مقبول ترین فلموں میں دکھائے جانے والے مقامات

بگھی میں بیٹھیں کرسٹن ڈنسٹ کے سامنے سینما کا کیمرہ رکھا ہوا ہے (© Moviestore/Shutterstock.com)
کرنسٹن ڈنسٹ فلم "میری انٹونیٹ" کے سیٹ پر۔ یہ فلم فرانس ورسائی کے محل میں فلمائی گئی۔ (© Moviestore/Shutterstock.com)

بعض مبہوت کر دینے والی فلموں کی عکس بندی دنیا کے اُن مقامات پر ہوئی جو ثقافتی اہمیت کے حامل ہیں اور انسانی صناعی اور قدرتی خوبصورتی کے گواہ ہیں۔ اِس زمرے میں شامل بہت سی فلموں کا تعلق ہالی وڈ سے بھی ہے۔ چاہے یہ آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد کردہ فلمیں ہوں یا دیگر مقبول ترین فلمیں ہوں، یہ سب “خوبصورت پسہائے منظر” دکھانے سے زیادہ ناظرین کے تہذیبوں کے فہم میں وسعت پیدا کرتی ہیں۔

جون چِن شہرِ ممنوعہ میں روائتی لباس پہنے کھڑی ہیں (© Forrest Anderson/Getty Images)
روائتی لباس پہنے جون چِن فلم “دا لاسٹ ایمپرر” میں بیجنگ میں واقع شہرِ ممنوعہ میں (© Forrest Anderson/Getty Images)

1987 میں، عوامی جمہوریہ چین نے فلم سازوں کو بیجنگ کے شہرِ ممنوعہ میں ‘ دا لاسٹ ایمپرر‘ نامی فلم کی شوٹنگ کرنے کی اجازت دی۔ اس فلم نے بہترین تصویر سمیت نو آسکر ایوارڈز جیتے۔ یہ شاہی محل 1406 اور 1420 کے درمیان تعمیر کیا گیا تھا اور 500 سال سے زائد عرصے تک 24 شہنشاہوں کے اقتدار کا مرکز رہا۔


مسجد کے سامنے کھڑے شان کونری اور ڈینیلا بیانکی (© Sunset Boulevard/Corbis/Getty Images)
اداکار شان کونری اور اداکارہ ڈینیلا بیانکی فلم “فرام رشیا ود لو” میں استنبول میں تصویر کھچوانے کے لیے کھڑے ہیں۔ (© Sunset Boulevard/Corbis/Getty Images)

فلم “فرام رشیا ود لو” استنبول کے تاریخی علاقے میں واقع چھٹی صدی کی آیا صوفیہ مسجد کے قریب فلمائی گئی۔ 1963 میں نمائش کے لیے پیش کی جانے والی اس فلم میں جیمز بانڈ اپنی محبوبہ سے اس جگہ ملتے ہیں اور پھر یہ جوڑا جاسوسی کے مشنوں پر شہر کے ہنگامہ خیز چکروں پر نکل جاتا ہے۔


جولی اینڈریوز سمیت سات افراد کا گروپ جس کے پس منظر میں تاریخی شہر دکھائی دے رہا ہے (© RDB/ullstein bild/Getty Images)
“دی ساؤنڈ آف میوزک” میں ساتھی اداکاروں کے ساتھ اداکارہ جولی اینڈریوز درمیان میں بیٹھی ہوئی ہیں اور پس منظر میں آسٹریا کا تاریخی سالزبرگ سنٹر دکھائی دے رہا ہے۔ (© RDB/ullstein bild/Getty Images)

فلم “دی ساؤنڈ آف میوزک” آسٹریا کے شہر سالزبرگ کے تاریخی مرکز میں اور اس کے آس پاس کے علاقے میں فلمائی گئی تھی۔ اس غنائیہ فلم کے کردار ماریا اور وون ٹریپ اور دیگر بچے شہر کے وسطی چوراہے میں گاتے ہیں اور گھومتے پھرتے ہیں، اس کے فوارے کے گرد کھیلتے ہیں اور قریبی پلوں کے آر پار آتے جاتے ہیں۔ اس فلم نے 1965 میں بہترین تصویر کے زمرے اور چار دیگر زمروں میں آسکر ایوارڈ حاصل کیے۔


جین کیلی، فرینک سناٹرا اور جولز منشن مجسمہ آزادی کے سامنے کھڑے ہیں (© M.G.M/Album/Alamy)
فلم “آن دی ٹاؤن” میں مجسمہ آزادی کے سامنے کھڑے، بائیں سے دائیں: جین کیلی، فرینک سناٹرا، جولز منشن۔ (© M.G.M/Album/Alamy)

نیو یارک کا مجسمہ آزادی دوستی اور آزادی کی علامت کے طور پر جانا جاتا ہے۔ آزادی کا یہ مجسمہ فرانس نے 1886 میں  امریکہ کو دیا تھا۔ 1949 میں بننے والی غنائیہ فلم ‘ آن دی ٹاؤن’ بحریہ کے اُن تین ملاحوں کے بارے میں ہے جو ایک رات کی چھٹی پر نیویارک آتے ہیں۔ اس فلم میں جین کیلی اور فرینک سناٹرا نے بھی اداکاری کی اور اسے بہت سے مشہور مقامات پر فلمایا گیا جس میں مجسمہ آزادی بھی شامل ہے۔


تاج محل کے سامنے کھڑے لوگوں کے ہیولے (© R.S. Iyer/AP)
ہر سال بھارت کے شہر آگرہ میں واقع مشہور یادگار تاج محل کو دیکھنے 70 لاکھ لوگ آتے ہیں۔ (© R.S. Iyer/AP)

تاج محل مغل شہنشاہ شاہجہان نے اپنی بیوی کی یاد میں بنوایا تھا اور یہ 1648 میں مکمل ہوا۔ اس کا شمار دنیا کی عظیم ترین تعمیراتی اور فنی کامیابیوں میں ہوتا ہے۔ 2008 میں بننے والی اور آسکر ایوارڈ جیتنے والی فلم “سلم ڈاگ ملین ائر” میں مرکزی کردار ممبئی کے مسلم علاقے کے یتیم، جمال نے ادا کیا۔ اس فلم میں جمال اپنا پیٹ پالنے کے لیے تاج محل کے ایک نقلی ٹور گائیڈ کے طور پر کام کرتے ہیں۔


ورسائی کے باغات میں سے چلتی ہوئیں کرسٹن ڈنسٹ سمیت تین عورتیں (© COLUMBIA PICTURES/Maximum Film/Alamy)
میری انٹونیٹ کے کردار میں کرسٹن ڈنسٹ ورسائی کے باغات میں سے گزرتے ہوئے۔ (© COLUMBIA PICTURES/Maximum Film/Alamy)

فرانس میں ورسائی کا محل لوئی چہار دہم سے لے کر لوئی شش دہم تک تین بادشاہوں کی رہائش گاہ رہا۔ اس میں اِن بادشاہوں کو یورپ کی شاہی رہائش گاہوں کے حساب سے عیش و عشرت کی چوٹی کی سہولتیں حاصل تھیں۔ 2005 میں صوفیہ کوپولا کی فلم “میری انٹونیٹ” کو اس محل کے مختلف مقامات پر اور اس کے باغات میں فلمایا گیا۔ کوپولا کے عملے کو ہفتے میں صرف ایک دن فلم بندی کرنے کی اجازت تھی کیونکہ بقیہ دنوں میں یہ محل میوزیم کے طور پر استعمال ہوتا تھا۔