراکش کے ممالک اور مغربی کنارے کا علاقہ شامل ہیں۔

اس رقم سے کووِڈ-19 کا کھوج لگانے اور روک تھام کرنے اور لیبارٹریوں کی کارکردگیوں اور مریضوں کے علاج کی سہولتوں کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ امریکہ صاف پانی اور حفظان صحت کے پروگراموں کے لیے انسانی بنیادوں پر کام کرنے والے گروپوں کے ساتھ بھی تعاون کر رہا ہے۔

شام کے لیے امریکی امداد

امریکہ، شام میں کووِڈ-19 کے سلسلے میں 31 ملین ڈالر سے زائد کی رقم فراہم کر رہا ہے۔ شام میں پہلے ہی سے ایک ظالم حکومت کے زیرتسلط مصیبتوں کے شکار عوام کو اب ایک عالمی وباء کا سامنا ہے۔

شام کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی، جیمز جیفری نے 30 مارچ کو ایک بیان میں کہا، “شامی عوام ضرورت مند لوگوں تک انسانی بنیادوں پر امداد پہنچانے اور وائرس کے اثرات کو کم کرنے کے لیے موقع پر موجود ٹیموں کی مدد کرنے میں امریکہ کے اُن کے ساتھ کھڑے ہونے پر بھروسہ کرنا جاری رکھ سکتے ہیں۔”

جیفری نے کہا کہ اگرچہ امریکہ نے بشار الاسد کی حکومت کے خلاف شامی عوام پر ڈھائے جانے والے مسلسل مظالم کی وجہ سے پابندیاں عائد کر رکھی ہیں تاہم اِن پابندیوں کا اطلاق خوراک، دواؤں اور دیگر امدادوں کے عام شامی شہریوں تک پہنچانے پر نہیں ہوتا۔

صحت سے متعلقہ معاملات کی مضبوط تیاری

امریکہ موجودہ بحران کے دوران عراق کو تقریباً 30 ملین ڈالر کی امداد فراہم کر رہا ہے جس میں 19.1 ملین ڈالر کی صحت اور ہنگامی امداد بھی شامل ہے۔ موجودہ امداد گزشتہ 20 برس میں امریکہ کی عراق کو دی جانے والی 70 ارب ڈالر کی اُس امداد کا تسلسل ہے جس میں صحت عامہ کے لیے تقریباً چار ارب ڈالر فراہم کیے گئے۔

اقتصادی، سکیورٹی اور انسانی بنیادوں پر دی جانے والی اچھی خاصی امداد کے علاوہ، امریکہ خصوصی طور پر کووِڈ-19 سے متعلقہ صحت کے حالیہ بحران میں مدد کرنے کے لیے اردن کو تقریباً 8.3 ملین ڈالر کی امداد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تقریباً 12 ملین ڈالر لیبیا کو، 13.3 ملین ڈالر لبنان کو اور 5.7 ملین ڈالر مراکش کو فراہم کر رہا ہے۔

مذکورہ امداد کا مقصد اس وائرس کے کھوج لگانے اور اس کا سامنا کرنے کے بہتر طریقوں کے ذریعے اِن ممالک کی صحت کے مسائل سے نمٹنے کی تیاری کو مضبوط بنانا ہے۔

مراکش میں امریکی سفیر ڈیوڈ فشر نے کہا، “مراکش جیسے دیرینہ شراکت کاروں کے ساتھ مل کر ہم وباؤں کو اِن کے پھوٹنے کے مقامات پر ہی روکنے اور اُن کے اثرات کو کم ترین سطح پر رکھنے کی عالمی استعداد کو بڑہانے پر کام کر رہے ہیں۔”

نجی امریکی تنظیمیں بھی مدد کر رہی ہیں

امریکی کمپنیاں اور خیراتی ادارے بھی مدد کر رہے ہیں۔ اس کی ایک مثال “سپِرٹ آف امیریکا” (امریکی جذبہ) نامی وہ غیرمنفعتی تنظیم ہے جس نے کووِڈ-19 کے سلسے میں کام کرنے والے لبنانی فوجیوں کو حفاظتی طبی سامان مہیا کیا۔ “بِگ ٹیکسس باربی کیو اینڈ ویفل ہاؤس” نامی ریستورانوں کی کمپنی کے سی ای او، ریڈ فورڈ کوکس نے بتایا کہ بحرین میں متاثرہ کمیونٹیوں کے افراد کو سوُپ فراہم کیا گیا۔