مشیل اوباما کی پورٹریٹ پر حیرت زدہ ہونے والی بچی نے دل جیت لیے

Young girl looking at large painting hanging on wall (© Ben Hines)
(© Ben Hines)

دو سالہ پارکر کری کی نظریں سابقہ خاتون اول مشیل اوباما کی ایک نئی پورٹریٹ پر جم کر رہ گئیں۔ نیشنل پورٹریٹ گیلری میں اُس کے اِن استعجابی لمحات نے سوشل میڈیا میں سنسنی کی ایک لہر دوڑا دی ہے۔

جب اس کی ماں، جیسیکا نے اُسے تصویر کے لیے مڑ کر کھڑا ہونے کے لیے کہا تو بھی وہ اُسی جگہ کھڑی رہی۔ 37 سالہ بین ہائنز نامی ایک سیاح کے اس لمحے کو اپنے کیمرے میں محفوظ کرنے کے بعد، پارکر فیس بک کی ایک ہر دلعزیز شخصیت بن گئی۔

لمبے کپڑے پہنے ہوئے مشیل اوباما کے ہلکے نیلے رنگ کے  پس منظر میں بنائی گئی اس پورٹریٹ کے سامنے ادھ کھلے منہ کے ساتھ کھڑی پارکر کی تصویر، دنیا بھر میں مقبولیت پا چکی ہے۔

مشیل اوباما نے کہا جب انہوں نے مصورہ ایمی شیرالڈ کا اپنی پورٹریٹ بنانے کے لیے انتخاب کیا تو اُن کے ذہن میں پارکر جیسی ننھی منی لڑکیاں ہی تھیں۔

12 فروری کو اپنی پورٹریٹ کی نقاب کشائی کے وقت سابقہ خاتون اول نے کہا کہ افریقی نژاد امریکی لڑکیاں “اس عظیم ادارے کی دیوار پر لگی ایک ایسی [خاتون کی] تصویر دیکھیں گی جو ان کی طرح دکھائی دیتی ہے۔ مجھے علم ہے کہ اس سے اُن کی زندگیوں پر کس قسم کا اثر مرتب ہوگا کیونکہ میں بھی انہی کی طرح ایک لڑکی تھی۔”

پارکر اُس شخصیت سے بھی ملی جس کی تصویر نے اسے 6 مارچ کو اتنا زیادہ متاثر کیا۔ اس کے بعد سابقہ خاتون اول نے سوشل میڈیا پر لکھا: “ممکن ہے کہ ایک دن میں فخریہ انداز سے آپ کی پورٹریٹ کو دیکھوں۔”

نوٹ: ٹوئٹر میں دی گئی وڈیو انگریزی میں ہے۔