
کیمیائی ہتھیاروں کے معائنہ کاروں نے بتایا ہے کہ اُن کو شام کے شہر دُوما میں 7 اپریل کو کیے جانے والے حملے میں کلورین کے استعمال کے ثبوت مل گئے ہیں۔ اس حملے میں درجنوں افراد مارے گئے تھے۔
کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کی تنظیم نے 6 جولائی کو جاری کی جانے والی اپنی عبوری رپورٹ میں کہا ہے کہ حقائق تلاش کرنے والی ٹیم کو اپارٹمنٹوں والی ایک عمارت کے تباہ شدہ ڈھانچے سے دھماکہ خیز مواد کی باقیات اور تجارتی گیس کے دو سلنڈر بھی ملے ہیں۔ انہیں اعصابی گیسوں کے استعمال کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔
باغیوں سے دُوما کا دوبارہ قبضہ لینے والی لڑائی کے دوران شامی حکومت نے کیمیائی حملے سے انکار کیا ہے۔ تاہم یہ حملہ حکومت کی وسیع پیمانے پر کی جانے والی مذمت کا باعث بنا اور امریکہ، برطانیہ اور فرانس نے 14 اپریل کو فوجی ٹھکانوں پر میزائل داغے۔