مشیل اوباما سامعین لڑکیوں سے خطاب کرتے ہوئے ٹی وی سکرین پر۔ (© AP Images)
لندن میں واقع لڑکیوں کے ملبری سکول سے ویڈیو لِنک سے خاتون اول مشیل اوباما کا دنیا بھر کی لڑکیوں سے خطاب کرنے کا منظر ایک ٹی وی سکرین پر۔ (© AP Images)

خاتون اول مشیل اوباما نے لڑکیوں کا عالمی دن  دنیا بھر میں لڑکیوں کے ساتھ سکائپ کے ذریعے تعلیم حاصل کرنے کی اہمیت کے بارے میں باتیں کر کے منایا۔

خاتون اول نے 11 نومبر کو کہا کہ ” دنیا میں بے شمار لڑکیوں کے برعکس، ہمیں بولنے کی آزادی حاصل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ لڑکیوں کے اس عالمی دن کے موقع پر میں خاص طور پر آپ سے یہ کہہ رہی ہوں کہ آپ لڑکیوں کی ایسی تعلیم حاصل کرنے میں مدد کریں جس کی وہ مستحق ہیں۔”

انہوں نے یہ دن اُن 45 لڑکیوں کے ساتھ بھی منایا جنہیں وہ 2016ء  میں اپنے   لائبیریا اور مراکش کے دورے  کے دوران ملی تھیں۔

خاتون اول نے کہا کہ امریکہ نئی اور جاری کاوشوں اور  لڑکیوں کو تعلیم حاصل کرنے دیں  کے پروگراموں پر50 سے زائد ممالک میں ایک ارب ڈالر خرچ کر رہا ہے۔ انہوں نے اُس منصوبے کے لیے   نجی شعبے کی طرف سے 50 لاکھ ڈالر دیئے جانے کے نئے وعدوں کا اعلان بھی کیا جس کی انہوں نے 2015ء میں شروع کرنے میں مدد کی تھی۔

واشنگٹن میں واقع “نیوزیم” سے ڈیجیٹل گفتگو کرتے ہوئے خاتونِ اول نے کہا، ” یہ ایک ایسا کام ہے جس پر میں اپنی باقی ماندہ زندگی میں کام کرتی رہوں گی اور مجھے اس کے لیے اچھے سپاہیوں کی ضرورت ہے۔” اس گفتگو میں واشنگٹن، اردن، پیرو، تنزانیہ اور برطانیہ کی لڑکیوں نے حصہ لیا۔ اس پروگرام کی سرپرستی”گلیمر” نامی رسالے نے “دا گرل پراجیکٹ”  [لڑکیوں کے لیے اُس منصوبے] کے تحت کی جس کا مقصد دنیا بھر میں 5 کروڑ سے زائد لڑکیوں کی تعلیم حاصل کرنے میں مدد کرنا ہے۔

بعد ازاں اُسی دن خاتونِ اول اور ان کے مہمانوں نے وائٹ ہاؤس میں سی این این کی تیار کردہ نئی فلم،  ہم اُٹھیں گی: دنیا بھر میں لڑکیوں کو تعلیم دلانے کا مشیل اوباما کا مشن دیکھنا تھی۔

“لٹ گرل لرن” [لڑکیوں کو تعلیم حاصل کرنے دیں] نامی پروگرام کے تحت   دنیا بھر سے 6 کروڑ 20 لاکھ  ایسی لڑکیوں کے لیے تعلیم کا بندوبست کرنے پر کام کیا جا رہا ہے جو سکولوں میں نہیں جا پاتیں۔ مشیل اوباما نے ستمبر 2016ء میں نیویارک کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں اکٹھے ہونے والے عالمی رہنماوًں اور اُن کے اہل خانہ کو “لٹ گرل لرن”  پروگرام کے سلسلے میں کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا۔

لیکن یہ مشیل اوباما کا رات گئے برطانوی مزاحیہ اداکار جیمز کورڈن کے ٹیلی ویژن شو میں اُن کے ساتھ مل کر لڑکیوں کی تعلیم کے بارے میں گانا گانا تھا جس نے انٹرنیٹ پر اس پروگرام کو مقبولیت بخشی۔ خاتونِ اول اور کورڈن نے مِس ایلیٹ کے ہمراہ کار میں سواری کرتے ہوئے ” This Is For My Girls ” گانا گایا۔ لڑکیوں کی قوت کا مظہر یہ نغمہ اییلیٹ  اور مشہور فن کاروں کے ایک گروپ نے ریکارڈ کروایا تھا۔ اس نغمے سے حاصل ہونے والی آمدنی لڑکیوں کی تعلیم کے پروگراموں پر خرچ کی جائے گی۔

اس مضمون کی تیاری میں ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں سے استفادہ کیا گیا