معمولی شروعات سے ایک عالیشان طبی مرکز تک

پھیلتے ہوئے امریکہ کی مغربی سرحد پر کسی دور کی زرعی ریاست منیسوٹا، آج طبی سائنس کی صفِ اول میں شمار ہوتی ہے۔ اپنے مشہورِ زمانہ میو کلینک اور “میڈیکل ایلی” کی موجودگی میں، یہ ریاست طبی اختراع کا ایک عظیم مرکز بن چکی ہے۔ دنیا بھر کے بے شمار افراد کی صحت اور فلاح کو بہتر بنانے کی اس ریاست کی تاریخ معتبر ترین ہے۔

1883ء کے موسم گرما میں آنے والے ایک طوفان نے منیسوٹا کے شہر روچسٹر کو برباد کر کے رکھ  دیا۔ طوفان کے متاثرین کے علاج کے لیے ایک عارضی ہسپتال قائم کرنے کی خاطر، مقامی ڈاکٹر اور مذہبی رہنما اکٹھے ہوئے۔ اس سانحہ کے نتیجے میں پیدا ہونے والی شراکت داری ہی وہ قوت متحرکہ تھی جس سے نکلنے والا نتیجہ، آج میو کلینک کے نام سے جانا جاتا ہے۔

منیسوٹا کے اس چھوٹے سے شہرمیں ایک معمولی آغاز کے بعد، آج میو کلینک  کا شمار دنیا کے سب سے بڑے اور اہم ترین  طبی تحقیقاتی اداروں میں ہوتا ہے۔ آنے والے برسوں میں کارٹیزون نامی انسدادِ سوزش کی دوا کی دریافت کے لیے کی جانے والی نوبیل انعام یافتہ تحقیق سمیت، اس کلینک نے طبی سائنس میں بے شمار پیشرفتوں میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔

امریکی ‘ نیوز اینڈ ورلڈ رپورٹ’ کے مطابق میو کلینک امریکہ کا پہلے نمبر کا ہسپتال ہے اور دل کی بیماریوں اور کینسر کے علاج سمیت اس کا شمار 16 شعبوں میں مخصوص علاج کے لیے چوٹی کے پانچ طبی اداروں میں ہوتا ہے

سربراہانِ مملکت  سے لے کر عام شہریوں تک، دنیا بھر سے لوگ زندگیاں بچانے اور جدید ترین علاج کروانے کی امیدیں لیے میو کلینک آتے ہیں۔

امریکہ بھر میں مختلف مقامات پر اس وقت میو کلینک میں 65,000 سے زائد افراد کام کرتے ہیں۔ میو کلینک طبی تحقیق پر ہر سال 66 کروڑ ڈالر سے زائد خرچ کرتا ہے۔

جدت طراز اور پہل کار

منیسوٹا میں طبی جدت طرازی کی تاریخ  محض میو کلینک تک ہی محدود نہیں بلکہ اس سے بڑھ کر ہے۔ دل کی کھلی سرجری اور اعضا کی پیوندکاری جیسے زندگی بچانے والے سب سے پہلے کامیاب آپریشن کرنے والے ڈاکٹروں کا تعلق منیسوٹا ہی سے تھا۔

(State Dept.)

منیا پولس، سینٹ پال، روچسٹر اور وسطی منیسوٹا کے بہت سے دیگر شہروں پر محیط علاقہ، جو اب’میڈیکل ایلی‘ کے طور پر جانا جاتا ہے، طبی آلات کی صنعت کی ‘جائے پیدائش’ ہے۔  میڈیکل ایلی میں کام کرنے والے منیسوٹا  کے لوگوں نے دل میں لگنے والے پیس میکر، دل کے مصنوعی والو اور آلہِ سماعت سمیت بے شماردیگر اختراعات کو دنیا میں متعارف کرایا ہے۔

میڈیکل ایلی میں آج بھی جدت طرازی جاری و ساری ہے۔ طبی آلات بنانے والی تقریبا 700 کمپنیاں اس علاقے میں کام کر رہی ہیں۔ یہاں کی 17 کمپنیوں کا شمار ‘ فارچون500’ کے نام سے مشہوربڑی بڑی کمپنیوں کے مجموعے میں ہوتا ہے۔ اس علاقے کی کمپنیوں میں 125,000 افراد کام کرتے ہیں اور 2016 میں 50 کروڑ ڈالر سالانہ کی سرمایہ کاری کی گئی۔

یہ علاقہ صحت کی ڈیجیٹل ٹیکنالوجیوں کا دل ہے اور اس میں ایسی کمپنیاں واقع ہیں جو تمام طرح کی طبی خدمات کو بہتر بنا رہی ہیں۔ در حقیقت، 2016ء تک ‘میڈیکل ایلی’ کی پیٹنٹ کی درخواستوں کی تعداد اور مالی امداد کی رقومات فی لاکھ کے حساب سے دنیا بھر میں کسی بھی علاقے کے مقابلے میں زیادہ تھیں۔ اس کے نتیجے میں اس علاقے کو دنیا میں ‘ہیلتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی” کے جدت طرازی کے پہلے نمبر کےمجموعے کا نام دیا گیا ہے۔

یہ مضمون فری لانس مصنف ویسلی تھامسن نے تحریر کیا۔